ایم کیوایم کے خلاف ریاستی سازشی ہتھکنڈے بند کئے جائیں، الطاف حسین
ایم کیوایم کا مشن غریب اور متوسط طبقے، باصلاحیت، باکردار اور ہونہار افراد کو ایوانوں میں پہنچانا ہے
بلواسطہ یا بلاواسطہ، سامنے آکر یا چھپ چھپ کر ایم کیوایم کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں
ایم کیوایم الیکشن سیل کے تمام کارکنوں کو فرداً فرداً خلوص و محبت بھرا زبردست خراج تحسین
ایم کیوایم الیکشن سیل کے ذمہ داران و کارکنان سے گفتگو
لندن ۔۔12اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ سانحہ 31اکتو بر 1986 سانحہ سہراب گوٹھ سے لیکر آج تک بلواسطہ یا بلاواسطہ سازشیں کر کے ایم کیوایم کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ،سازشیں عناصر خود ختم ہوجائیں گے مگر ایم کیوایم کوختم نہیں کیا جاسکے گا ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب ایم کیوایم الیکشن سیل کے ذمہ داران و کارکنان سے گفتگو کر تے ہوئے کہی اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ الیکشن 2013کیلئے پاکستان ہی کیا دنیا کی تاریخ کا مشکل ،نرالہ ،انوکھا، طویل ترین انتہائی پیچید ہ اوربھول بھلیوں والا فارم بنایا گیا اسے بھر نے میں مشکلات تو درپیش تھی کہ ساتھ ہی بجلی ،پانی ،گیس ،ٹیلی فون اور مختلف اقسام کے ٹیکسوں کی تفصیلا ت اور دستاویز ات بھی طلب کی گئیں تھیں ،اسے مقررہ وقت میں مکمل کرنا غریب ومتوسط طبقہ کی جماعت کیلئے انتہائی مشکل بلکہ ناممکن تھا ۔انہوں نے کہا کہ دوسری تمام سیاسی جماعتوں کو یہ فائد ہ حاصل تھا کہ انہوں نے اپنے لوگوں کوپیغام دیا تھا کہ پہلے اپنے فارم جمع اور اسکر وٹنی کلیئر کروائیں اس کے بعد پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست دیں ، انہیں نہ الیکشن سیل کی ضرورت تھی نہ وکلاء او رنہ ہی الیکشن ماہر ین کی ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کا مشن غریب اور متوسط طبقے ،باصلاحیت ،باکرداراورہونہار افراد کو ایوانوں میں پہنچانا ہے اور ہمارے امیدوار وں کے پاس یہ استطا عت نہیں تھی کہ وہ اپنے انتخابی فارم بھرنے ،دیگر سپورٹنگ دستاویزات حاصل کرنے اور اسکر وٹنی کیلئے وکلاء اورماہر ین کی خدمات حاصل کر سکتے ، یہ صورتحال ایم کیویم کیلئے انتہائی مشکل تھی لیکن الیکشن سیل کے ذمہ داروں ، کارکنوں اور معاونین نے اپنے ساتھی وکلاء کی مدد ،جانفشانی ،لگن ، محنت ،نظریا تی لگاؤ کے ساتھ بھر پور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جس پر میں ایم کیوایم الیکشن سیل کے تمام کارکنوں کوفرداًفرداً خلوص ومحبت بھر ا زبر دست خراج تحسین اور شاباش پیش کرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ میں دعویٰ کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت میں یہ اہلیت نہیں ہے کہ وہ اس بھر پورانداز میں کام کرسکے۔جناب الطاف حسین کہا کہ سانحہ پکاقلعہ اور سہراب گوٹھ 31اکتوبر 1986 ء سے لیکر آج تک بلواسطہ یا بلا وسطہ ،سامنے آکر یا چھپ چھپ کر ایم کیوایم کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں کبھی حلقہ بندی کے نام پر کبھی ناجائز اسلحہ کی بازیابی کے نام پر تو کبھی دہشت گردوں کی گرفتاری کے نام پر ریاستی دہشت گردی کی گئی تاکہ ایم کیوایم کو ختم کیا جاسکے ،لیکن ایسا خوا ب دیکھنے والے خود ختم ہوجائیں گے مگر ایم کیوایم کو ختم نہیں کیا جاسکے گا۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کے خلاف ریاستی سازشی ہتھکنڈے بند کئے جائیں کیونکہ یہ ملکی مفاد میں نہیں ہے ایسا عمل ملک کو خدا نخواستہ تباہی کے دوراہے پر لیجا ئے گا ۔آخرمیں جناب الطاف حسین نے الیکشن سیل کے تمام کارکنوں کو انتھک محنت پر زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔