ایم کیوایم شعبہ پی ڈبلیو ڈی (معذور افراد ) کا رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں اجلاس
ہمارا معاشرہ معذور افراد کی وہ پذیرائی نہیں کر سکا جس کے وہ اہل ہیں ،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ایم کیوایم میں شمولیت کے بعد ہمارا خواب پورا ہوگیا ہے اب ہم بھی خود کو معزز شہری محسوس کرتے ہیں ، پی ڈبلیو ڈی
کراچی ۔۔۔9، اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے شعبہ پی ڈبلیو ڈی (معذور افراد ) کا ایک اجلاس گزشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ اجلاس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیر احمد ، پی ڈبلیو ڈی کے عہدیداران و ایڈوائزر نور الدین بھاوانی ، انچارج عدنان سرور ، جوائنٹ انچارجز محمد مبین ، محمد حسین کے علاوہ اراکین کے علاوہ معذور افرادنے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں ذہنی و جسمانی طور پر معذور افراد کی دیکھ بھال اور انہیں معاشرے کا کار آمد حصہ بنانے کیلئے پیش کردہ مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور حکمت عملی ترتیب دی گئی ۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ یہ امر افسوس ناک ہے کہ ہمارا معاشرہ معذور افراد کی وہ پذیرائی نہیں کر سکا جس کے وہ اہل ہیں۔ذہنی و جسمانی طور پر معذور افراد کیلئے آگہی کو پھیلانے کیلئے ایم کیو ایم نے ایسے پروگرام مرتب کئے ہیں جس میں ہر فرد کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ اپنی زندگی کا کچھ وقت معذور افراد کیلئے ضرور نکالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی اپنے فنڈز سے معذور افراد کیلئے ایسے مراکز قائم کرانا چاہئیں جہاں سے یہ پی ڈبلیو ڈیزاپنے سوشل مشاغل کو جاری و ساری رکھ سکیں۔ دریں اثناء اجلاس میں شعبہ پی ڈبلیو ڈی کے عہدیداران نے بتایا کہ ایم کیوایم میں شمولیت کے بعد ہمارا خواب پورا ہوگیا ہے اور اب ہم بھی خود کو ایک معزز شہری محسوس کرتے ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ معذور افراد کی فلاح وبہبود کیلئے عوام میں آگاہی کے پروگرام شروع کئے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ ایم کیوایم کے تحت معذور افراد کیلئے پروگراموں کے انعقاد کا لائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے جو خوش آئند ہے جس کے مطابق ایک سمینار منعقد کیاجائے گا اوردو طرح کے معذور افراد ایک وہ جو ذہنی و جسمانی معذور ہیں دوسرے وہ افراد جو جسمانی لحاظ سے تو مختلف محرومیوں کا شکار ہیں لیکن ذہنی طور پر مستعد اور فعال ہیں ان کی زندگیوں پر توجہ دی جائے گی ۔ اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی کے عہدیداران نے تجویز پیش کی کہ ذہنی و جسمانی افراد کی زندگیوں کو آسان اور بہتر بنانے کیلئے سینٹرز کا قیام عمل میں لایاجائے کیونکہ ایسے معذور افراد جو ذہنی طور پر مستعد اور فعال ہیں انہوں نے اپنے ہنر اور تعلیم سے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔