ایم کیوایم پاکستان بھر کے حقوق سے محروم عوام کو بااختیار بنانا چاہتی ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم میں غریب کارکنوں کو ہاری کسان نہیں سمجھا جاتا بلکہ انہیں عزت دی جاتی ہے
اگر جاگیرداروں نے ایم کیوایم کے غریب کارکنوں کو ظلم کا نشانہ بنایا تو انہیں عوامی غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑے گا
ایم کیوایم کی رکن محترمہ فرخندہ پروین کے شوہر شاہد عالمگیر زیدی کے انتقال پر فاتحہ خوانی
ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر بات چیت
لندن۔۔۔یکم ، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم میں غریب کارکنوں کو ہاری کسان نہیں سمجھا جاتا بلکہ انہیں عزت دی جاتی ہے ۔ انہوں نے پاکستان بالخصوص جنوبی پنجاب کے جاگیرداروں ، وڈیروں اور بے لگام سرمایہ داروں کومخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر انہوں نے ایم کیوایم میں شمولیت اختیارکرنے والے غریب محنت کشوں کو ظلم کا نشانہ بنایا تو انہیں ملک بھر میں عوامی غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بات انہوں نے ملتان میں ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے ذمہ داران اورکارکنان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین نے جنوبی پنجاب کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور عوام کو متحدہ قومی موومنٹ کے عوامی منشور کے اجراء پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کی جدوجہد کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کی عملی خدمت کرنا ہے اور ایم کیوایم پاکستان بھر کے حقوق سے محروم عوام کو بااختیار بناناچاہتی ہے ۔ ایم کیوایم کے مخالفین مجھ پر اورایم کیوایم پر طرح طرح کے الزامات لگاتے رہے لیکن کوئی یہ الزام نہیں لگاسکا کہ الطاف حسین نے اپنے لئے ملک یا بیرون ملک محلات بنائے یا اپنے اوراپنے بہن بھائیوں کے نام زمین الاٹ کرائی ۔میں پاکستان کے مظلوم ومحکوم عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہا ہوں یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے غریب عوام مجھ سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے ذمہ داران وکارکنان سے کہاکہ ایم کیوایم ایک منظم جماعت ہے جس کے نظم وضبط کی دنیا بھر میں مثال دی جاتی ہے لہٰذا تمام کارکنان تنظیمی نظم وضبط کی سختی سے پابندی کریں، غریب کارکنوں کو برابر کا تحریکی ساتھی سمجھیں اور انفرادی مفادات کے بجائے اجتماعی مفادات کے حصول کیلئے جدوجہد کریں۔جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم جنوبی پنجاب کمیٹی کی رکن محترمہ فرخندہ پروین کے شوہراورایم کیوایم سوشل فورم کے نائب صدر شاہدعالمگیر زیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ،مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اوران کے بلنددرجات کیلئے دعائیں بھی کیں۔