پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری کو ’’ہولی ‘‘ کے تہوار پر الطاف حسین کی دلی مبارکباد
لندن:۔۔۔25، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری کو ان کے مذہبی تہوار ’’ہولی ‘‘ کی دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ہولی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہاکہ ہندو برادری کیلئے ہولی خوشی کا تہوار ہے اور ایم کیوایم بلاتفریق رنگ ونسل ، مسلک اورمذہب ہر کسی کے دکھ ، سکھ اور خوشیوں میں شریک رہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ایک دوسرے کے مذہبی تہواروں کا احترام کرکے ہم انسانیت کی نہ صرف عظیم خدمت کرسکتے ہیں بلکہ دنیا کو امن کا گہوراہ بھی بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم مذہبی رواداری پر نہ صرف یقین رکھتی ہے بلکہ اس کے فروغ کیلئے عملی طور پر کوشاں بھی ہے یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم میں ہندو برادری سمیت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے افراد کی بڑی تعداد شامل ہے ۔جناب الطاف حسین نے ہندو برادری سے اپیل کی کہ وہ ہولی کے موقع پر اپنی عبادات میں ملک میں امن وامان کے قیام ، مذہبی رواداری کے فروغ اور ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کریں ۔