اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر پروین رحمان کا قتل بدترین دہشت گردی ہے، الطاف حسین
قتل کی واردات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے
پروین رحمان کے سوگوار لواحقین سے الطاف حسین کا اظہار تعزیت
لندن:۔۔۔13؍مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کراچی کے علاقے عبداللہ کالج کے قریب اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹرمحترمہ پروین رحمان پرمسلح ملزمان کی جانب سے فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورواقعہ کوبدترین دہشت گردی قراردیاہے۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ درندہ سفاک دہشت گرد اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل اورپاکستان خصوصاًسندھ اورکراچی کوغیرمستحکم کرنے کیلئے اہم شخصیات کومسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں اورپروین رحمان کابہیمانہ قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ محترمہ پروین رحمان باصلاحیت ، بہادر اورنفیس خاتون تھی جن کی خدمات کوکسی صورت فراموش نہیں کیاجاسکتا،ان کابہیمانہ قتل بڑاسانحہ ہے جس پرپوری قوم افسردہ ہے۔ جناب الطاف حسین نے پروین رحمان کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ پروین رحمان کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگواران کوصبرجمیل عطافرمائے۔جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم راجہ پرویزاشرف،وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے پرزورمطالبہ کیا کہ اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ ڈائریکٹرمحترمہ پروین رحمان کے بہیمانہ قتل کافی الفورنوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔