پنجاب میں اسلحہ کی فراوانی اور نمائش پر پیش کی جانے والی رپورٹ سیاسی جماعتوں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔سلیم شہزاد
گذشتہ سال صرف پنجاب میں قتل کی پانچ ہزار تراسی (5083 )ہوئی ہیں
پورے ملک کو اسلحہ سے پاک کیا جائے اور اسلحہ رکھنے والوں اور اسے اسمگل کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے
لندن۔۔۔09 مارچ2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سلیم شہزاد نے ایک نجی ٹی وی پر پاکستان کے صوبہ پنجاب میں اسلحہ کی فراوانی اور کھلی نمائش پر پیش کی جانے والی رپورٹ پرکہا ہے کہ یہ رپوٹ سیاسی ومذہبی جماعتوں کے منہ پر طمانچے کے مترادف ہے لہٰذا پنجاب میں اسلحہ کی نمائش اوراستعمال کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے ۔سلیم شہزاد نے مزیدکہاکہ میاں نواز شریف ،پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف اور ان کی حمایتیوں کے علاوہ اور دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کوپنجاب میں غیر قانونی اورجدید اسلحہ کی بھر مار نظر نہیں آتی جس کا استعمال کرتے ہوئے کھلے عام فائرنگ کی جاتی ہے جس سے پنجاب کے غریب عوام کو ڈر اور خوف میں مبتلا کرکے اپنا غلام بنانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔سلیم شہزاد نے مزید کہا کہ ا یک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس صوبہ پنجاب میں صرف قتل کی پانچ ہزار تراسی (5083 )وارداتیں ہوئی ہیں انھوں نے سوال کیا کہ ان قتل کی وارداتوں میں ملوث کتنے قاتل پکڑے گئے ہیں اور کتنوں کو قانوں کے مطابق سزا دی گئی ہے۔سلیم شہزاد نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ چاہتی ہے کہ کہ پورے ملک کو اسلحہ سے پاک کیا جائے اور اسلحہ رکھنے والوں اور اسے اسمگل کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیکر انہیں قرار واقعی سزادی جائے۔