کوئٹہ یکجہتی کونسل کے وائس چیئرمین حاجی عبد القیوم چنگیزی کی سربراہی میں وفد کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات
جناب الطاف حسین واحد لیڈر ہیں جو ہمارے غم میں شریک ہوتے ہیں اور دکھوں کا مداوا کرتے ہیں ، وفد کی رابطہ کمیٹی اراکین سے گفتگو
ملاقات میں سانحہ عباس ٹاؤن کے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی
کراچی ۔۔۔9، مارچ2013ء
کوئٹہ یکجہتی کونسل کے وائس چیئرمین حاجی عبد القیوم چنگیزی کی سربراہی میں مرکزی رہنما آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی علی اوسط اور یکجہتی کونسل کے رکن ابراہیم ہزارہ نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین رضاہارون ، وسیم آفتاب اور یوسف شاہوانی سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین بھی موجود تھے ۔ملاقات میں حاجی عبد القیوم چنگیزی نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کہ جناب الطاف حسین واحد لیڈر ہیں جو ہمارے غم اور دکھ میں شریک ہوتے ہیں، انہیں بانٹتے ہیں اور ہمارے غموں اور دکھوں کا مداوا بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارنہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے قیام کیلئے جناب الطاف حسین کی کاوشیں دوسروں کیلئے قابل تقلید ہیں ، ایسی کاوشیں اور کوششیں کرکے ہی ملک میں پیار ، محبت اور امن کی فضا قائم کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے قیام کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرنے پر جناب الطاف حسین کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا اور انہیں خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین تمام مسالک اور عقائد کے ماننے والوں کا دل سے احترام کرتے ہیںیہی وجہ ہے کہ وہ فرقہ واریت پھیلانے اور مذہبی رواداری کی فضا کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کی نہ صرف کھل کر مذمت کرتے ہیں بلکہ ایسے عناصر کو اسلام اور ملک کا کھلا دشمن تصور کرتے ہیں ۔ ملاقات میں سانحہ عباس ٹاؤن کے شہداء کے بلندر جات اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔