ایم کیوایم کی رابطہ کمٹی کے اراکین کا خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کا دورہ، عباس ٹاؤن سانحہ کے متاثرین کیلئے لگائے گئے امدادی کیمپ کا جائزہ لیا۔
اراکین رابطہ کمیٹی نے امدادی کیمپ میں متاثرین کیلئے امدادی سامان اور عطیات وصول کئے اور عطیات جمع کرانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
کراچی ۔۔۔5، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنو رخالد یونس، جاوید کاظمی ، شاکر علی اور گلفراز خان خٹک نے منگل کے روز خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کا دورہ کیا اور سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کیلئے لگائے گئے امدادی کیمپ میں جمع ہونے والے سامان کا جائزہ لیا ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے امدادی کیمپ پر بیٹھ کر سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کیلئے امداد اور عطیات دینے والے افراد سے امدادی سامان اور عطیات وصول کئے اور ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف رضاکاروں اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے انچارج سے ملاقات کی اور امدادی کیمپ میں جمع ہونے والے امدادی سامان اور عطیات کی تفصیلات معلوم کیں اور انہیں سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے پرقائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔