ایم کیوایم نے سانحہ عباس ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کی شہادتوں پر کل یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا
یوم سوگ کے سلسلے میں ایم کیوایم کی تنظیمی سر گرمیاں معطل رہیں گی ،ایم کیوایم کے دفاتر میں شہداء کے
ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی
کراچی ۔۔۔3، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکوں میں بے گناہ شہریوں کی شہادتوں اور سوگوار لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے کل بروز پیر یوم سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ یوم سوگ کے سلسلے میں ایم کیوایم کی تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے ایم کیوایم کے دفاتر میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی ۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے کارکنان و عوام سے اپیل کی کہ وہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سوگ میں بھر پور حصہ لیں اور ایم کیوایم کے دفاتر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے منعقدکئے جانے والے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات میں بھر پور شرکت کریں ۔
سانحہ عباس ٹاؤن میں شہید ہونے والوں میں ایم کیوایم کے کارکن عامر زیدی اور ایک کارکن کے تین سالہ صاحبزادے اور اہلیہ بھی شامل ہیں
ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان شہر کے مختلف اسپتالوں میں پہنچ گئے ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں
کراچی ۔۔۔3، مارچ 2013ء
عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد میں ایم کیوایم کے کارکنان اور کارکن کی اہلیہ اور صاحبزادے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں یکے بعد دیگرے بم دھماکوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں ، شہید ہونے والوں میں ایم کیوایم گلشن اقبال یونٹ 33-Aکے کارکن عامر زیدی ، سلطان محمد ذیشان عرف (شانی ) کے تین سالہ صاحبزارے حر حیدر اور اہلیہ شہنیلا ذیشان بھی شامل ہیں ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان شہر کے مختلف اسپتالوں میں پہنچ گئے ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔
سانحہ عباس ٹاؤن پر یوم سوگ، ایم کیوایم کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوں گے
مرکزی اجتماع لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بعد نماز ظہر منعقد ہوگا
کراچی ۔۔۔3، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام سانحہ عباس ٹاؤن پر یوم سوگ ، کے شہداء کے ایصال ثواب اور سوگوار لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے 4مارچ بروز پیر کو کراچی سمیت ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوں گے ۔ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوگا جس میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی ۔