قائد تحریک جناب الطاف حسین کی رہنمائی میں پاکستان کی ہر گلی ، محلہ تک جمہوریت کے ثمرات پہنچائیں گے آنے والے انتخابات میں اگر اللہ نے چاہا تو پاکستان بھر سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی۔۔۔2مارچ2013ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ آئندہ الیکشن کے بعد جو سحرطلوع ہو گی وہ ملک کے غریب و متوسط طبقے کے عوام کے حقوق کی ضامن ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اقتدار ملا تو پاکستان کی ہر گلی ، محلہ اور ایک ایک گھر تک جمہوریت کے ثمرات پہنچائیں گے ، انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ جو جیتا وہ وزیر جو ہارا وہ مشیر جو باقی رہ گئے سب سفیر اور پاکستانی عوام فقیر کے فقیر ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز قومی اسمبلی کے حلقہ 249میں حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستاراوررکن سندھ اسمبلی حلقہ 111طاہر قریشی ا کے فنڈسے عثمان آباد، دھوبی گھاٹ،بادشاہی روڈ، میجر عبدالرحمان روڈ، گارڈن اور پاکستان کوارٹرمیں مکمل ہونیوالے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔افتتاحی تقریب میں ماؤں،بہنوں،بزرگوں اورنوجوانوں نے بہت بڑی تعدادمیں شرکت کی۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی طاہر قریشی کے علاوہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی و ارکان تنظیمی کمیٹی، چےئر مین آل کراچی تاجر اتحادعتیق میر،جمیل پراچہ،محمد شرجیل گوپلانی ، شیخ محمد ارشاد،انصار بیگ اورعلاقائی سیکٹرویونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران وکارکنان بھی موجودتھے ۔رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستارنے اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان سے جاگیرداروں اوروڈیروں کی موروثی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا،ملک کے عوام کے درمیان زبان کی بنیاد پرکوئی لڑائی نہیں یہ وڈیرے جاگیردار اپنے مفادات کے حصول کے لئے بھائی کو بھائی سے لڑانے کی ساز شیں کر تے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے سیوریج اور ابلتے ہوئے گٹروں کو خود صاف کیا ہے اسی طرح ہم ملک کی سیاست سے گندگی کا صفایا کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے آئندہ انتخابات میں اللہ نے چاہا توپاکستان بھر سے کامیابی حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا نظام ہی پاکستان کا مستقبل ہے اس نظام کے ذریعہ ہی پاکستان کے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کی جا سکتی ہے۔ مقامی حکومتوں کا نظام ہی جمہوریت کی نرسری ہے جہاں سے جمہوریت کے تناور درخت کی چھاوءں قوم کو میسر ہوگی۔ اجتماع کے شرکاء سے رکن سندھ اسمبلی طاہر قریشی ، انچارج تنظیمی کمیٹی حماد صدیقی کے علاوہ معروف تاجر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اجتماع کے شرکاء نے ایم کیوایم کی عوامی رابطہ مہم کا زبردست خیر مقدم کیا اور حق پرست اراکین اسمبلی کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔