Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی…… فکرانگیز لیکچر ……نمبر(2)


 اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی……  فکرانگیز لیکچر ……نمبر(2)
 Posted on: 11/15/2026

اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی……  فکرانگیز لیکچر ……نمبر(2)
 (Three Pronged Strategy of Establishment)

جیساکہ گزشتہ نشست میں بتایاگیاتھاکہ اسٹیبلشمنٹ کی  ”سہ جہتی حکمت عملی“ تین بنیادی اجزاء یاتین جہتوں پر مشتمل ہوتی ہے جنہیں آئسولیشن (Isolation) کرمنلائزیشن (Criminalisation) اور ڈی مورا لائزیشن (Demoralisation) کہا جاتا ہے۔

ملکی اوربین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کا طریقہ واردات:
نظریاتی تحریکوں میں شامل افرادخصوصاًنوجوان نسل کے طلباء وطالبات بالخصوص Gen Z اور Millennials کیلئے یہ جاننا اشد ضروری ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کسی ملک کی ہو یا بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ ہو، جب وہ کسی ملک یا کسی ملک کی جماعت، کسی تحریک یا گروہ کو نشانہ بنانا چاہتی ہے تو اس کیلئے کیا کیا ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کاطریقہ واردات کیا ہوتا ہے اورایسی صورت میں تحریک کوکیسے زندہ رکھاجاسکتا ہے یاجاری رکھا جاسکتا ہے۔ کسی بھی ملک میں نظام کی تبدیلی اور عوام کے حقوق کیلئے جب مختلف تحریکیں جنم لیتی ہیں تو اسٹیبلشمنٹ ان نظریاتی تحریکوں کو کوکچلنے، انہیں دبانے اورکمزورکرنے کیلئے ظلم وستم، جبروتشدد، دھونس دھمکی اور لالچ سمیت ہرقسم کے ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے اسی طرح بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ بھی جب کسی ملک کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے تو دنیا کے 200 ممالک کو کٹھ پتلیوں کی طرح اپنی انگلیوں پرنچاتی ہے۔
حقوق کی جدوجہد کرنے والی تحریک کا اپنے ملک اورعوام کے لئے ایک مشن، مقصد، کاز، آئیڈیالوجی اورمفصل پیغام ہوتا ہے اورتحریکیں اپنے ان مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد کرتی ہیں، اس جدوجہد کی راہ میں طرح طرح کی مشکلات، پریشانیاں اوررکاوٹیں آتی ہیں، تحریکوں میں شامل افراد کو جانی ومالی قربانیاں دینی پڑتی ہیں، روپوشی، دربدری اور جلاوطنی کی زندگی بھی گزارنی پڑتی ہے۔ 
کسی نہ کسی سیاسی فلاسفی اورآئیڈیالوجی کو فالو کرنے والے نظریاتی کارکنان کو سمجھنا چاہیے کہ تحریکی جدوجہد کیا ہوتی ہے؟ کیوں ہوتی ہے؟ ان کے خلاف حکومتی سطح پر ایکشن کیوں ہوتاہے؟ تحریکی کارکنان کے گھروں پرچھاپے گرفتاریوں کاسلسلہ کیوں جاری رہتا ہے اورمستقل چھاپے گرفتاریوں اورزندگی کے تحفظ کیلئے تحریکی کارکنوں کو بیرون ملک جلاوطن ہونے پر کیوں مجبور ہونا پڑتا ہے؟
یہ ایک کلیہ اورفارمولا ہے اگرکسی ملک میں کوئی قوم یا گروہ اپنے غصب شدہ حقوق کے حصول کیلئے تحریک کا آغاز کرتے ہیں تو اس تحریک کوکچلنے کیلئے اس ملک کی اسٹیبلشمنٹ اوراس کے معاون ومددگار انٹیلی جنس ایجنسیاں اوربیوروکریسی اس تحریک کی آواز کو دبانے کیلئے ہرطرح کے حربے استعمال کرتی ہے، ان تحریکوں کو صرف چھاپوں گرفتاریوں، جھوٹے مقدمات، ظلم وبربریت، جبروتشدد کاعمل ہی نہیں بھگتنا پڑتا بلکہ انہیں خریدوفروخت اور غداری کے عمل سے بھی گزرناپڑتا ہے حتیٰ کہ ماورائے عدالت قتل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
کسی بھی ملک کی اسٹیبلشمنٹ اور اس سے منسلک طاقتیں حقوق کی تحریک میں شامل افراد کو جھوٹے مقدمات بنا کر اورڈرا دھمکا کر اپنے ساتھ ملا لیتی ہیں پھر ان تحریکی کارکنوں کو تحریک کے نظریئے اورمقاصد سے توڑ کراپنی ہی تحریک کے خلاف استعمال بھی کرتی ہیں۔ جب اسٹیبلشمنٹ کسی تحریک یا جدوجہد کو ختم کرنے کیلئے عوام کوجبروتشدد سے خوف زدہ کرکے یاخرید کراپنے ساتھ ملالیتی ہے اورانہیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہے تو پھر انہیں اپنے ہی لوگوں کے خلاف Licence to loot, plunder and kill یعنی لوٹ ماراورقتل وغارتگری کا کھلا لائسنس بھی دیتی ہے۔دنیا میں ہرجگہ اسٹیبلشمنٹ کا یہی طریقہ واردات رہا ہے۔ 

غزہ، فلسطین اورانٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کاکردار
 اگرہم انٹرنیشنل اسٹیلشمنٹ کا طریقہ واردات کوسمجھنے کے لئے غزہ،حماس اور اسرائیل کے تنازعے کی مثال دیکھیں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ7، اکتوبر2023ء کو حماس اور اسرائیل کے تنازعے سے خطے میں ایک ایسی جنگی صورتحال پیدا ہوگئی جس کاآج تک سامنا ہے۔ اسرائیل کو دنیا کی سپرپاورز امریکہ اور مغربی ممالک کی مکمل حمایت حاصل تھی اورآج تک ہے۔ اگر اس تنازعے کو مذہبی زاویئے سے دیکھیں تو ایک طرف یہودی اورعیسائی طاقت یکجا ہے اور دوسری طرف فلسطینی عوام ہیں۔ اسرائیل کو عالمی طاقتوں امریکہ، برطانیہ اورمغربی ممالک کی مکمل حمایت حاصل تھی اوراب بھی ہے۔ فلسطینی عوام اپنی سر زمین پر سالہاسال سے رہتے چلے آرہے تھے، فلسطینیوں کی اکثریت مسلمانوں پرمشتمل ہے، انہیں جبروتشدد اورغنڈہ گردی کا نشانہ بنایا گیا اورطاقت کے ذریعے ان کی زمین سے محروم کیا گیا۔ اس ظلم وستم اورناانصافیوں کے عمل پر ملت اسلامیہ یادنیا کے50 سے زائدمسلم ممالک نے اپنے کلمہ گو اورہم مذہب فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کی کھلی غنڈہ گردی روکنے کیلئے کیا کیا؟ کیاان مسلم ممالک نے فلسطینی عوام کی مدد کی؟ دیکھنے میں تویہ آیاکہ مسلم ممالک نے فلسطینی عوام کاساتھ دینے کے بجائے ان کے قتل عام اوران پر ڈھائے جانے والے مظالم پرنہ صرف مجرمانہ خاموشی اختیار کی بلکہ درپردہ امریکہ، برطانیہ، مغربی ممالک اوراسرائیل کو یہ یقین بھی دلایا کہ ہم فلسطینی عوام کی کوئی عملی حمایت نہیں کریں گے،البتہ اپنے عوام کی تسلی کے لئے اقوام متحدہ جیسے فورم پر محض خانہ پری تو کریں گے لیکن فلسطینی عوام کیلئے نہ تو کوئی مؤثر آواز اٹھائیں گے اورنہ ہی فلسطینیوں کے حق میں عملی طورپر کچھ کریں گے۔ نتیجہ یہ ہے کہ فلسطینی عوام آج بھی یک و تنہا ہیں، غزہ مکمل طورپر تباہ ہوچکاہے اوروہاں آج بھی اسرائیل کی جانب سے حملے ہورہے ہیں۔  

پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی
جیساکہ ہم بتاچکے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ جب بھی کسی تحریک یاسیاسی جماعت کوکچلنا چاہتی ہے، انہیں کمزور کرنا چاہتی ہے تووہ اپنی سہ جہتی حکمت عملی کے تحت پہلے توآئسولیشن کے طریقے پرعمل کر تی ہے یعنی اس تحریک یاسیاسی جماعت کودوسری جماعتوں یا کمیونٹیز سے کاٹ دو، اسے تنہا کردواورایساماحول پیدا کردو کہ کوئی بھی اس کی حمایت میں سامنے نہ آئے۔ پاکستان میں یہی پالیسی ایم کیوایم کے خلاف اختیار کی گئی کہ اسے تمام سیاسی جماعتوں اور تنظیموں سے کاٹ دیا گیا۔ جب تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تواس کے خلاف بھی یہی حکمت عملی اختیارکی گئی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جمہوریت اورانسانی حقوق کی دعویدارکسی بھی سیاسی جماعت نے تحریک انصاف کے خلاف کئے گئے کریک ڈاؤن پر آواز احتجاج بلند نہیں کی سوائے الطاف حسین کی ایم کیوایم کے۔ 

اسٹیبلشمنٹ کی کرمنلائزیشن پالیسی اور ایم کیوایم 
جب کسی بھی نظریاتی تحریک کوکچلنا ہوتواسٹیبلشمنٹ اپنی سہ جہتی حکمت عملی کے تحت پہلے اسے آئسو لیٹ کرتی ہے اور پھراپنی کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت اسے عوام کے سامنے سیاسی تحریک کے بجائے مجرم، ظالم وجابر، دہشت گرد بنا کرپیش کرتی ہے تاکہ جب اس کے خلاف کارروائی کی جائے توعوام اس ریاستی کارروائی کی حمایت کریں اوراس کارروائی کو جائزقراردیں۔ ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کیا گیا اوراس کے کارکنوں کودہشت گرد قراردیکران کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا تو ملک خصوصاًپنجاب اورخیبرپختونخوا کے عوام نے ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر خوشی کا اظہار کیا، اس کی حمایت کی۔ آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوااورکشمیر کے لوگ ایم کیوایم سے انہی من گھڑت اورزہریلے الزامات پر مبنی سوالات کرتے ہیں جواسٹیبلشمنٹ نے لگائے تھے تاکہ ایم کیوایم کوملک بھرکی تمام قوموں سے کاٹ دیا جائے۔ جیساکہ مشرقی پاکستان کے کلمہ گو بنگالی عوام کواپنا حق مانگنے پر ملک دشمن قراردیا گیا اورجب بنگالیوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا گیا اوران کا قتل عام کیا گیاتوموجودہ پاکستان کے عوام نے اس قتل عام کی حمایت کی۔ 

اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی اورتحریک انصاف
اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی کے حوالے سے ہمارے سامنے پاکستان تحریک انصاف کی تازہ مثال موجود ہے کہ جب اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کوکچلنے کا فیصلہ کیا تواس کے خلاف بھی یہی پالیسی اختیار کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان صاحب اور انکے قریبی رفقاء کوگزشتہ ساڑھے تین برسوں سے جھوٹے اورمن گھڑت کیسوں میں ملوث کرکے جیلوں میں ٹھونس دیا گیا ہے۔جس طرح ایم کیوایم کوتوڑنے کے لئے حقیقی، پی ایس پی اورایم کیوایم پی بنائی گئی اسی طرح تحریک انصاف کے ٹکڑے کئے گئے، اس کے لوگوں کو خریدا گیا۔ 8فروری 2024ء کے انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کوروکنے کے لئے اس کا انتخابی نشان چھینا گیا اورتحریک انصاف کے ایسے ہی لوگوں کواسمبلیوں میں کامیاب ہونے دیا گیاجواسٹیبلشمنٹ کی پالیسی کی حمایت کر تے تھے۔یہی وجہ تھی کہ جب بھی عمران خان سے ملاقات کے لئے ان کی بہنیں اڈیالہ جیل جاتیں اور ارکان اسمبلی سے وہاں پہنچنے کی اپیلیں کرتیں توپی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی وہاں نہیں پہنچتے تھے۔ 
آج بھی پاکستان میں صرف دو سیاسی جماعتوں کو جلسے جلوس کرنے کی آزادی نہیں ہے، ایک الطاف حسین کی ایم کیوایم ہے اوردوسری عمران خان کی تحریک انصاف ہے۔9 مئی کے تمام واقعات کے الزامات عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر لگادیے گئے، کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت آج تحریک انصاف پر بھی طرح طرح کے الزامات لگائے جارہے ہیں،اسے بھی ملک دشمن، دہشت گرد، بھتہ خور، اسرائیلی ایجنٹ، انڈین ایجنٹ اوراسی طرح کے دیگر ناموں سے نوازا جارہاہے۔ پی ٹی آئی کے لوگوں کی بھی گرفتاریاں کی گئیں، جن کارکنوں نے بیرون ملک جاکر پناہ لی اوروہاں احتجاجی مظاہرے کئے، پاکستان میں ان کے گھروں پر چھاپے مارکران کے بھائیوں اوررشتہ داروں کوگرفتارکیا گیا۔ 
اسی طرح دوسری مثال پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی ہے، کشمیری عوام کے حقوق کیلئے عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نام سے ایک تحریک شروع کی توان کوطاقت سے کچلا جارہا ہے، سہ جہتی حکمت عملی کے تحت ان کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں، کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت کشمیریوں کوبھی انڈین ایجنٹ اورملک دشمن قرار دیا جارہا ہے۔ دنیابھرمیں اسٹیبلشمنٹ یہی ہتھکنڈے اختیار کرتی ہے۔نظام کی تبدیلی اورحقوق کی جدوجہد کرنے والی تحریکوں کے کارکنوں اورنئی نسل کوانہیں سمجھنا ہوگا۔ 

الطاف حسین
ٹک ٹاک پر 495 ویں فکری نشست سے خطاب
14، نومبر2026ء




11/15/2026 3:50:19 PM