خداراہوش کے ناخن لیجئے، بلوچستان، خیبرپختونخوا ا ورکراچی سمیت ملک بھرمیں جاری آپریشن آپریشن بند کیجئے ، طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات کیجئےالطاف حسین
…………………………………………
پاکستان میں ان دنوں جوسنگین حالات ہیں اس کے پیش نظر ریاست جھٹکے کھارہی ہے، حالات دن بدن سنگین سے سنگین ترہوتے جارہے ہیں، لہٰذا میں ریاست کوٹوٹنے سے بچانے کے لئے عیدالفطر کا واسطہ دیکر صدر، وزیراعظم اور تمام بااختیاراداروں سے پاکستان کے نام پر اپیل کرتاہوں کہ ملک میں ہرقسم کا آپریشن فی الفوربند کردیں۔ اگرضد اورہٹ دھرمی کامظاہرہ کیاجاتارہا اورطاقت کااستعمال کیاجاتا رہا تو اس کے نتائج ملک کے لئے کسی بھی طرح مثبت نہیں ہوں گے۔ لہٰذا میں صدراوروزیراعظم کے ساتھ ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرصاحب، تمام کورکمانڈرز اورآپریشنل کمانڈرصاحبان سے اپیل کرتاہوں کہ خداراہوش کے ناخن لیجئے، بلوچستان، خیبرپختونخواا ورکراچی سمیت ملک بھرمیں جاری آپریشن آپریشن بند کیجئے، معاملات کوڈیل کرنے کے لئے طاقت کے بجائے مذاکرات کیجئے، عمران خان سے مذاکرات کیجئے، الطاف حسین کی ایم کیوایم سے کیجئے، بلوچستان نیشنل پارٹی سے کیجئے، ان کے سربراہ اوربلوچ رہنما سردار اخترمینگل سے کیجئے جوآج بھی بلوچ ہیومن رائسٹ ایکٹوسٹ ماہ رنگ بلوچ، سمی دین بلوچ اوربیبوبلوچ سمیت دیگرتمام خواتین اوربلوچ نوجوانوں اوربزرگوں کی رہائی پر اپنا دھرناختم کرنے کے لئے تیارہیں۔
میں پاکستان کے تمام بااختیاراداروں سے مسلسل اپیل کررہاہوں کہ خدارا گولہ بارود اوربندوق کا استعمال بند کریں، مذاکرات کاراستہ اختیارکریں اورپاکستان کوبچالیں۔ جنگوں کے بعد بھی بالآخر مذاکرات ہی کرناپڑتے ہیں، جنگ عظیم اول اورجنگ عظیم دوم کے بعد بھی ٹیبل پر معاملے طے ہوئے، امریکہ نے بھی افغانستان میں برسوں کی جنگ کے بعد بالآخر مذاکرات کئے، آپ بھی اپنے ہم وطنوں کے خلاف گولہ باروداستعمال کرنے کے بجائے مذاکرات کیجئے، بات چیت کیجئے، پاکستان کوبچالیجئے۔ میں آج بہت دکھی ہوں، میں سویلین کے ساتھ ساتھ مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے پولیس، رینجرز، ایف سی،فوج اوردیگرسیکوریٹی فورسز کے اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابرکاشریک ہوں۔
الطاف حسین
231ویں فکری نشست سے خطاب
29مارچ 2025ئ