Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

(انسانیت کے دشمن( تحریر:۔ قاسم علی رضاؔ

 Posted on: 11/10/2013   Views:2073
انسانیت کے دشمن تحریر:۔ قاسم علی رضاؔ  ہمارے حکمراں اورسیاسی ومذہبی رہنما عجیب لوگ ہیں، جانتے ہیں کہ ہم جن سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں وہ سرے سے مذاکرات کے حامی ہی نہیں ہیں، وہ آئین پاکستان کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، جمہوریت کوکفر سمجھتے ہیں اور اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی سرزمین پاکستان میں ایسے خودساختہ اسلامی نظام کے حامی ہیں جو قرآن مجید کے ذریعہ ملنے والے احکام خداوندی،احادیث مبارکہ، نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی ؐ کے اسوہ حسنہ، خلفائے راشدینؓ ،صحابہ کرامؓ کے طرززندگی اور اہل بیت کی تعلیمات کے منافی ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ لااکراہ فی الدین یعنی دین میں کوئی جبرنہیں جبکہ مذہب کی آڑ لینے والے ظلم وستم، جبرواستبداد اور دہشت گردی کے ذریعہ اپنے عقائد مسلمانوں اور غیرمسلموں پر مسلط کرناچاہتے ہیں، دین اسلام میں انتہاء پسندی سے باز رہنے اور اعتدال پسندی سے کام لینے کا درس دیا گیا ہے لیکن یہ عناصر مذہبی جنونیت اور مذہبی انتہاء پسندی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ دین اسلام میں ایک بھی بے گناہ انسان کے قتل کو انسانیت کاقتل قراردیا گیا ہے، مساجد سمیت تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اورغیرمسلموں کی جان ومال کے احترام کا درس دیا گیا، جنگ کے دوران بھی بوڑھوں ،خواتین اور بچوں کوامان کا درس دیا گیا جبکہ اسلام کا نام لینے والوں کے شر سے مساجد ، امام بارگاہوں، بزرگان دین کے مزارات، بچوں اور بچیوں کے اسکولوں ،بازاروں اورفوجی تنصیبات پر بم دھماکوں میں ہرجنس اور عمر کے افراد شہید ہوچکے ہیں۔محسن انسانیت سرکاردوعالم ؐ نے علم حاصل کرناعورت اور مرد پر لازم قراردیا ہے لیکن یہ عناصر بچوں اور بچیوں کے اسکولوں کو بم دھماکوں سے راکھ کا ڈھیر بنارہے ہیں اور ان عناصر کی دہشت گردی سے معصوم طالبات تک غیرمحفوظ ہیں۔ہم جن کو راہ راست پر لانے کی سعی لاحاصل میں مصروف ہیں وہ اپنے عقائد ونظریات کوصراط مستقیم قراردے رہے ہیں، ان کی نظر میں ہروہ فرد جو ان کے نام نہاد نظریات سے اتفاق نہیں کرتا کافر ہے ، واجب القتل ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں مذہب کا سہار ا لیکر دہشت گردی کا بازار گرم کرنے والوں کے ہاتھوں پاک فوج کے سات ہزار سے زائد افسران ،جوان ، تراویح ، عید اور جمعہ کی نماز پڑھنے والے نمازیوں سمیت چالیس ہزار سے زائد بے گناہ شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 
ان حقائق سے پاکستان کا بچہ بچہ اور پوری دنیا اچھی طرح واقف ہے لیکن جماعت اسلامی کے امیر منورحسن، دین اسلام کی تعلیمات کی صریحاً نفی کرنے اور اپنے کلمہ گو بھائیوں سمیت بے گناہ شہریوں کے سفاک قاتل کونعوذباللہ ’’شہید‘‘ قراردے رہے ہیں ۔ منورحسن کے ’’شرمناک‘‘ خیالات جان کر کوئی خاص حیرت نہیں ہوئی کیونکہ ان کی جماعت کے بانی پاکستان کو ناپاکستان اور قائداعظم کو کافراعظم قراردے چکے ہیں۔حیرت تو پاکستان کے حکمرانوں ، سیاسی ومذہبی رہنماؤں اورپاکستانی قوم پر ہوتی ہے کہ وہ قران مجید، احادیث مبارکہ ، صحابہ کرامؓ اوراہل بیت کی تعلیمات کی موجودگی کے باوجود حق وباطل میں تمیز کرنے سے قاصر ہے۔ بنیادی طورپر دین اسلام ایک فطری دین ہے ، دین اسلام میں سب سے زیادہ احترام انسانیت کا درس دیا گیا ہے ،قرآن مجید، احادیث مبارکہ ، رسول کریمؐ کی حیات طیبہ ، صحابہ کرامؓ اور اہل بیت کی زندگی کانچوڑ ہی احترام انسانیت ہے ۔ایک سچا مسلمان راہ حق میں اپنی جان کا نذرانہ تو پیش کردیتا ہے لیکن کبھی کسی بے گناہ ، نہتے اور کمزور کی جان لینے کا تصور تک نہیں کرسکتا۔ دین اسلام کا بنیادی پیغام ،احترام انسانیت اور صرف احترام انسانیت ہے اور اسی پیغام کوفروغ دیکر ہی دنیا کوجنت بنایاجاسکتا ہے۔ جو لوگ جنت کے حصول کیلئے دنیا کو جہنم بنارہے ہیں وہ دراصل دین اسلام کی تعلیمات کی نفی کررہے ہیں، قران مجید اور احادیث مبارکہ کی خلاف ورزی کررہے ہیں ایسے اسلام دشمن عناصر سے مذاکرات کی بات کرنے والے پاکستانی لیڈران کے حق میں صرف دعائے خیر ہی کی جاسکتی ہے۔