ہماری سیاست کامقصد اقتدارکاحصول نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہے ،الطاف حسین
خدمت ہی ہماری سیاست اورسیاست ہی ہماری خدمت ہے اوریہی ہمیشہ سے ہمارا مشن رہاہے
مزید 100ایمبولینسیں ملک بھرمیں قائم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ایمبولینس سینٹروں کوفراہم کی جائیں گی اور
مزیدشہروں میں بھی ایمبولینس سینٹرزقائم کئے جائینگے
حیدرآبادمیں جدیدطرز کاڈائلاسز سینٹرقائم کیاجائے گا،مخیرحضرات تعاون کریں تو حیدرآباد میں امراض قلب کااسپتال
بھی قائم کیاجائیگا۔ حیدرآبادمیں آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے 20لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان
سکھر کے عوام کوایک بارپھربرادریوں میں تقسیم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں،انشاء اللہ ان سازشوں کوناکام بنائیں گے
تمام برادریوں کے عوام ایک پرچم تلے متحدہوکردنیاکوبتادیں کہ کسی بھی سازش کے ذریعے انہیں ایم کیوایم سے الگ نہیں کیاجاسکتا
حیدرآباد اورسکھر میں ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے بیس کیمپوں پر کارکنوں اورذمہ داروں سے فون پر خطاب
لندن۔۔۔29، اکتوبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ہماری سیاست کامقصد اقتدارکاحصول نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہے ، خدمت ہی ہماری سیاست اورسیاست ہی ہماری خدمت ہے اوریہی ہمیشہ سے ہمارا مشن رہاہے۔انہوں نے یہ بات عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں حیدرآباد اورسکھر میں ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے بیس کیمپوں پر کارکنوں اورذمہ داروں سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جب سے تحریکی جدوجہدکاآغازکیاہے ہم غریب ومستحق افرادکی بلاامتیازرنگ ونسل وزبان ومذہب مددکررہے ہیں، ہماری امدادی سرگرمیوں کادائرہ مسلسل بڑھ رہاہے ، ہمارے اس جذبے کودیکھ کرعوام نے ہمارے فلاحی ادارے کوگزشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ ریکارڈ تعداد میں کھالیں دیں ہیں جس پر ہم عوام کے شکرگزارہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک ایک حق پرست کیلئے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ اس مرتبہ سندھ کے شہروں اورقصبوں ہی میں نہیں بلکہ پورے پاکستان میں عوام نے ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کوبھاری تعدادمیں قربانی کی کھالیں دی ہیں اورہم نے ماضی کاریکارڈ توڑدیاہے ۔ جناب الطا ف حسین نے کارکنوں کوشاندارالفاظ میں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنی محنت ولگن اورخون پسینے سے جدوجہد کی جوتاریخ لکھ رہے ہیں وہ دنیابھرکے محروم ومظلوم عوام کیلئے مشعل راہ ہے اوراس تاریخ کوپڑھ کرہرعلاقے کے محروم لوگ اپنے حقوق حاصل کریں گے۔جناب الطا ف حسین نے اعلان کیاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کادائرہ مزیدبڑھایاجائے گااورجلدہی مزید 100ایمبولینسیں ملک بھرمیں قائم کے کے ایف کے ایمبولینس سینٹروں کوفراہم کی جائیں گی اورمزیدشہروں میں بھی ایمبولینس سینٹرزقائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ گردوں کے علاج کیلئے حیدرآبادمیں جدیدطرز کاڈائلاسز سینٹرقائم کیاجائے گا اوراگرمخیرحضرات مشینری کے سلسلے میں تعاون کریں تو حیدرآباد میں امراض قلب کااسپتال بھی قائم کیاجائے گاتاکہ حیدرآباداوراندرون سندھ کے مریضوں کاعلاج کیاجائے۔ انہوں نے حیدرآبادمیں آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے 20لاکھ روپے کے عطیہ کابھی اعلان کیا۔ انہوں نے میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار ، ٹنڈومحمدخان ، کوٹری اورحیدرآبادکے دیگرقریبی زونوں کے کارکنوں کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ جناب الطا ف حسین نے سکھرمیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سکھرکے ساتھ ساتھ کشمور، جیکب آباداور اطراف کے دیگرزونوں کے کارکنوں کونامساعد حالات کے باوجودبھاری تعدادمیں قر بانی کی کھالیں جمع کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیااورتمام اہل سندھ کواپناسلام اورعیدکی مبارکبادپیش کی۔انہوں نے سکھرمیں آبادمختلف برادریوں کواتحادکاپیغام دیتے ہوئے کہاکہ ہم ماضی میں بھی ذات برادری میں بٹ کراپنی طاقت کوکمزورکرتے رہے ہیں اورعوام کے اجتماعی مفادکونقصان پہنچاتے رہے ہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ سکھرکے تمام برادریوں کے عوام ایک پرچم تلے متحدہوکردنیاکوبتادیں کہ کسی بھی سازش کے ذریعے انہیں ایم کیوایم سے الگ نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایم کیوایم نے ماضی میں بھی
عوام کو ذات برادری کی تقسیم سے چھٹکارادلایاتھامگرآج پھرعوام کوبرادریوں میں تقسیم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، یہ سازشیں ایم کیوایم کیلئے نئی نہیں ہیں اورہم انشاء اللہ ان سازشوں کوناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ استحصالی قوتوں نے ماضی میں ایک سازش کے تحت سندھ دھرتی میں سندھیوں اور مہاجروں کے درمیان خلیج پیداکی تھی جسے سندھ دھرتی کے باشعوربیٹوں نے ناکام بنادیا ہے اورانہوں نے فیصلہ کرلیاہے کہ اب وہ آئندہ آپس میں نہیں لڑیں گے۔ایم کیوایم نے کراچی میں پختونوں کاسب سے بڑاجلسہ منعقد کیااوراب پختونوں اورمہاجروں کوآپس میں لڑانے کی تمام سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ اب تمام قومیتوں ،ذاتوں اوربرادریوں سے تعلق رکھنے والے عوام ایم کیوایم میں شامل ہوچکے ہیں اوراب حق پرستوں کایہ قافلہ انشاء اللہ ملک میں سچا انقلاب لائے گااورپورے ملک سے غریب ومتوسط طبقہ کوایوانوں میں پہنچائے گا۔
ملک کوبچانے کیلئے مسلح افواج، آئی ایس آئی اورمسلح افواج کے تمام اداروں کو ایک مرتبہ پھراپنے بھرپورتعاون
کی پیش کش کرتاہوں۔ الطاف حسین
آؤ ہاتھ بڑھاؤ، ہاتھ ملاؤ، تم ہمیں بچاؤ،ہم تمہیں بچائیں گے، تم سرحدوں پر لڑوہم لڑائی میں تمہاراساتھ دیں گے اور
تمہیں پانی پلائیں گے اورملکرملک کومضبوط بنائیں
پاکستان کو طالبان کا نہیں بلکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق روشن خیال، لبرل اور ڈیموکریٹک بنانا چاہتا ہوں
عوام نے مختلف جماعتوں کو باربار آزمایا ہے ، ایک مرتبہ ایم کیوایم کو بھی آزماکر دیکھ لیں اگر ووٹ کا پھل میٹھا ہو تو شکریہ ادا کردیں اور اگر کٹھا ہو تو پھینک دیجئے
خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں، زمہ داروں، کارکنوں،فنکاروں، علمائے کرام ، تاجروں،صنعتکاروں اوردیگرافرادسے خطاب
لندن ۔۔۔۔ 29، اکتوبر2012 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ میں پاکستان کو طالبان اور مذہبی انتہا پسندوں کا نہیں بلکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق روشن خیال، لبرل اور ڈیموکریٹک بنانا چاہتا ہوں جہاں صرف امیرہی کی نہیں بلکہ غریب کی بھی عزت ہو۔ انہوں نے ملک کوبچانے کیلئے مسلح افواج، آئی ایس آئی اورمسلح افواج کے تمام اداروں کو ایک مرتبہ پھراپنے بھرپورتعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہاکہ آؤ ہاتھ بڑھاؤ، ہاتھ ملاؤ، تم ہمیں بچاؤ،ہم تمہیں بچائیں گے، تم سرحدوں پر لڑوہم لڑائی میں تمہاراساتھ دیں گے اورتمہیں پانی پلائیں گے اورملکرملک کومضبوط بنائیں۔انہوں نے ان خیالات کااظہار عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں قائم کئے گئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی کیمپ پررضاکاروں، ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات کے زمہ داروں، کارکنوں،فنکاروں، علمائے کرام ، تاجروں،صنعتکاروں اوردیگرافرادسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے عیدالاضحی کے تینوں ایام میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے اوررات دن محنت کرنے پر آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا سمیت ملک بھر میں ایم کیوایم کے زونوں ، سیکٹروں ، یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان بالخصوص بزرگ اور خواتین ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اورقربانی کی کھالیں عطیہ کرنے پر ملک بھر کے عوام سے دلی تشکر کااظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی، شازیہ اور کائنات قوم کی دعاؤں سے روبہ صحت ہیں ،عوام دعا کریں کہ وہ جلد ومکمل صحت یاب ہوجائیں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریکی ذمہ داران پاکستان میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں لندن آنے والے ہیں اس سلسلے میں ان ساتھیوں سے بھی میٹنگ ہوگی تاکہ پاکستان اور اس کے عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے لیکن دشمنوں کے ہاتھ بھی بہت لمبے ہیں اور انکے پاس ذرائع بھی ہیں۔ میرا عزم ہے کہ جب تک اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی دی ہے میں نتائج کی پرواہ کئے بغیر حق پرستی کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔ میں نے نہ پہلے کبھی اللہ کے سوا کسی کے آگے سرجھکایا ہے اورآخری سانس تک اللہ کے سوا کسی کے آگے سرنہیں جھکاؤنگا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ بعض علمائے کرام سیرت طیبہ کاذکرتو کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے خود سیرت طیبہ پر عمل نہیں کرتے۔ سرکاردوعالم ؐ کے نام پر ہماری جان بھی چلی جائے تو ہم جان دینے میں فخرمحسوس کریں گے ،میں کوئی عالم یاذاکر نہیں ہوں لیکن ایک عاشق رسول ؐ ہونے کی حیثیت میں کوشش کرتا ہوں کہ سرکاردوعالم ؐ کے نقش قدم پر چلوں اور نبی کریم ؐ کی محبت کے صدقے اللہ تعالیٰ میری، میرے والدین اور حق پرست شہداء کی بخشش فرمادے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں خلفائے راشدین کے دور کا ذکر کیا جاتا ہے ،ذکرکرنا بہت آسان ہے لیکن اس پر عمل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔ خلفائے راشدین کے دور میں ایک بدو بھی امیرالمومنین کا دامن پکڑ کر ان کے کرتے کا سوال کرسکتا ہے اور خلیفہ ء وقت حضرت علی ایک مقدمے کے سلسلے میں قاضی کے سامنے پیش
ہوتے ہیں اور مقدمہ ہارجا نے پراپنے آپ کوپیش کردیتے ہیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ انتظامی ڈھانچہ نظام حکومت چلانے کیلئے ہوتا ہے مراعات حاصل کرنے کیلئے نہیں ہوتا بدقسمتی سے بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کے باعث پوری دنیا میں یہ برائی پھیل چکی ہے لیکن میں دعوے سے کہتا ہوں کہ اگر خلفائے راشدین کے عمل وکردار کی ذراسی جھلک دیکھنے کو ملے گی تو وہ صرف اور صرف متحدہ قومی موومنٹ میں ہی ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آج عید کے تیسرے روز حسب روایت رابطہ کمیٹی یا دیگر ذمہ داران کیلئے نہیں بلکہ تحریک کے گمنام کارکنان کیلئے بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں ماضی کی طرح آج بھی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ، ارکان ، منتخب نمائندے ، شعبہ جات کے ذمہ داران کیلئے کوئی الگ ٹیبل نہیں سجائی گئی نہ ہی ان کیلئے الگ دیگ پکائی گئی ہے۔ ایک ہی دیگ کا کھانا تحریک کے ذمہ داران اور کارکنان ایک ساتھ بیٹھ کرکھاتے ہیں اور کوئی انداز ہ نہیں لگاسکتا کہ ان میں کون رابطہ کمیٹی کا رکن ہے ، کون وزیرمشیرہے ، کون سینیٹریا رکن قومی وصوبائی اسمبلی ہے اور کون گمنام کارکن ہے ۔ اسی عمل کو مساوات محمدی ؐ کا نام دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے ساتھیوں کوہمیشہ یہ درس دیاہے کہ وہ غروروگھمنڈاورتکبرمیں ہرگزمبتلانہ ہوں کیونکہ غروروتکبر اور جاہ وجلال صرف اللہ تعالیٰ کیلئے ہے اور انسان فانی ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ’’ اختیارسب کیلئے ‘‘ ایم کیوایم کا منشور ہے اور ایم کیوایم غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو بھی حق حکمرانی دلاناچاہتی ہے ۔ انہوں نے پاکستان بھر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے مختلف جماعتوں کو باربار آزمایا ہے ، ایک مرتبہ ایم کیوایم کو بھی آزماکر دیکھ لیں اگر آپ کے ووٹ کا پھل میٹھا ہو تو شکریہ ادا کردیں اور اگر کٹھا ہو تو پھینک دیجئے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار یا طاقت کے حصول کیلئے سیاست نہیں کرتے بلکہ انسانوں کی بلاامتیاز عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا جہاں ہمارا کوئی یونٹ نہیں تھا ، ہم نے اسلئے زلزلہ متاثرین کی خدمت نہیں کی کہ وہاں ہمارے ووٹرز رہتے ہیں بلکہ ہم نے دیکھا کہ زلزلہ سے مظلوم کشمیری متاثر ہوئے ہیں اور ہم نے ان کی ایک سال تک ہرممکن مدد کی ۔ اسی طرح ہم نے سیلاب سے متاثرہ افراد اور دیگر حادثات کا شکار عوام کی بھی بلاامتیاز مدد کی ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے موذی مرض کے خاتمہ کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے کے لوگ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلاکر ان کی زندگی کا تحفظ کرتے ہیں جبکہ بعض نادان عناصر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے والوں کی گردنیں اڑادیتے ہیں۔انہوں نے ایم کیوایم کے نمائندوں کو رائے دی کہ وہ پولیوویکسین کے قطرے پلانے والے اداروں کے ساتھ ملکرکیمپ لگائیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا انتظام کرائیں ۔ ہم عوام سے اپیل کریں گے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں یہاں انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچاسکے گا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم انسانی خدمت کے کام کررہے ہیں، یہ ہمارامشن ہے اوریہی ہماری سیاست ہے،اللہ تعالیٰ پاکستان میں ایک دفعہ حق پرستوں کی حکومت وفاقی اورصوبائی سطح پر قائم کردے اوراپنی رحمت کی بارش کردے ،تونے ایک غریب جماعت کویہاں تک پہنچادیاہے،توفقیرکوبادشاہ اور بادشاہ کوفقیر بناسکتاہے۔انہوں نے صحت وصفائی کے بہترانتظامات کرنے اور امن وامان کے مؤثراقدامات کرنے اورخوش اسلوبی سے فرائض انجام دینے پر کراچی کی شہری انتظامیہ ، حکومت سندھ، پولیس ، رینجرز کے افسران اورجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے محنت سے کام کرنے پرتمام ونگزاورشعبہ جات کے کارکنوں، ذمہ داروں، رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے ارکان کودعائیں اورشاباش دی ۔ انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں بھرپور تعاون کرنے پر تاجربرادری، صنعتکاروں ،مخیرحضرات اورمتحدہ بین المسلمین فورم کے علمائے کرام کوخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اقلیتی برادری کے ہندؤں، سکھوں،عیسائیوں اوردیگرمذاہب کے افرادکوخدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے کھالیں جمع کرنے کیلئے رات دن کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مذہبی اقلیتی مسائل اورپریشانیوں کوحل کرے اورحکمرانوں کوتوفیق دے ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ میں چاہتاہوں کہ معاشرے سے جہیز کی لعنت کاخاتمہ ہواورجوبچیاں جہیزنہ ہونے کے سبب اپنے گھروں پربیٹھی ہیں ان کیلئے نیک رشتوں کاانتظام ہو ۔ انہوں نے نوجوانوں سے بھی کہاکہ وہ جہیزکے بجائے لڑکیوں کی سیرت دیکھیں۔انہوں نے کہاکہ میں ملک سے کاروکاری کاخاتمہ چاہتا ہوں ۔ مجھے کاروکاری کے نام پر قتل سے شدیدنفرت ہے ،میں عورت کوگالی کے بجائے تقدس کانشان بناناچاہتاہوں اورایسامعاشرہ بناناچاہتاہوں جہاں کوئی ماں بہن بیٹی گھرسے باہرنکلے تواسے تحفظ کااحساس ہواورکوئی اس کی طرف ہاتھ بڑھاناتوکجابری آنکھ اٹھانے کی جرات نہ کرسکے۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی سے کہاکہ وہ حکومت سے اجازت لیکر نائن زیروکے قریب کوئی بڑی جگہ کابندوبست کرے جہاں ہم ان تمام لڑکیوں، لڑکوں کوتحفظ فراہم کریں گے جنہیں پسند کی شادی کے باعث کاروکاری کے نام پر جان کاخطرہ ہو۔انہوں نے کہاکہ میں ان کمزورباپوں کاسہارابننا چاہتاہوں جوجاگیرداروں اوروڈیروں کے ظلم کے آگے سرجھکانے پرمجبورہوجاتے ہیں۔جناب الطا ف حسین نے پاکستان بھرکے عوام کوعیدکی مبارکبادپیش کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی مسلح افواج ، آئی ایس آئی اوردیگرتحقیقی اداروں میں نیک اورایماندارافسران کو آگے لائے جوکسی سے نہ ڈریں اور ملک کے مفادکوپیش نظررکھیں اورجراتمندانہ فیصلے کریں۔ انہوں نے کہاکہ جب افواج کے ساتھ قومیں ہواکرتی ہیں تودنیاکی بڑی سے بڑی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ جناب الطاف حسین نے مسلح افواج، آئی ایس آئی اورمسلح افواج کے تمام اداروں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آؤ ہاتھ بڑھاؤ، ہاتھ ملاؤ، تم ہمیں بچاؤہم تمہیں بچائیں گے، تم سرحدوں پر لڑوہم لڑائی میں تمہاراساتھ دیں گے اورتمہیں پانی پلائیں گے۔
منفی درجہ حرارت کے باوجود گلگت ، بلتستان ، دیامر اور استور میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں بڑی تعداد میں جمع کرنے پر کارکنان
کو الطاف حسین کا خراج تحسین اور چرم قربانی کے سلسلے میں تعاون کرنے پر عوام سے اظہار تشکر
کارکنان نے مصیبت زدہ اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جس محنت و جانفشانی سے کام کیا وہ مثالی ہے ، الطاف حسین
لندن:۔۔۔29، اکتوبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے گلگت ،بلتستان ، دیامر اور استور میں منفی درجہ حرارت ہونے کے باوجود محنت اور جانفشانی سے قربانی کے جانوروں کی کھالیں بڑی تعداد میں جمع کرنے پر کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور عوام سے بھی رضاکارانہ طور پرقربانی کے جانوروں کی کھالیں خدمت خلق فاؤنڈیشن کو عطیہ کرنے پر دلی تشکر کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ گلگت ، بلتستان ، دیامر اور استور میں منفی درجہ حرارت ہونے کے باوجود کارکنان نے مصیبت زدہ اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جس طرح سے کام کیا ہے وہ مثالی ہے اور اس سے واضح ہوگیا ہے کہ کارکنان دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گلگت ، بلتستان ، دیامر اور استور کے عوام نے چرم قربانی کیلئے ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور کارکنان سے بھر پور تعاون کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک بھر کی طرح گلگت ،بلتستان ، دیامر اور استور کے عوام بھی ایم کیوایم پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں اور اس کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کے متعرف ہیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات، کراچی میں امن وامان سمیت ملکی وبین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی بات چیت
الطاف حسین نے رحمن ملک کوکراچی میں بھتہ مافیاکی کارروائیوں سے شہریوں خصوصاًتاجربرادری میں پائی جانیوالی بے چینی سے آگاہ کیا
وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے پاکستان کا مقدمہ ہمت وجرات کے ساتھ پیش کیا ، الطاف حسین
دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالہ سے پاکستان کا مقدمہ ہمت وجرات سے لڑنے پر رحمان ملک کو زبردست خراج تحسین
لندن ۔۔۔۔ 29، اکتوبر2012 ء
وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے گزشتہ شب لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات کی اوران سے کراچی میں امن وامان سمیت ملکی وبین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی ۔ جناب الطاف حسین نے رحمن ملک کوکراچی میں بھتہ مافیاکی کارروائیوں کے باعث شہریوں خصوصاًتاجربرادری میں پائی جانیوالی بے چینی سے آگاہ کیا۔ رحمن ملک نے جناب الطاف حسین کویقین دلایاکہ حکومت تاجربرادری سمیت تمام شہریوں کوجان ومال کاہرممکن تحفظ فراہم کرے گی۔ دریں اثناء پیر کی شب خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں ،کارکنوں اورذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالہ سے پاکستان کا مقدمہ ہمت وجرات سے پاکستان کا مقدمہ لڑنے پر وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے رحمن ملک کورات دن محنت سے کام کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک نے کل رات مجھ سے تقریباً ایک بجے ملاقات کی اور آج صبح انہوں نے برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ کے ہمراہ برمنگھم میں قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کی عیادت کی،اور خطاب سے قبل بھی میری رحمان ملک صاحب سے ایک گھنٹہ طویل بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ میں گزشتہ روز صدرمملکت آصف علی زرداری سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی اور رحمان ملک سے ملاقات کے دوران ان سے بھی کہاکہ آپ دیگر کاموں میں زیادہ الجھ گئے جس کے باعث کراچی میں بھتہ مافیااور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والے دہشت گردوں نے تاجروں ، صنعتکاروں اور دکانداروں کو بھتہ کی پرچیاں اوردھمکیاں دینا شروع کردیں۔ میں نے رحمان ملک صاحب سے کہاکہ آپ کراچی میں قیام کریں ، رینجرز ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کا مشترکہ اجلاس کرکے ایسا لائحہ عمل بنائیں کہ بھتہ مافیا، لینڈ مافیا اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والوں سے کراچی کے باسیوں سمیت پاکستان کے تمام شہریوں کو نجات مل جائے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، رینجرز،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسران واہلکار اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود بعض عناصرپوری دنیا میں پاکستان کا امیج منفی انداز میں پیش کررہے ہیں ۔ مجھے خوشی ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے پاکستان کا مقدمہ ہمت وجرات کے ساتھ پیش کیا جس پر میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
عوام و کارکنان معروف مزاحیہ فنکار سکندر صنم کی جلدو مکمل صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا ئیں کریں ، جناب الطاف حسین کی اپیل
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان نے صوبائی وزراء کے ہمراہ مقامی اسپتال جاکر سکندر صنم کی عیادت کی
جناب الطاف حسین کی جانب سے خیر یت دریافت کی
کراچی :۔۔۔29اکتوبر 2012ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے معروف مزاحیہ فنکار سکندر صنم کی علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلدو مکمل صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے ماؤں ، بہنوں ، بز رگو ں ، نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ سکندر صنم کی جلدو مکمل صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا ئیں کریں ۔علاوہ ازیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان نے مزاحیہ فنکار سکندر صنم کی مقامی اسپتال میں جاکر عیادت کی اور جناب الطاف حسین کی جانب سے خیر یت دریافت کی ۔ اس موقع پر حق پرست صوبائی وزراء شیخ محمد افضل ، نثار پنہور اور ایم کیوایم سوشل فورم کے رکن یوسف منیر شیخ بھی انکے ہمراہ تھے ۔
سن چیئریٹی یو ایس اے کینیڈا کے زیراہتمام فیڈرل بی ایریا میں قربانی کے سینکڑوں جانوروں کو ذبح کیا گیا
قربانی کے جانوروں کا گوشت شہر کے مختلف علاقوں میں غریب ومستحق افراد میں تقسیم کردیا گیا
اووسیز ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے سن چیئریٹی پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں میں حصہ ڈالا ہے ، ارشد حسین
کراچی ۔۔۔29، اکتوبر2012ء
سن چیئریٹی یو ایس اے کینیڈا کے زیر اہتمام عیدالاضحی کے تیسرے دن فیڈرل بی ایریا کراچی میں قربانی کے سینکڑوں جانوروں کو ذبح کیا گیا بعدازاں قربانی کے جانوروں کا گوشت اورنگی ٹاؤن ، قصبہ علی گڑھ ، بلدیہ ٹاؤن سمیت کراچی کے دیگر مضافاتی علاقوں کے غریب ومستحق افراد میں تقسیم کردیا گیا ۔ عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی اور ان کے گوشت کی غریب و مستحق افراد میں تقسیم کیلئے سن چیئریٹی یو ایس اے کینیڈا کے ڈائریکٹر ارشد حسین خصوصی طور پر امریکہ سے آئے اس موقع پر والینٹیئر زاہد حسین ، محمد غفور ، بابر خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سن چیئریٹی یو ایس اے کینیڈا کے ڈائریکٹر ارشد حسین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوورسیز ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی کیلئے سن چیئریٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں حصہ ڈالے گئے ہیں اور اس فریضہ کو آج کراچی میں انجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اوورسیز پاکستانیوں کیجانب سے سنت ابراہیمی ؑ کی ادائیگی کو قبول فرمائے ۔(آمین)
*****