دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما پاک فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے قائد تحریک الطاف حسین کا نشری پیغام
فوجی آپریشن ’’ضرب عضب ‘‘ میں پوری قوم ، پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ساتھ ہے، الطاف حسین
عوام ،پاک فوج کے جوانوں کے حوصلوں کو جلا بخشنے کیلئے ایم کیوایم کے تحت مورخہ 6 ، جولائی 2014ء کو
کراچی میں ’’یکجہتی اجتماع ‘‘ میں بھرپورشرکت کریں، الطاف حسین
فوجی آپریشن میں پاک فوج کے افسران اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، الطاف حسین
مسلح افواج جی جان سے ان دہشت گردوں کو ہرمحاذ پر بری طرح شکست دے رہی ہے، الطاف حسین
ایسے وقت میں پاکستان کی مسلح افواج کو فوجی آپریشن کی کامیابی کیلئے قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے
ایک ایک فوجی جوان تک یہ پیغام پہنچ جائے کہ قوم کا بچہ بچہ فوجی آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں پاکستانی فوج کے ساتھ ہے
اللہ تعالیٰ پاکستان کی سلامتی وبقاء کی جنگ میں مسلح افواج کو کامیابی سے ہمکنارکرے ، الطاف حسین
’’ضرب عضب ‘‘ زندہ باد ۔۔۔۔۔۔پاکستان پائندہ باد،قائد ایم کیوایم الطاف حسین کا نعرہ
لندن۔۔۔3، جولائی2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوجی آپریشن ’’ضرب عضب ‘‘ میں پوری قوم ، پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ساتھ ہے ۔ جناب الطاف حسین نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پاک فوج کے جوانوں کے حوصلوں کو جلا بخشنے کیلئے ایم کیوایم کے تحت مورخہ 6 ، جولائی 2014ء کو کراچی میں ہونے والی ’’یکجہتی اجتماع ‘‘ میں بھرپورشرکت کریں۔
دہشت گردوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کی حمایت میں اپنے نشری پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان اور مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف ’’ضرب عضب‘‘ نامی فوجی آپریشن شروع کررکھا ہے ۔ فوجی آپریشن میں پاک فوج کے افسران اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، ملک دشمن دہشت گرد جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں اور ہماری مسلح افواج جی جان سے ان دہشت گردوں کو ہرمحاذ پر بری طرح شکست دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں پاکستان کی مسلح افواج کو کسی انعام واکرام کی نہیں بلکہ فوجی آپریشن کی کامیابی کیلئے قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے ۔ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ایک ایک فوجی جوان تک یہ پیغام پہنچ جائے کہ قوم کا بچہ بچہ ، ماں ، بہن ، بیٹی فوجی آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں پاکستانی فوج کے ساتھ ہے۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم مورخہ 6، جولائی کو کراچی میں ایک بڑی یکجہتی ریلی کا انعقاد کرے گی ۔ انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے پرزوراپیل کی کہ وہ پاکستان کی مسلح افواج کا ساتھ دینے اور ان کے حوصلوں کو جلا بخشنے کیلئے یکجہتی اجتماع میں بھرپورشرکت کرکے پوری دنیا پر واضح کردیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم ، پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی سلامتی وبقاء کی جنگ میں مسلح افواج کو کامیابی سے ہمکنارکرے ۔ اپنے پیغام کے اختتام میں جناب الطاف حسین نے ’’ضرب عضب ‘‘ زندہ باد ۔۔۔۔۔۔پاکستان پائندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔