ایم کیوایم 9مارچ کو لاہور میں روحانی اجتماع منعقد کرے گی ، رابطہ کمیٹی
رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے ارکان کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ
قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی توثیق کردی
لندن۔۔۔24،فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اعلان کیاہے کہ ایم کیوایم مورخہ 9، مارچ 2014ء بروز اتوارکوصوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روحانی اجتماع منعقد کرے گی۔اس بات کا فیصلہ پیر کی شب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کراچی اور لندن کے ارکان کے مشترکہ اجلاس میں کیاگیا۔ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔
اجلاس میں کہاگیاکہ پاکستان، خصوصاً سرزمین پنجاب صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی سرزمین ہے جس کے چپہ چپہ پر ان صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی نشانیاں ہیں جنہوں نے اپنے عمل وکردار اور ریاضت سے سرزمین ہند پر دین اسلام کے فروغ اور بقاء کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ۔ ان عظیم ہستیوں نے اپنی ذاتی زندگی فنا کرکے اپنی زندگی کے ایک ایک لمحہ کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول اور دین اسلام کی ترقی وترویج کیلئے وقف کردیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم اس اجتماع میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ،مذہبی اسکالرز، نعت خواں وقوال حضرات کو مدعو کرے گی جو عوام کو بزرگان دین اور صوفیائے کرام کی سیرت سے آگاہ کریں گے ۔پروگرام کی مزید تفصیلات سے عوام کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔