شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کی معاونت کیلئے فوری طور پر شہداء فنڈ قائم کیاجائے، الطاف حسین
طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں روزانہ ہی فوج،رینجرز، ایف سی اورپولیس کے اہلکار شہید ہورہے ہیں
وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے پسماندگان کی دیکھ بھال حکومت اورعوام کا قومی فریضہ ہے
ایم کیوایم ،شہداء فنڈ میں بھرپور تعاون کرنے اور اپنا کردار ادا کرنے کوتیار ہے
لندن۔۔۔24، فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ طالبان دہشت گردوں سے مقابلہ میں جو فوج، رینجرز، ایف سی اورپولیس اہلکار شہید وزخمی ہورہے ہیں انکے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور مالی معاونت کیلئے فوری طور پر شہداء فنڈ قائم کیاجائے ۔ اس سلسلہ میں ایم کیوایم ہرطرح سے اپنا کردار اداکرنے کو تیار ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ طالبان اور ان کے حمایتی گروپوں کے دہشت گردوں کے ہاتھوں تقریباً روزانہ ہی فوج،رینجرز، ایف سی اورپولیس کے اہلکار شہید ہورہے ہیں ۔ ان اہلکاروں کی شہادت کے چند دن بعد تک روایتی بیانات اور پیغامات کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن اس کے بعد ان شہدا ء کی بیواؤں ، یتیم بچوں اور دیگر لواحقین کی خبرگیری کرنے والا اور ان کی مالی کفالت کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ وطن کی حفاظت اور اس کے عوام کو سیکوریٹی فراہم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان اہلکاروں کے پسماندگان کی دیکھ بھال حکومت اورعوام کا قومی فریضہ ہے اس لئے میں حکومت سے پرزورمطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان شہداء کے لواحقین کی دیکھ بھال اور اعانت کیلئے فوری طور پر شہداء فنڈ قائم کرے جس میں حکومت ، مخیرحضرات اور عوام کی جانب سے دل کھول کر عطیات دیے جائیں ۔ اس ضمن میں ایم کیوایم بھرپور تعاون کرنے اور اپنا کردار ادا کرنے کوتیار ہے ۔