ملک بھر کے عوام کی جانب سے ایم کیوایم کی یکجہتی ریلی میں شرکت کی خواہش کا اظہار
نائن زیرو عزیز آباد اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں فون، فیکس اور ای میل کے ذریعہ ہزاروں پیغامات
ایم کیوایم کیلئے دیگر صوبوں سے عوام کو کراچی لانے کے انتظامات کرنا ممکن نہیں، الطاف حسین
اندرون سندھ اور دیگر صوبوں کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت اس ریلی میں شریک ہوں، الطاف حسین کی اپیل
لندن۔۔۔22، فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات کے مطابق ایم کیوایم کی جانب سے اتوار کو کراچی میں مسلح افواج ، رینجرز، ایف سی اورپولیس کی حمایت میں یکجہتی ریلی کے انعقاد کے اعلان کا پورے ملک میں زبردست خیرمقدم کیاجارہا ہے اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد اور لندن انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں ہزاروں کی تعداد میں فون ، فیکس اور ای میل پیغامات موصول ہوئے ہیں جن کے ذریعہ ملک بھرکے عوام نے اس ریلی میں شرکت کی خواہش کا اظہارکیاہے۔ شعبہ اطلاعات کے مطابق پیغامات قائد تحریک جناب الطاف حسین کے علم میں بھی لائے گئے ہیں اور انہوں نے کہاہے کہ ایم کیوایم کی یہ یکجہتی ریلی دراصل قومی یکجہتی ریلی ہے اورانہوں نے صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان ، اندرون سندھ، آزاد کشمیر، گلگت اور بلتستان کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر ان کیلئے ممکن ہو تو وہ بخوشی ورضا اپنی مدد آپ کے تحت اس ریلی میں بھر پور طریقے سے شرکت کرسکتے ہیں۔
جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ چونکہ یہ ریلی انتہائی مختصر نوٹس پر منعقد کی جارہی ہے لہٰذا ایم کیوایم کیلئے دیگر صوبوں سے عوام کو کراچی لانے کے انتظامات کرناممکن نہیں تھا لیکن جو لوگ اس ریلی میں شرکت کے خواہشمند ہیں وہ اپنی مددآپ کے تحت بذریعہ ہوائی جہاز، ریل یا دیگرذرائع کے ذریعہ کراچی پہنچ کر اس میں شرکت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ریلی میں بڑی تعداد میں اپنی مددآپ کے تحت شریک ہوکر اسے چارچاند لگادیں اور دنیا بھرکے عوام کو یہ بتادیں کہ پاکستانی عوام ،دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں بھرپور طریقہ سے اپنی مسلح افواج ، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے ساتھ ہیں۔