متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ جمعرات کی شب لندن میں ایم کیو ایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین کے گھر پر دو نقاب پوش افراد نے حملہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 17 ستمبر بروز جمعرات کی شب لندن وقت کے مطابق 8 بجکر 11 منٹ پر دو نقاب پوش افراد ایک کار میں مل ہل کے علاقے میں واقع ایم کیو ایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین کی رہائش گاہ پہنچے اور گھر کی باہر کی گرل کو پھلانگ کر اندر آئے اور چند سیکینڈ میں باہر گئے۔دونوں نقاب پوش افراد 8 بجکر 20 منٹ پر گرل پھلانگ کر دوبارہ داخل ہوئے جبکہ تیسرا فرد گاڑی کے اندر موجود تھا۔ دونوں نقاب پوش افراد نے اندر داخل ہوکر داخلی گیٹ کے سائیڈ شیشے کو توڑ کر گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ جیسے ہی سیکوریٹی الارم بجا تو دونوں نقاب پوش افراد گرل پھلانگ کر گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔
اس واقعے سے فوری طور پر میٹرو پولیٹن پولیس کو آگاہ کیاگیا۔ میٹرو پولیٹن پولیس نے جناب الطاف حسین کے گھر پہنچ کر ان سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں، گھر کے متاثرہ جگہ کا معائنہ کیا اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی۔ پولیس نے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور ایم کیو ایم یوکے کے ذمہ داران و کارکنان جناب الطاف حسین کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ بانی و قائد جناب الطاف حسین اللہ کے فضل و کرم سے خیریت سے ہیں۔