لندن میں اے پی ایم ایس او کا48 واں یوم تاسیس تنظیمی جوش وخروش سے منایاجائے گا
13 جون بروز ہفتہ کو لندن کے علاقے ہیرو کے مقامی ہال میں یوم تاسیس کی تقریب منعقد ہوگی
تقریب سے بانی وقائد الطاف حسین خصوصی خطاب کریں گے
لندن۔۔۔3، جون2026ء
ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام لندن میں آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ( APMSO ) کا 48 واں یوم تاسیس تنظیمی جوش وخروش سے منایاجائے گا۔ اس سلسلے میں 13، جون 2026ء بروز ہفتے کی شام 6 بجے لندن کے مقامی ہال Victoria Hall, Sheepcote Road Harrow HA1 2JE میں یوم تاسیس کی تقریب منعقد کی جائے گی جس سے ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین خصوصی خطاب کریں گے ۔
واضح رہے کہ آج سے 48 برس قبل 11، جون1978ء کو بانی وقائد جناب الطاف حسین نے جامعہ کراچی میں اے پی ایم ایس او کی بنیاد رکھی تھی اورجامعہ کراچی میں مہاجرطلباء کے حقوق کیلئے قائم کی جانے والی طلباء تنظیم کے بطن سے پاکستان کے غریب ومتوسط طبقے کی نمائندہ تنظیم ایم کیوایم نے جنم لیا تھا۔
اے پی ایم ایس او کے 48 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے کارکنان میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آرہا ہے ، ایم کیوایم کے ذمہ داران اورشعبہ خواتین کی اراکین کی جانب سے کارکنان اورہمدردوں کے اہل خانہ سے رابطے کیے جارہے ہیں اوریوم تاسیس کے انتظامات کو منظم اورمربوط بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جبکہ کارکنان اورہمدردوں کے علاوہ مقامی صحافیوں کویوم تاسیس کی تقریب کے دعوت ناموں کی ترسیل کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے برطانیہ بھرمیں مقیم ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اے پی ایم ایس او کے 48 ویں یوم تاسیس میں بھرپورشرکت کریں اور تقریب کے دعوت نامے کے حصول کیلئے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن اور اپنے اپنے متعلقہ یونٹ کے ذمہ داران سے رابطہ کریں ۔
٭٭٭٭٭