کراچی میں ٹریفک حادثات کے معاملے پر سوموٹولیاجائے، ایم کیوایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین کی سپریم کورٹ اورسندھ ہائیکورٹ سے اپیل
کراچی میں ڈمپر، ٹینکر، ٹرالر شہریوں کوکچل رہے ہیں ،انہیں روکنے والاکوئی نہیں
حکومت سندھ اورپولیس کراچی میں ٹریفک قانون کے نفاذ اورشہریوں کی جانوں کے تحفظ کے بجائے شہریوں کوکچلنے والے عناصرکی سر پرستی کررہی ہے
کراچی لاوارث نہیں ہے ، حکومت سندھ کراچی کے عوام کونشانہ بنا نا بند کردے
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حوالے سے موجود قوانین کوسخت سے سخت کیاجائے ،
ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے
ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوںکے لواحقین کومعاوضہ اداکیاجائے
حادثات میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے غم میں برابرکا شریک ہوں
لندن…14 فروری 2025ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کراچی میں ہیوی ڈمپر، ٹینکر، ٹرالراورٹرک کے بڑھتے ہوئے حادثات اوراس میں معصوم شہریوں کی جانوں کے زیاں پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں قانون کے تحت دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کاداخلہ ممنوع ہے لیکن دیکھنے میں یہ آرہاہے کہ ہیوی ڈمپر، ٹینکر، ٹرالراورٹرک شہرکی سڑکوں پر دن بھر تیزرفتاری کے ساتھ دندنا رہے ہیں اورشہریوں کوکچل رہے ہیں، ان کی جانیں لے رہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ شہر میں ٹریفک قوانین کانفاذ کراناحکومت سندھ اوراس کی ٹریفک پولیس کا کام ہے۔ اگرمخصوص اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایاجائے توقیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایاجاسکتاہے لیکن یہ امرانتہائی افسوسناک بلکہ قابل مذمت ہے کہ حکومت سندھ اورپولیس اس معاملے میں مکمل طورپر بے حسی کامظاہرہ کررہی ہے اورکراچی میں ٹریفک قانون کانفاذ کرانے اورشہریوں کی جانوں کے تحفظ کے بجائے شہریوں کوکچلنے والے عناصرکی سر پرستی کررہی ہے اور شہریوں کوہی قصوروار قراردے رہی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہیوی ڈمپر، ٹینکر، ٹرالراورٹرک پاکستان کے دیگرصوبوں کے شہروں میں بھی چلتے ہیں مگروہاں ٹریفک قوانین کے نفاذ کویقینی بنایاجاتاہے مگرحکومت سندھ اوراس کے ادارے کراچی میں ٹریفک قوانین کے نفاذمیں نہ صرف ناکام ہوچکے ہیں بلکہ اپنی نااہلی چھپانے کے لئے سفاکی کے ساتھ مختلف حیلے بہانے اورجواز تراش رہے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ کراچی کوئی لاوارث شہر نہیں ہے ،پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی کے عوام کواس طرح ظلم کانشانہ بنانے کا سلسلہ بند کردے ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ انسانی جانوں کے تحفظ کاہے لہٰذا میری سپریم کورٹ آ ف پاکستان اورسندھ ہائیکورٹ سے اپیل ہے کہ اس معاملے پر سوموٹولیاجائے اور حکومت سندھ اور پولیس و انتظامیہ کوواضح احکامات دیئے جائیں کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حوالے سے موجود قوانین کوسخت سے سخت کیاجائے اوران پرعملداری کو یقینی بنایاجائے، قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کرنے والوں اورمعصوم شہریوں کوکچل کرہلاک وزخمی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ،شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اورٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کومعاوضہ اداکیاجائے ۔ جناب الطاف حسین نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں اورمیری ایم کیوایم کے تمام کارکنان جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت فرمائے اورلواحقین کوصبرجمیل عطا فرمائے۔