امریکہ کے صدرڈونلڈجے ٹرمپ اسرائیل اورفلسطین کے دیرینہ تنازعے کے دوریاستی حل کے نفاذ کے لئے حتمی اقدامات کریں۔صدرڈونلڈ ٹرمپ کوایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کاخط
لندن…6 فروری 2025ئ
میں صدرڈونلڈٹرمپ کوامریکہ کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے پراپنی اورایم کیوایم کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
میں توقع کرتاہوں کہ صدر ٹرمپ عالمی امن و استحکام کے فروغ اورجنگوں کوروکنے کے اپنے وعدوں کی تکمیل کے لئے فیصلہ کن اقدامات کریں گے جس کاوعدہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کیاتھا۔
میں جنگوں کوروکنے اور امن واستحکام کی بحالی کے لئیے صدرٹرمپ سے عاجزانہ درخواست کرتاہوں کہ اسرائیل فلسطین دیرینہ تنازعہ کے دو ریاستی حل کے نفاذ اور دنیا بھر میں آزادی کی حمایت کی جانب حتمی اقدامات کر یں۔ یہ عمل امن واستحکام اوروعدوں کی تکمیل کے لئے آپ کے خلوص کوثابت کرے اور دنیا بھر کے لوگوں کی نظروں میں آپ کی پوزیشن اور ساکھ کو مضبوط کرے گا ۔
ہم تمام اقوام کے لیے باہمی احترام اور قبولیت کے احساس کے ساتھ دنیا بھر میں امن اور استحکام کی حمایت اور خواہش رکھتے ہیں۔
میں صدرٹرمپ سے توقع کرتا ہوں کہ دنیامیں جمہوریت کو فروغ دینے کے لئے جہاں کہیں بھی ڈکٹیٹرز اورڈکٹیٹرشپ ہوں، وہ ان کے خلاف مؤثر اقدامات کر کے انہیں روکیں گے اور سول معاملات میں فوجی مداخلت کے خلاف مزاحمت کرنے والے اور جمہوریت، انصاف اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں پر جبر کے خلاف ڈٹ جائیں گے۔
مجھے یقین ہے کہ آپ پاکستان میں ان تمام لوگوں کی رہائی کے لئے اپنااثررسوخ استعمال کریں گے جنہیں پاکستان میں ناحق نظر بند کیا گیا ہے، مجھے توقع ہے کہ آپ سابق وزیر اعظم عمران خان ،ایم کیو ایم کے ممبرز، مہاجر، بلوچ، پشتون، سندھی، سرائیکی، کشمیری، گلگتی اور بلتستانی کارکنان سمیت تمام لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے، فوجی مداخلت اور سیاسی مخالفین پر جبر کے خاتمے کے لیے موثر کوششیں کریں گے۔ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ پاکستان میں سیاسی اور شہری حقوق کی وکالت کریں اور میرے، عمران خان اوران جیسے لیڈروں کی تقاریر اور اظہاررائے پرعائد غیر قانونی پابندی اٹھانے کے لئے آواز بلند کریں۔
مجھے امید ہے کہ آپ عالمی سطح پر انصاف، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کو فروغ دے کر ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے معاشی اور سماجی حالات کی بہتری کے لیے موثر کوششیں کریں گے تاکہ دنیا میں مساوات کوفروغ حاصل ہوسکے ۔
میں نہ صرف ریاست ہائے متحدہ امریکہ بلکہ پوری دنیا میں امن اور معاشی استحکام کے لیے خدا سے دعا کرتا ہوں۔
الطاف حسین
بانی وقائد
متحدہ قومی موومنٹ