آزادکشمیرمیں معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے فوری طورپر اقوام متحدہ کی امن فورس آزاد کشمیرمیں بھیجی جائے
ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگٹرس سے اپیل
کشمیری نوجوانوں کوجرنیلوں نے استعمال کیا ، پہلی مرتبہ وہ اپنے حقوق کیلئے نکلے تو ان پر گولیاں چلائی گئیں
سوشل میڈیا پر اپنے 55 ویں اسٹڈی سرکل میں آزادکشیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر خطاب
لندن …14 مئی 2024ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگٹرس سے اپیل کی ہے کہ آزادکشمیرمیں معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے فوری طورپر اقوام متحدہ کی امن فورس آزادکشمیرمیں بھیجی جائے اورعلاقے سے فوج اوررینجرز ہٹائی جائے۔انہوں نے یہ بات سوشل میڈیا پر اپنے 55 ویں اسٹڈی سرکل میں آزادکشیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی ریاستی اشرافیہ نے آزاد کشمیر کے عوام کو 76برسوںسے غلام بناکررکھاگیاہے،آزادکشمیرکے تمام فیصلے اسلام آباد میں ہوتے ہیں، وہاں کے صدر، وزیراعظم، وزراء elected نہیں بلکہ selected ہوتے ہیں، پاکستان کی فوج کی مرضی اورمنظوری کے بغیروہاں کوئی تقرری نہیں ہوسکتی۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم کی بھی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، فوج کامقررکردہ چیف سیکریٹری پورے آزادکشمیر کوچلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیرکی حکمراں فوجی اورسول اشرافیہ کوتوہرطرح کی مراعات حاصل ہیں، ان کے لئے توبجلی فری ہے لیکن عام کشمیریوں کو مہنگی بجلی فراہم کی جاتی ہے اورلاکھو ں کے بل دیے جاتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ کشمیری عوام 76سال سے اپنے بنیادی حقوق تک سے محروم ہیں،اب پہلی مرتبہ آزادکشمیر کے عوام اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرنے نکلے تومظفرآباد کے علاقوں میں ان پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجے میں کئی کشمیری نوجوان شہید اورزخمی ہوگئے۔یہ سراسر ظلم ہے اورمیں اس ظلم کی شدید مذمت کرتا ہوں اورفوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تمام کشمیریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی فوج نے اپنا حق مانگنے پر مہاجروں، سندھیوں، بلوچوں، پختونوں، گلگتی ، بلتستانیوں کے خلاف آپریشن کئے ، انہیں ماورائے عدالت قتل کیا،ان پر مظالم ڈھائے ،صرف کشمیری رہ گئے تھے ، اب اپنے حق کے لئے احتجاج کرنے پرفوج کی جانب سے ان پر بھی بیدریغ گولیاں چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کشمیریوں پرہونے و الے ان ریاستی مظالم اور کشمیری عوام کے دکھ درد کاپوری طرح احساس ہے کیونکہ گھائل کی گھت گھائل ہی جان سکتا ہے، مہاجروں پر بھی اسی طرح کے مظالم ڈھائے گئے ہیں اورآج تک ڈھائے جارہے ہیں،ہمارے ہزاروں بے گناہ مہاجرنوجوانوں کو اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے کی پاداش میں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا، میری جماعت پر آج بھی ہرطرح کی پابندی ہے اورہم پر آج بھی مظالم ہورہے ہیں ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی فوج کے جرنیلوں نے کشمیری نوجوانوں کو ''کشمیر بنے گا پاکستان '' کانعرہ دیکرانہیں جہادی بنایا ، انہیں انڈیا بھیج بھیج کران سے دھماکے کروائے اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کومروادیا، جب انڈیانے آرٹیکل 370 ختم کرکے انڈین کشمیر کواپنے ساتھ ملالیاتو اس وقت پاکستان کے فوجی جرنیل کہاں چلے گئے تھے؟ انہوں نے انڈیاکے اس اقدام پر انڈیاپرحملہ کرکے اس سے کشمیر کوآزادکیوں نہیں کرایا اور انڈیا کویہ یہ جواب کیوں نہیں دیاکہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اوریہاں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق استصواب رائے ہوناہے۔ فوج کشمیری عوام اور اپنے ہی ملک کے شہریوں کے خلاف ریاستی طاقت استعمال کرنے کی روش پر کیوں عمل پیراہے؟
جناب الطاف حسین نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگٹرس سے اپیل کی کہ وہ آزادکشمیرمیں معصوم کشمیریوں کا قتل بند کرانے کے لئے اقوام متحدہ کی امن فورس آزادکشمیر بھیجیں۔ یہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی آئینی ، قانونی اوراخلاقی ذمہ داری بھی بنتی ہے اسلئے کہ خطہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور یہ قرارداد آج بھی اقوام متحدہ کے پاس موجود ہے کہ کشمیریوں کوان کی قسمت کافیصلہ کرنے کا اختیاردیا جائے گا۔ لہٰذا اب جبکہ اپنے بنیادی حق کے لئے آوازاٹھانے پر آزادکشمیر کے عوام کوقتل کیا جارہا ہے تواقوام متحدہ کواس معاملے کانوٹس لیتے ہوئے فوری مداخلت کرنی چاہیے۔
آزادکشمیرکے عوام کواس بات پر غورکرناچاہیے کہ ان کاقتل کیاجارہاہے، انہیں ریاستی طاقت سے دبایا جارہا ہے، ایسے میں کشمیرکے نام پر سیاست کرنے والے کسی ایک بھی سیاسی لیڈرنے اس ظلم کے خلاف آوازبلند نہیں کی ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں کشمیری عوام پر ہونے والے ان مظالم کے خلاف آوازاٹھارہاہوں اور اٹھاتا رہوں گا۔میں حقوق کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ ہوں اوران کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہارکرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ جب تک الطاف حسین زندہ ہے وہ کشمیریوں کے لئے ، جہاں جو مظلوم ہوالطاف حسین ہرمظلوم کے لئے آوازاٹھاتارہے گا، خواہ اس نے ہمارے لئے آوازاٹھائی ہو یا نہ اٹھائی ہو، الطاف حسین حسینی ہے ، وہ یزیدی قوتوں کے خلاف بولتارہے گا۔