کراچی میں شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ، قائد تحریک الطاف حسین
لوٹ مار اورقتل وغارتگری میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو
رینجرز وپولیس میں موجود ''کالی بھیڑوں''کی سرپرستی حاصل ہے
رینجرز اورپولیس کی موجودگی میں جرائم پیشہ عناصر کھلے عام
شہریوں سے لوٹ مارکررہے ہیں
رواں ماہ میں درجنوں شہریوں کو لوٹ مارکی واردات کے دوران
گولیاں مار کر قتل کیا جاچکا ہے
لندن۔۔۔25،مارچ2024ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں اور مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ روز نارتھ کراچی بلال کالونی میں ڈکیتی کی مزاحمت پرایک نوجوان عبدالرحمان کو قتل کردیا گیا جبکہ رواں ماہ کے دوران کراچی میں درجنوں شہریوں کو لوٹ مارکی واردات کے دوران گولیاں مار کر قتل کیا جاچکا ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں رینجرز ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی موجودگی کے باوجود جس طرح جرائم پیشہ عناصر کھلے عام شہریوں سے لوٹ مارکررہے ہیں اور معمولی مزاحمت پر بے گناہ شہریوں کا خون بہارہے ہیں اس سے ایسا لگتا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود'' کالی بھیڑوں'' کی سرپرستی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر نہ صرف شہریوں کو آزادی سے لوٹ رہے ہیں بلکہ انہیں قتل بھی کررہے ہیں اورکھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے ارباب اختیار اور ارباب اقتدار سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائمز کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیاجائے ، شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ، اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ڈاکوؤں ، لٹیروں اوران کے سرپرستوں کو گرفتارکرکے قانون کے کٹہرے میں لایاجائے اور کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران جاں بحق ہونے والے تمام شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااور انہیں صبر کی تلقین کی ۔
٭٭٭٭٭