ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین کی جانب سے تمام کارکنوں، ماؤں، بہنوں،بزرگوں،بچوںاو رپوری قوم کو ایم
کیوایم کے 40ویںیوم تاسیس کی دلی مبارکباد
شہیدوں کے مقدس لہو اوروفاپرست کارکنان وعوام کی قربانیو ں کی بدولت ایم کیوایم نہ صرف قائم ہے بلکہ آج مہاجروں کے ساتھ ساتھ تمام محروم ومظلوم قوموں کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے ۔ الطاف حسین
لندن…18مارچ2024ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام کارکنوں، ماؤں، بہنوں، بزرگوں،بچوںاورتحریک سے وابستہ پوری قوم کو ایم کیوایم کے 40ویںیوم تاسیس کی دلی مبارکبادپیش کی ہے ۔ اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ 18مارچ 1984ء کوقائم ہونے والی ایم کیوایم نے اپنی 40 سالہ جدوجہد میں کئی بارآگ اورخون کے دریا عبور کئے ، اس کے مشن ومقصد میں 25ہزارسے زائد کارکنوں، ماؤں،بہنوں، بزرگوں اور بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،شہیدوں کی انہی قربانیوں کی بدولت ایم کیوایم پاکستان کی تیسری اورسندھ کی دوسری بڑی جماعت بنکرابھری۔ایم کیوایم کو ختم کرنے کے لئے پاکستان کی استحصالی قوتوں نے ریاست کی طاقت کے ذریعے بہت مظالم ڈھائے اور آج تک ڈھائے جارہے ہیں لیکن ہمارے شہیدوں کے مقدس لہو اور وفاپرست کارکنان وعوام کی قربانیو ں کے صدقے ایم کیوایم نہ صرف قائم ہے بلکہ آج وہ مہاجروں کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تمام محروم ومظلوم قوموں کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ہماری تحریک کے تمام شہداء کے درجات بلندفرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورہماری تحریک محروم ومظلوم عوام کے حقوق کے حصول، ملک میں غریب ومتوسط طبقے کے انقلاب اورانصاف کے جس نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، اللہ ہمیں اس میں کامیابی عطا فرمائے ۔
٭٭٭٭٭