16دسمبر کی تاریخ پاکستان کے لئے ایک منحوس تاریخ ہے
جس روز پاکستان ٹوٹ گیا تھا۔الطاف حسین
جس قوم کے افراد کواپنے وطن کے سنگین سانحات کی تاریخیں یادنہیں رہتیں،ان ممالک کاجغرافیہ دیر یا بدیرتقسیم در تقسیم ہوجاتاہے۔ کارکنوں کے اجلا س سے خطاب
لندن … 16 دسمبر 2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہا ہے16دسمبر کی تاریخ پاکستان کے لئے ایک منحوس تاریخ ہے جس روز پاکستان ٹوٹ گیا تھا۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز کارکنوں کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ کوئی تاریخ اچھی یابری ،منحوس یاخوش کن نہیں ہوتی، کوئی بھی تاریخ کسی کیلئے خوشی کا باعث ہوتی ہے جبکہ کسی کیلئے وہ منحوس یاتباہ کن ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ 16دسمبر پاکستان کیلئے منحوس تاریخ ہے جس روز قائداعظم کاپاکستان ٹوٹ گیاتھا اورمشرقی پاکستان الگ ہوکر بنگلہ دیش بن گیا جبکہ بنگالیوں کیلئے یہ تاریخ خوشی کا باعث ہے کیونکہ اس روز بنگالی عوام کوپاکستان سے آزادی ملی اوران کا خطہ بنگلہ دیش کے نام سے ایک آزاد وطن بنکر ابھرا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان نہ انڈیانے توڑا، نہ شیخ مجیب نے توڑا، نہ بنگالیوںنے توڑا، نہ مکتی با ہنی نے توڑا، حقیقت یہ ہے کہ پاکستان انگریزوں کی وفاداری کرنے والے فوجی جرنیلوں نے توڑا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کا ٹوٹنا اتنا بڑاسانحہ تھالیکن یہ المیہ ہے کہ آج سرکاری ٹیلیوژن پی ٹی وی سمیت کسی بھی ٹی وی پراس سانحے کی یاد میں ایساکوئی پروگرام نہیں کیا گیا جس میں پاکستان کے دولخت ہونے پر بات کی گئی ہو، اس سانحہ پر کسی رنج والم کا اظہار کیاگیاہو۔ جس کانتیجہ یہ ہے کہ اہلِ پاکستان اس سانحے سے بے خبر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کے افراد کی اکثریت کواپنے وطن سے منسلک سنگین ترین سانحات کی تاریخیں یادنہیں رہتیں،ان ممالک کا جغرافیہ دیریابدیرتقسیم در تقسیم ہوجاتاہے اوراس کانام ونشان مٹ جاتا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ نئی نسل کو اپنے ملک کی اصل تاریخ سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے اور اصل حقائق سے واقف ہوناچاہیے۔