محمد یوسف شہید نے حق پرستی کے چراغ کو اپنے لہو سے روشن کیاہے، قائد تحریک الطاف حسین
مجھے یقین ہے کہ تحریک کے وفاپرست کارکنان اِس چراغ کو کبھی بجھنے نہیں دیں گے
سفاک قاتلوں نے آپ سے آپ کے شوہر اور والد کو ہی نہیں چھینا بلکہ تحریک کوایک بہادر ،
جری ، محنتی، ایماندار اوروفادارساتھی سے بھی محروم کردیا ہے
میرا دل گواہی دے رہا ہے کہ محمد یوسف خان شہید ہیں اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں
محمد یوسف شہید کی بیوہ اور صاحبزادی سے ٹیلی فون
پراظہار ِتعزیت
میں تحریک کے لئے ہردَم حاضر ہوں اور ہم سب مل کرتحریک کے مشن کو جاری رکھیں گے، شہید کی بیوہ
الطاف دادا ، میں آپ جیسے بہادر کی پوتی اور بہادرباپ کی بیٹی ہوں ،شہید کی صاحبزادی
لندن۔۔۔30، اکتوبر2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ محمد یوسف شہید نے حق پرستی کے چراغ کو اپنے لہو کی قربانی دیکر روشن کیاہے اور مجھے یقین ہے کہ تحریک کے وفاپرست کارکنان اِس چراغ کو کبھی بجھنے نہیں دیں گے ۔ ان خیالات کااظہارجناب الطاف حسین نے محمد یوسف شہید کی بیوہ اور صاحبزادی سے ٹیلی فون پرتعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہید کے صاحبزادے فیروز یوسف ، شیروز یوسف ،ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اور ڈربن چیپٹرکے ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے ۔ جناب الطاف حسین نے شہید کے سوگوارلواحقین گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آ پ جس دُکھ ، کرب اور غم کے ناقابل ِ برداشت لمحات سے گزر رہے ہیں اس کا اندازہ کوئی نہیں لگاسکتا، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ہرنفس کو موت کا مزا چکھنا ہے ،لیکن جو لوگ اپنے گھربار اور بیوی بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ کسی نیک مشن ومقصد کی جدوجہد کوبھی اپنی ذمہ داری کا حصہ بنالیتے ہیں وہ اس دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ جب پاکستان میں محمد یوسف خان اور ان کے گھروالوں کاجینا مشکل کردیاگیا تو انہوں نے بھی حالات کے جبرکے باعث ساؤتھ افریقہ ہجرت کرلی تاکہ بچوں کی تعلیم وتربیت اور بہتر پرورش کے ساتھ ساتھ تحریکی جدوجہد بھی جاری رکھ سکیں ۔ محمد یوسف خان نے اپنے عہد ِ وفاکونبھاتے ہوئے مشکل ترین حالات میں ساؤتھ افریقہ میں تحریک کے مشن ومقصد کو آگے بڑھایا اور ان کے عمل کو دیکھ کر تحریک کے دشمنوںنے محمد یوسف کی آواز خاموش کردی اور تحریک کا بہت ہی پیارا ساتھی ہم سے چھین لیا۔ جناب الطاف حسین نے شہید کی بیوہ اور بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سفاک قاتلوں نے آپ سے آپ کے شوہر اور والد کو ہی نہیں چھینا بلکہ تحریک کوایک بہادر ، جری ، محنتی، ایماندار اوروفادارساتھی سے بھی محروم کردیا ہے ۔دنیا بھرمیں مقیم تحریکی ساتھی محمد یوسف خان کی شہادت پر سوگوار ہیں اور شہید کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ محمد یوسف شہید جسمانی طورپر ہم سے جدا کردیے گئے ہیں لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ راہ ِ حق میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے مرا نہیں کرتے ، میرا دل گواہی دے رہا ہے کہ محمد یوسف خان شہید ہیں اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ محمد یوسف شہید نے جس مشن ومقصد کیلئے اپنی جان کی قربانی دی ہے ، اُس مشن ومقصد کی تکمیل کیلئے تحریک کے تمام ساتھی اپنی جدوجہدجاری رکھیں اور محمد یوسف شہید نے اپنے لہو کا نذرانہ دیکر تحریک کے جس چراغ کو روشن کیاہے اسے کبھی بجھنے نہیں دیں گے ۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو تلقین کی کہ وہ محمد یوسف شہید کے لواحقین کا غم بانٹیں، ان کا ہرممکن خیال رکھیں اور محمد یوسف شہید کی قربانی کو یادرکھتے ہوئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ، ہمیں بھی تحریک کے شہداء کے مشن ومقصد کو جاری رکھنے کی ہمت وتوفیق عطا فرمائے۔
جناب الطاف حسین نے محمد یوسف شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ، محمدیوسف شہید کے صغیرہ کبیرہ گناہوں کی مغفرت فرمائے ،
ان کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے۔ (آمین ثمہ آمین)
اس موقع پر محمد یوسف شہید کی بیوہ نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی قیادت میں ایم کیوایم ،غریب ومظلوم عوام کے حقوق کیلئے عظیم مقصد کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور میرے شوہر محمد یوسف نے پوری زندگی تحریک کی محبت میں گزاردی اور وہ تحریک کی محبت اپنے ساتھ لیکر اس دنیا سے رخصت ہوگئے ، مجھے امید ہے کہ محمد یوسف شہید نے حق پرستی کی جو شمع روشن کی اُسے تحریکی ساتھی جلائے رکھیں گے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ الطاف بھائی، میں تحریک کے لئےہردَم حاضر ہوں اور ہم سب مل کرتحریک کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر محمد یوسف شہید کی صاحبزادی نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الطاف دادا ، میں آپ جیسے بہادر کی پوتی اور بہادرباپ کی بیٹی ہوں ، چاہے حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور حق پرستی کی جدوجہد کوجاری رکھیں گے ۔
اس موقع پر ایم کیوایم برطانیہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اور شعبہ خواتین کی اراکین نے بھی شہید کی بیوہ اور صاحبزادی سے دلی تعزیت کی ،محمدیوسف شہیدکوخراج عقید ت پیش کیا اورانکے بلنددرجات کی دعائیں کیں۔
٭٭٭٭٭