میں پاکستان کامخالف نہیں،کرپٹ اورظالمانہ سسٹم کامخالف ہوں۔ الطا ف حسین
میں نہ کل کسی قوم کادشمن تھا، نہ ہی آج ہوں، میں کسی کامخالف نہیں،
میں کرپٹ وڈیروں، جاگیرداروں اورکرپٹ جرنیلوںکا مخالف ہوں
میاں نوازشریف کی واپسی آئین قانون کے تحت نہ ہوئی توپنجاب کے عوام
کسی بھی غیرآئینی اقدام کوقبول نہیں کریںگے
جتناظلم ایم کیوایم کے لوگوں پر ہوااس کا5فیصدبھی پی ٹی آئی والوں پر نہیں ہوا
عمران خان آئندہ الیکشن میں جاگیرداروں کے بجائے غریب اورمڈل کلاس سے تعلق رکھنے والوں کوٹکٹ دیں
حکمراں جب تک عالمی قوتوں کے مفادات کیلئے کام کررہے ہیں وہ پیسے دیتے رہیں گے، جس دن انہیں آ پکی ضرورت نہ رہی، پاکستان کوبچاناناممکن ہوجائے گا
'' غریبوں کاانقلاب، زندہ باد …پاکستان پائندہ باد ''
لندن میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام 70ویں سالگرہ کے اجتماع سے خطاب
لندن … 24 ستمبر 2023ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ میں نہ کل کسی قوم کادشمن تھا، نہ ہی آج ہوں، میں کسی کامخالف نہیں، میں کرپٹ وڈیروں، جاگیرداروں اورکرپٹ جرنیلوں کا مخالف ہوں،میں پاکستان کامخالف نہیں، پاکستان میراملک ہے اورمیں ایک سچاپاکستانی ہوں ۔ جناب الطاف حسین نے ان خیالا ت کااظہار گزشتہ روز لندن میں اپنی 70ویں سالگرہ کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شمالی لندن کے علاقے ایجویئر کے مقامی ہال میں ہونے والے اجتماع میںلندن کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگرشہروں سے تعلق رکھنے والے لوگوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے ملک کے کرپٹ سسٹم کے بارے میں اپنے تحفظات کااظہارکرنے کے ساتھ ساتھ ، ملک کے سیاسی نظام میں فوج کی مداخلت ، ایم کیوایم کی فلاسفی اور سیاسی حالات کے بارے میں کھل کراپنے مؤقف کااظہارکیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج سابق وزیراعظم میاں نوازشریف صاحب کی پاکستان واپسی کی بات ہورہی ہے، وہ بالکل پاکستان واپس جائیں لیکن اگران کی واپسی اوروہاں پیش آنے والے معاملات آئین قانون کے تحت نہ ہوئے توپنجاب کے عوام کسی بھی غیرآئینی اقدام کوقبول نہیں کریںگے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان عوام کاہونا چاہیے لیکن قیام پاکستان کے بعد سے مراعات یافتہ طبقہ کے چند خاندان اوران کی اولادیں نسل درنسل پاکستان پر حکمرانی کررہی ہیں۔ ایم کیوایم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے اورباصلاحیت نوجوانوںکواسمبلیوں میں بھیجا، ایم کیوایم نے پورے ملک میں پھیلناچاہاتواس کے خلاف فوجی آپریشن شروع کردیاگیا۔ ایم کیوایم کے ٹکڑے کئے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک سلیبریٹی تھا، وہ فیوڈل نہیں تھا، اس کی جماعت کے خلاف آپریشن شروع ہواتوآج عمران خان کوبھی معلوم ہوگیاہے کہ اس کے ساتھ صرف متوسط طبقہ کے لوگ کھڑے ہیں جبکہ پارٹی کے تمام فیوڈلز اس کاساتھ چھوڑ گئے۔ انہوں نے کہاکہ جتناظلم ایم کیوایم کے لوگوںپر ہوااس کا5فیصدبھی نہیں ہوا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کوچاہیے کہ وہ آئندہ الیکشن میں جاگیرداروںکے بجائے غریب اورمڈل کلاس سے تعلق رکھنے والوںکوٹکٹ دیں۔ انہوں نے پنجاب کے عوام سے کہا کہ وہ عمران خان اورپی ٹی آئی کی گرفتارخواتین کی رہائی کے لئے آواز اٹھائیں اور ایم کیوایم کی تاریخ پڑھیں۔ایم کیوایم کے ہزاروںکارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیاگیا، سینکڑوںکارکنان 1992ء سے آج تک لاپتہ ہیں، ہزاروں آج بھی جیلوں میں ہیں، سینکڑوں بلوچ، سندھی اورپشتون لاپتہ ہیں ۔ پنجاب کے عوام نے مہاجروں، بلوچوں، سندھیوںاورپشتونوںکوغدارکہا، انہیں ان مظلوم قوموں کادردمحسوس کرناچاہیے اورظالموںکے خلاف آوازبلندکرنا چاہیے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ آج پنجاب کے عوام بھی سمجھ گئے ہیںاورخودنعرے لگارہے ہیں کہ '' یہ جودہشت گردی ہے،اس کے پیچھے وردی ہے'' ، '' یہ جو غنڈہ گردی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے '' ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج ملک بھر کے عوام اس حقائق کوجان گئے ہیں کہ ملک کے کرپٹ اور گندے سسٹم کوقائم کرنے والے اوراس کے اصل رکھوالے فوج کے کرپٹ جرنیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں فوج کے خلاف نہیں کرپٹ جرنیلوںکے خلا ف ہوں، میں سپاہیوں کی بات نہیں کرتا، وہ اپنے اعلیٰ حکام کے احکامات کے پابند ہوتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے فوج کی اعلیٰ قیادت کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ بڑی طاقتوں کے مفادات کانہیںاپنے ملک کاسوچیںکیونکہ جب تک آپ عالمی قوتوں کے مفادات کے لئے کام کررہے ہیںیہ آپ کوپیسے دیتے رہیں گے، جس دن انہیں آ پ کی ضرورت نہ رہی، اس دن پاکستان کوبچاناناممکن ہوجائے گا۔ پاکستان کے عوام ریاست سے تنگ آچکے ہیں، لہٰذا وقت کاتقاضہ ہے کہ آپ مہاجروںسے بات کریں، بلوچوں، سندھیوں، پشتونوںسے بات کریں۔جناب الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے کراچی میں تاجروں، صنعتکاروںسے ملاقات میں کہاتھاکہ آپ ملک سے کرپشن ختم کردیںگے، لیکن کیاآپ ٹی وی پر آکرقوم کوبتاسکتے ہیں کہ اب تک آپ نے کتنے بڑے بڑے کرپٹ لوگوںکوپکڑا، فوج کے کتنے کرپٹ لوگوںکوپکڑاجوملک کو لوٹ کربھاگ گئے۔ انہوں نے کہاکہ فوج کاکام سرحدوںکادفاع کرناہے، کاروبار کرنانہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان میں عدلیہ بھی آزادنہیں ہے ، وہ بھی فوج کے بوٹوں تلے دبی ہوئی ہے ۔پورانظامِ ریاست طاقتورکرپٹ عناصر کے ہاتھوں یرغمال ہے۔انہوں نے ملک کے عوام سے کہاکہ وہ ان کی پرانی تقاریرنکال کرپڑھیںاوردیکھیں کہ وہ ملک کے نظام کی تبدیلی کے لئے برسوںسے کیاکہتے آئے ہیں۔ جناب الطا ف حسین نے پاکستان اوراس کے عوام کے لئے نیک خواہشات کااظہارکیااوراپنی تقریر کااختتام '' غریبوں کاانقلاب، زندہ باد …پاکستان پائندہ باد '' کے نعرے پر کیا۔
٭٭٭٭٭