پیٹرول کی قیمت میں غیرمنصفانہ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ، قائد تحریک الطاف حسین
پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرائے ، خشک اجناس، سبزیوں، پھلوں اورروزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے
اشرافیہ کی شاہ خرچیاں ختم کرنے کے بجائے عوام پر پیٹرول بم مارنا سراسر ظلم ہے
پاکستان کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشرافیہ کی شاہ خرچیاں بند کی جائیں
لندن۔۔۔16، ستمبر2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے پیٹرول کی قیمت میں26 روپے فی لیٹراضافے پر گہری تشویش کااظہارکیاہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیںاورہوش ربا مہنگائی کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کی دسترس سے بہت دُورہوچکی ہیںاور ہوش ربا مہنگائی کے باعث فاقہ کشی میںمبتلا عوام خودکشی جیسے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہیں، ایسے حالات میں حکمراں طبقے کی جانب سے پاکستان کی دوفیصد اشرافیہ کی شاہ خرچیاں ختم کرنے کے بجائے پاکستان کے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام پر پیٹرول بم مارنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں اچانک 26 روپے فی لیٹر اضافے سے پیٹرول کی قیمت 331 روپے فی لیٹر ہوچکی ہے اور پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرائے ، خشک اجناس، سبزیوں، پھلوں اورروزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے جس کا بوجھ غریب عوام پر ہی پڑے گا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر حکومت کی جانب سے مہنگائی کے جن پر قابو نہ پایاگیا تو خدشہ ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے اور ملک میں سول نافرمانی کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوجائے ۔ ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے عوام دوست اقدامات اٹھانا نگراں حکومت کا اولین فرض ہے ۔
جناب الطاف حسین نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے مطالبہ کیاکہ پیٹرول کی قیمت میں غیرمنصفانہ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ، پاکستان کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشرافیہ کی شاہ خرچیاں بند کی جائیں ، فوجی جرنیلوں، ججوں ، بیوروکریٹس اور سرکاری افسران کو مفت پیٹرول فراہم کرنے کی سہولت ختم کی جائے اور عوام کومہنگائی کے عفریت سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات بروئے کارلائے جائیں۔
٭٭٭٭٭