پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے مظلوم عوام کو متحد ہوکراقتدارمافیا کے خلاف میدان عمل میں آنا ہوگا، قائد تحریک الطاف حسین
پاکستان کی اقتدار مافیا، جمہوریت اورانسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے
مظلوم عوام، اقتدارمافیاسے نجات حاصل کریں تب ہی ملک بچ سکتا ہے
جس ملک میں آئین وقانون پر عملدرآمد کرانے والے ادارے غیرقانونی وغیرآئینی اقدامات کریں اس ملک کا پورا نظام ہی چوپٹ ہوجاتا ہے
پاکستان اور اوورسیز یونٹوں کے کارکنان کے اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب
لندن۔۔۔18، اگست2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے ملک بھرکے مظلوم عوام کو متحد ہوکراقتدارمافیا کے خلاف میدان عمل میں آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جناب الطاف حسین نے گزشتہ روز پاکستان اور اوورسیز یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان کے اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی اقتدار مافیا، جمہوریت اورانسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے اور اس اقتدار مافیا کی وجہ سے قیام پاکستان کے بعد سے لیکرآج کے دن تک ملک میں ایک دن کی بھی صحیح معنوںمیں جمہوریت نافذ نہیں ہوسکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک پاکستان کے مظلوم عوام متحد ہوکر اقتدار مافیا کے خلاف میدان عمل میں نہیں آئیں گے پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور بقاء وسلامتی کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی لہٰذا ملک بھرکے مظلوم عوام کو تمام ترسیاسی ونظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کراتحاد کامظاہرہ کریں ،کرپٹ فوجی جرنیلوں، ججوں، جاگیرداروں اور جرنلسٹوں پر مبنی دوفیصد اشرافیہ کی اقتدارمافیاسے نجات حاصل کریں تب ہی ملک بچ سکتا ہے ۔
جناب الطاف حسین نے بلوچوں، سندھیوں، پنجابیوں ،پشتونوں،قبائلیوں، مہاجروں، ایم کیوایم اورپاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریوں ، جبری گمشدگیوں اور چھاپوں کے دوران مظلوم قوموں کی خواتین کی بے حرمتی کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جس ملک میں آئین وقانون کے محافظ ادارے آئین اور قانون شکنی کا عمل کریں، قبائلیوں، بلوچوں ، سندھیوں، پشتونوں، پنجابیوں اورمہاجروں کے گھروںپر بغیرسرچ وارنٹ کے چھاپے ماریں ، غیرقانونی چھاپوں کے دوران خواتین کی بے حرمتی کریں، گرفتاری کے وارنٹ کے بغیر شہریوں کو گرفتارکریں، مطلوبہ فرد کے نہ ملنے پر ان کے والد، بھائی اور بیٹوں کو گرفتارکریں ، گھروالوں کے سامنے گرفتارکیے گئے افراد کو برسہابرس کیلئے جبری گمشدہ کردیں، عدالتیں جبری لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہوں اورمظلوم عوام انصاف کے حصول کیلئے دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورکردیئے جائیں تو ایسے ملک کا پورا نظام ہی تلپٹ اورچوپٹ ہوجاتا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آئین اورقانون پر عملدرآمد کے ذمہ دار ادارے فوج، رینجرز یا سیکوریٹی ایجنسیاں جب قانون شکنی کرتے ہوئے شہریوں کو گرفتارکرکے لاپتہ کردیں ، ان کی مسخ شدہ لاشیں سڑکوں پرپھینک دیں یا حراست کے دوران وحشیانہ تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتانے لگیں اور عدالتیں اس ظلم وبربریت پر مظلوموں کو انصاف فراہم نہ کریں، عدالتیں گونگی، بہری اوراندھی بن جائیں تومظلوم عوام کہاں جائیں ، جس ملک میں طاقت کے بل پر ظلم وبربریت کاراج قائم کردیاجائے ایسے ملک کانظام چوپٹ نہیں ہوگا توپھر کیاہوگا؟انہوںنے کہاکہ جن اداروں پر آئین اور قانون پر عملدرآمد کی ذمہ داری ہے اگر وہی قانون اور آئین شکنی کا عمل کریں تو ان اداروں کے افسران اوراہلکار سب سے بڑے مجرم ہوتے ہیں، قانون پر عملدرآمد کرانے والے ادارے جب خودغیرقانونی اورغیرآئینی عمل کریں گے تو مظلوم عوام ان اداروں سے لڑنے کی طاقت تو نہیں رکھتے لیکن ان کے دلوں میں اداروں کے خلاف نفرتوں کاجنم لینا قطعی فطری ہوتا ہے اورمظلوم عوام کوجہاں کہیں موقع ملتا ہے وہ ان اداروں اور عدالتوں کے خلاف نعرے لگاکر اپنی نفرت کااظہارکرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج صوبہ پنجاب سمیت ملک کے ہرصوبے میں وردی اور عدالتوںکے خلاف نعرے لگائے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جس ملک میں عوام کو انصاف نہ ملے ، ہرطرف ظلم اورناانصافی کا راج ہوتو حضرت علی کاقول یاد آتا ہے کہ ''کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم وناانصافی کی حکومت قائم نہیں رہ سکتی''جناب الطا ف حسین نے کہاکہ دنیا میں بیشتر غیرمسلم ممالک ہیں جہاں کفر کی حکومت ہے لیکن وہ اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کرتی ہیں اورآئین وقانون پر پوری طرح عمل کرتی ہیں ایسے ممالک نہ صرف مضبوط ومستحکم ہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک کی صفوںمیں بھی شامل ہیں۔
جناب الطاف حسین نے آج مہاجرقوم کے میرجعفراورمیرصادق اپنی ہی قوم کے بزرگوں اورنوجوانوں کی مخبریاں کرکرکے انہیں گرفتارکروارہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کوہراساں کررہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں تمام وفاپرست کارکنان وہمدرد عوام پر زوردیا کہ وہ قوم کے میرجعفروں اور میرصادقوں کی سازشوں سے ہوشیاررہیں اور انہیںوفاپرستوں کی مخبریاں کرکے گرفتار اورجبری گمشدہ کرانے کاکوئی موقع نہ دیں۔
٭٭٭٭٭