یوم آزادی کے موقع پرکراچی ، حیدرآباد ، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروںسے ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کی بلاجواز اور غیرقانونی گرفتاریاں ریاستی جبرکاتسلسل ہے ، رابطہ کمیٹی
ایم کیوایم اور جناب الطاف حسین کی دشمنی میں عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کی بلاجواز وغیرقانونی گرفتاریوں کا نوٹس لیں، رابطہ کمیٹی کامطالبہ
لندن۔۔۔15، اگست2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے یوم آزادی کے موقع پرکراچی ، حیدرآباد ، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروںسے ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کی بلاجواز اور غیرقانونی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کو ایم کیوایم کے خلاف ریاستی جبرکاتسلسل قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ روز کراچی ، حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروںمیں شہریوں نے یوم آزادی کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں میں ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں نعرے لگائے جس کی پاداش میں پیراملٹری رینجرز اورپولیس نے بے گناہ کارکنان اورکمسن بچوں سمیت عام شہریوں کو گرفتارکرلیاحتیٰ کہ ایم کیوایم سکھر کے سینئرکارکن نعیم قریشی جو کسی ریلی میں شریک ہی نہیں تھے اور اپنے گھر میں سو رہے تھے لیکن رینجرزاورپولیس کے اہلکاروںنے ان کے گھرپر چھاپہ مارکرنعیم قریشی کوبھی گرفتارکرلیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کایہ حکم ریکارڈ پر موجود ہے کہ'' نعرے خواہ کتنے ہی سخت ہوں انہیںکسی بھی صورت جرم یا مجرمانہ سازش قرارنہیں دیاجاسکتا''، اس کے باوجود جب 9، جولائی 2023ء کوکراچی کے علاقے کورنگی کے عوام نے ریلی نکال کرجناب الطاف حسین اورایم کیوایم کے حق میں نعرے لگائے تورینجرز اورپولیس کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھرمیں ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیاگیااورایم کیوایم کے ڈیڑھ سو سے زائد کارکنوں اورہمدردوں کو گرفتارکرلیا، جب سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے گرفتارشدگان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے توپیپلزپارٹی کی نسل پرست سندھ حکومت نے عدالتی حکم کو ہوا میں اڑاتے ہوئے انہیںغیرقانونی طورپر ایم پی او کے تحت نظربند کردیا اور سندھ کی دوردراز جیلوں میں منتقل کردیا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ روز بھی کراچی ، حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں میں یوم آزادی کے موقع پرنکالی جانے والی ریلیوں میں عام شہریوں نے جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں نعرے بازی کی تو رینجرز اورپولیس نے کمسن بچوں سمیت ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کو گرفتارکرلیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم اور جناب الطاف حسین کی دشمنی میں عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم کے کارکنان وعوام کو ہراساں کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے لیکن ریاستی جبروستم کے ہتھکنڈوںسے مہاجرعوام کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے اور نہ ہی انہیں جناب الطاف حسین کے حق میں نعرے لگانے سے باز رکھاجاسکتاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے مطالبہ کیاکہ کراچی ، حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں میں ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کی بلاجواز وغیرقانونی گرفتاریوں کا نوٹس لیاجائے ، تمام گرفتارشدگان کوفی الفور رہاکرایا جائے اوروفاپرست کارکنان وعوام کو سیاسی سرگرمیوں کی آزادی دی جائے ۔
٭٭٭٭٭