سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ایم کیوایم کے نظربند کارکنوں کی رہائی
کاعمل شروع ہوگیا
ایم کیوایم کی ایڈوائزری کونسل کے سابق انچارج آفتاب بقائی
اور دیگر کارکنوںکو کراچی سینٹرل جیل سے رہاکردیاگیا
خیرپورجیل سے بھی ایم کیوایم کے دوکارکنوںکی رہائی
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفےٰ عزیزآبادی اوررابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے آفتاب بقائی کوفون پر رہائی پر مبارکباد پیش کی
لندن… 26جولائی 2023ئ
سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ایم کیوایم کے نظربند کارکنوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا۔ ہائیکورٹ سے رہا ئی کے احکامات ملنے پرکراچی سینٹرل میں نظربند ایم کیوایم کی ایڈوائزری کونسل کے سابق انچارج آفتاب بقائی اورچند دیگر کارکنوںکوبدھ کی شب رہاکردیاگیا ۔ ایم کیو ایم کے وکلاء ،کارکنوں اوراہل خانہ نے جیل کے باہر ان کاخیرمقدم کیا اور انہیں رہائی پر مبارکباد پیش کی ۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفےٰ عزیزآبادی اوررابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی آفتاب بقائی کوفون پر رہائی پر مبارکباد پیش کی ۔ عدالت کے حکم پرخیرپورجیل سے بھی ایم کیوایم کے دوکارکنوںکوبدھ کی شب رہاکردیاگیاجنہیں کراچی سے گرفتارکرکے خیرپورمنتقل کیا گیاتھا۔ایم کیوایم خیرپور زون کے کارکنوںنے جیل سے رہا ہونے والے کارکنوںکاخیرمقدم کیا اورانہیں رہائی پر مبارکباد پیش کی ۔ یاد رہے کہ 9جولائی کو کورنگی میں پرامن ریلی نکالنے پر کورنگی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں تھیں اورکراچی کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ ، ٹنڈوالہ یار اوردیگرعلاقوں سے بھی ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریاں کی گئی تھیں اورانہیں دوردراز کی جیلوں میں نظربند کردیاگیاتھا۔