تحریک ِ انصاف کے گمنام کارکنوں کے نام ۔۔۔ الطاف حسین کاپیغام
——————
PTIکے گمنام مگرسچے چاہنے والو !
سلام وآداب
آج میں اپنے اِس tweet کے ذریعے پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے گمنام مگر سچےّ چاہنے والےلاکھوں کارکنوں سے مخاطب ہوکراُن سے یہ کہناچاہتا ہوں کہ آپ آج جِس ذہنی کرب و اذیت کاشکار ہیں اُس کامجھے بہت اچھی طرح اندازہ ہے کیونکہ جِس ایم کیوایم '' متحدہ قومی موومنٹ '' کی بُنیاد میں نے 45 برس قبل رکھی تھی اُس ایم کیوایم کے لاکھوں گمنام اور سچےّ کارکنان بھی گزشتہ 30 برسوں سے زائد عرصے سے اِسی طرح ذہنی کرب و اذیت کا باربارشکار ہوتے چلے آرہے ہیں ۔ آج وہ پہلے سے زیادہ ذہنی کرب و ا ذیت کا شکارہیں مگر وہ پھر بھی ثابت قدم ہیں۔
PTIکے گمنام کارکنو !
آپ کو میری اِس بات کابراہ کرم کوئی منفی اندازہ ہرگزنہیں لگانا چاہیے کیونکہ آپ کو اِس ذہنی کرب واذیت اور کٹھن حالات کا سامنا آج پہلی بار کرنا پڑ رہا ہے اورمیں آپ کے اِس کرب واذیت کی وجوہات سے بھی اچھی طرح واقف ہوں ۔آپ کو یقینا اِس بات کادلی صدمہ پہنچاہے کہ PTI کے رہنماؤں کی بہت بڑی اکثریت نے آپ کے لیڈرجناب عمران خان کا اُس کڑے، مشکل اور امتحان کے وقت ساتھ چھوڑا جب جناب عمران خان کواِن رہنماؤں کے تعاون کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
PTIکے گمنام کارکنو !
مجھے آپ کے دکھ، غم اورذہنی کرب کااِس لئے بھی خوب اندازہ ہے کہ میرے پیارے پیارے مخلص کارکنوں کواِس سے زیادہ بدترین ریاستی مظالم،دکھوں اورغموں کا باربارسامنا کرنا پڑا۔ انہیں چھاپوں، گرفتاریوں، برسوں تک لاپتہ کئے جانے،ہزاروں کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، دربدری، روپوشی اورجلاوطنی کاکرب جھیلنا پڑا مگر وہ ڈٹے رہے اور صبرواِستقامت سے تمام تر مظالم اور آزمائشوں کا سامنا کرتے رہے۔
آپ کویہ سنکرشائد حیرت ہوکہ 19جون 1992ء کوایم کیوایم کے خلاف شروع کئے جانے والے فوجی آپریشن میں ایم کیو ایم کے جِن سینکڑوں کارکنوں کو لاپتہ کیا گیا تھا اُن میں سے درجنوں کارکنان 31سال گزرجانے کے باوجودآج یعنی 2023ء تک لاپتہ ہیں۔ جبکہ سینکڑوں کارکنان کئی برسوں سے جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں قیدوبند کی اذیتیں جھیل رہے ہیں مگر وہ آج تک ثابت قدمی اور صبرواِستقامت سے اِن تمام تر دکھوں، اذیتوں اورمصائب ومشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
میں خوب جانتا ہوں کہ جس طرح 1990ء کے اواخرسے آج تک ایم کیوایم میں سے لوگوں کوتوڑ کرایم کیوایم (حقیقی)، ایم کیوایم'' ( حاجی کیمپ) ''، ''پی ایس پی''، ایم کیوایم پاکستان ( پی آئی بی گروپ) اورپھر ایم کیوایم بہادرآباد گروپس بنائے گئے اورپھر اِن گروپس کی ناکامی کے بعد اِن میں سے بیشترگروپس کا انضمام کرایا گیا۔
اسی طرح تحریک انصاف کوتوڑنے کے لئے اُس میں ''استحکام پاکستان پارٹی '' نامی گروپ، PTI (پارلیمنٹیریئنز) گروپ اورپی ٹی آئی ''نظریاتی'' گروپ بنائے گئے ۔
کے جِن رہنماؤں نے PTI سے علیحدگی اختیارکرکے اِن بنائے گئے گروپس میں شمولیت اختیارکی تو اُن کے تمام کے تمام گناہ معاف کردیےگئے اورجِن رہنماؤں نے ''دباؤ'' کوقبول نہیں کیاوہ یا تو آج تک جیلوں میں قید ہیں یاپھر جلاوطن ہیں یاپھر روپوشی کی زندگی گزاررہے ہیں اوروہ تمام رہنماوکارکنان بشمول جناب عمران خان
دہشت گرد، ملک دشمن اورملک کے غدارقرار دیے جارہے ہیں۔
PTIکے گمنام کارکنو !
آج آپ کواصل ایم کیوایم ، الطاف حسین اوراس کے وفادار گمنام کارکنوں پر لگائےجانے والے ''دہشت گردی '' ، ''بھتہ خوری '' ،بوری بند لاشوں، ملک دشمنی و غداری کے جھوٹے ، من گھڑت اوربے بنیاد الزامات کی اصل حقیقت کاخوب اندازہ ہوگیا ہوگا کہ جو جو رہنما اورکارکنان بکتے اور جھکتے نہیں اُن پر اِس طرح کے جھوٹے الزامات تھوپ دیئے جاتے ہیں اور دنیا میں اُن کے امیج کوخراب کیا جاتا ہے۔ اِسی طرح جوکارکنان ''اسٹیبلشمنٹ'' کے سامنے ڈٹے رہتے ہیں، جمے رہتے ہیں اور اپناسودانہیں کرتے اُن کامقدر جیل، جلاوطنی، روپوشی یا خاموش ہوجانا بنا دیا جاتا ہے ۔
PTIکے گمنام کارکنو !
اب آپ کواِس بات کابھی بہت اچھی طرح اندازہ ہوگیا ہوگا کہ اصل ایم کیوایم
، الطاف حسین اوراُس کےوفادار ساتھی نہ تو دہشت گرد ہیں ، نہ ہی ملک دشمن ہیں۔
میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ بھی ایم کیوایم کے گمنام، اسیر، جلاوطن اور ثابت قدم ساتھیوں کی طرح ثابت قدم رہیے ۔ مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ یہ وقت بہت مشکل ، کٹھن اورسخت امتحان کاہے مگر آپ سب کواِس امتحان کاثابت قدمی سےسامناکرناہے اورصبرواِستقامت کامظاہرہ کرنا ہے۔
اِس دعاکے ساتھ کہ اللہ تعالیٰ آپ تمام وفادار رہنماؤں اور کارکنوں کواِس امتحان میں اِستقامت عطا فرمائے۔
آمین ،ثمہ آمین۔
فقط
آپ کے لئے دعاگو
الطاف حسین
(لندن )