پنجاب کے سادہ لوح عوام کے نام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبہ پنجاب کے سادہ لوح عوام!
سلام وآداب
آپ سادہ لوگ ہیں ، آپ کو پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی (ISI) کے جرنیلوںنے 75 سالوںمیں بلوچ، سندھی، پختون، مہاجر، گلگتی ، بلتستانی، ہزار وال ، سرائیکی ، کشمیری اور دیگر چھوٹی قوموںکے خلاف جھوٹے پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے اتنا زیادہ گمراہ اور بدظن کرنے کا جو گھناؤنا اور مکروہ عمل کیا ہے اس کااثر پنجاب کے سادہ لوح عوام پر کچھ نہ کچھ ضرور پڑا ہے جس کی وجہ سے پنجاب کے سادہ لوح عوام کی اکثریت بھی اس جھوٹے اور مکروہ پروپیگنڈے سے متاثر ہوکر بلوچ، سندھی، پختون، مہاجراور دیگر قوموں کو ملک دشمن، غداراور انڈیا کا ایجنٹ سمجھنے لگے ۔ اسی وجہ سے پنجاب کے عوام …بلوچ، مہاجر، سندھی، پختون اور دیگر قومیتوں کے خلاف کیے جانے والے ہرفوجی آپریشن یافوجی کارروائیوں کو درست اور جائز سمجھنے لگے لیکن9، مئی2023ء کے بعد اسی فوج کے جرنیلوں نے صوبہ پنجاب میں ایک سیاسی جماعت تحریک انصاف کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا اور اس جماعت کے رہنماؤں اورکارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوںکا سلسلہ شروع کردیا، مطلوبہ فرد کے نہ ملنے پر اس فرد کے رشتہ دار مرد حضرات حتیٰ کہ خواتین تک کو گرفتارکرنے کا سلسلہ شروع کیا تو فوج کے اُس غیرآئینی اور غیرقانونی عمل پر پنجاب کے عوام کو بھی فوجی جرنیلوں کے آمرانہ اورظالمانہ طرز عمل کا اندازہ ہوا۔ پھر 9،مئی کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں پنجاب کے عوام کو یہ بھی سمجھنے کا موقع ملا کہ کس کس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے فوجی جرنیلوںکی جانب سے راتوں رات گرفتار شدگان سے ان کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کروائی جاتی ہیں ، کس طرح سیاسی جماعتوں میں Splinter groups بنائے
جاتے ہیں اور کس طرح نئی نئی سیاسی پارٹیاں بنوائی جاتی ہیں ۔
آج میں اپنے اس ٹوئٹ کے ذریعے آپ کے علم میں یہ بات ٹھوس ثبوت کے ساتھ پیش کررہاہوں کہ آج بلوچستان میں فوج کے خلاف بلوچ عوام ہتھیار اٹھانے پرکیوں مجبور ہوئے ہیں ۔ میں آپ کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ بلوچستان میں بلوچ عوام کے خلاف انہیں غدار قراردیکر وہاں باربار فوجی آپریشن کیے گئے اور ہاں آپ کو یہ بات سن کر شائد حیرت ہو کہ پاکستانی فوج کے جرنیلوں نے بلوچستان میں فوجی آپریشن 1948ء سے شروع کیاتھا جو آج تک جاری ہے ۔
آئیے! اس ٹوئٹ سے منسلک وڈیو کو ذرا غور سے دیکھیں اور پھراپنے ظرف وضمیر کے مطابق خود فیصلہ کریں کہ پاکستان کے اصل غدار عوام ہیں یاپھر فوجی جرنیل!
واقعہ کچھ یوں ہے کہ 1948ء میں جب فوجی جرنیلوں نے اپنی شرائط پر بلوچستان کوپاکستان میںزبردستی شامل کرنے کا اعلان کیا تو بلوچستان کے سرداروں نے سردار نوروز خان کی قیادت میں بلوچستان کے پاکستان سے الحاق کا انکارکردیا جس پر فوج نے بلوچستان میں فوجی آپریشن کاآغاز کردیا اور بلوچ عوام کے خلاف بھرپور طاقت کااستعمال کرنا شروع کردیا تو اس کے ردعمل کے طور پر بلوچستان کے عوام اور سردار ، سردار نوروز خان کی قیادت میں پہاڑوں پر چڑھ گئے اور جوابی کارروائی کاآغاز کردیا مگر فوج بھرپور طاقت کااستعمال کرنے کے باوجود اس بغاوت کوکچلنے میں ناکام رہی …توپھر کیاہوا…؟
آپ اس کی تفصیلات منسلک وڈیو میں ملاحظہ کیجئے ۔
شکریہ آپ کا
الطاف حسین 18، جولائی2023ء (لندن)