طاقت کے ذریعے سیاسی جماعتوںکوتوڑنے ، نئی نئی جماعتیں اورگروپ بنانے کا عمل بند کیاجائے ۔الطاف حسین
تحریک انصاف کے خلاف یکطرفہ عمل بند کیا جائے، تمام سیاسی کارکنوں اور مہاجروں سمیت تمام قوموں کے بے گناہ اسیروں اورلاپتہ افرادکو رہاکیاجائے
تحریک انصاف کے خلاف یکطرفہ ایکشن بند کیاجائے، ہم یہ بھگت چکے ہیں
خدارا ملک کی نازک صورتحال کو سمجھیں۔ معیشت تباہ ہے ، ملک ڈیفالٹ کرچکاہے
کسی لیڈرکی آواز پر پابندی لگاد ینے سے عوام کے دلوں سے محبت نہیں نکالی جا سکتی
بانی وقائدجناب الطاف حسین کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور کورکمانڈرز سے اپیل
لندن … 18 جون 2023ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اورتمام کورکمانڈرز سے اپیل کی ہے کہ طاقت کے ذریعے سیاسی جماعتوں کوتوڑنے ، نئی نئی جماعتیں اورگروپ بنانے کا عمل بند کیاجائے ، تحریک انصاف کے خلاف یکطرفہ عمل بند کیا جائے، تمام سیاسی کارکنوں اور مہاجروں سمیت تمام مظلوم قوموں کے بے گناہ اسیروں اورلاپتہ افرادکوفی الفور رہاکیاجائے ۔ اپنے تازہ وڈیو بیان میں انہوں نے آرمی چیف اور کورکمانڈرزصاحبان سے درخواست کرتے ہوئے کہا خدارا ملک کی نازک صورتحال کو سمجھیں۔ ملک کی معیشت تباہ کن ہے ، ملک ڈیفالٹ کرچکاہے لیکن اس دوران روز صبح شام چھاپوں گرفتاریوںکی اطلاعات ملتی ہیں اورایک جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤں اورکارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، انکی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ ہم یہ صورتحال بہت بھگت چکے ہیں اورآج بھی بھگت رہے ہیں، بلوچستان ، فاٹا، خیبرپختونخوا کے عوام ہمیشہ سے بھگتتے چلے آئے ہیں اورآج بھی بھگت رہے ہیں۔ان کو معلوم ہے کہ فوج اپنی قیادت کے حکم پر اپنے ہی وطن کے لوگوںپر کس طرح ظلم کرتی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور کورکمانڈرزصاحبان سے درخواست کی کہ تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کے سیاسی کارکنوںاور تمام مظلوم قوموں کے بے گناہ افرادخواہ وہ بلوچ ہوں، پختون ہوں، مہاجر ہوں، سندھی ہوں، سرائیکی ہوں، گلگتی ہوں، بلتستانی ہویاکشمیری ہوں، ان سب لاپتہ لوگوں کو بازیاب کرایا جائے ، جو اسیرہیں انہیں چھوڑا جائے۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ میری آواز پر طاقت کے ذریعے 2015ء میں فوج کے کہنے پر عدالتوں نے پابندی لگائی تھی۔پوری دنیا کومعلوم ہے کہ ہماری عدالتیں بشمول سپریم کورٹ فوج کے زیراثرہیںجبکہ آئین میں ایسانہیں ہے۔ وزیراعظم اورصدرمملکت بھی فوج کے ماتحت ہوتے ہیں،فوج ان کی ماتحت نہیں ہوتی،اب یہ کوئی رازنہیںرہا۔ انہوں نے آرمی چیف اورکورکمانڈرز سے اپیل کی کہ تحریک انصاف کے خلاف یکطرفہ ایکشن نہ کریں۔ جن لوگوں کی آپ حمایت کررہے ہیںان میں سے ایک جماعت کے رہنماتوآج تک لندن میں ہیں جبکہ ان کے بھائی وزیراعظم ہیں، ان کی جماعت حکومت میں ہے ۔PDM کے ایک رہنما نے اوورسیز پاکستانیوں کے بارے میں دوروز قبل ایک انتہائی غیرمناسب اورگستاخانہ بات کی ۔ اوورسیز پاکستانیوں کومغلظات بکیں، حالانکہ اوورسیز پاکستانیوں کی وجہ سے ہی ملک آج تک بچاہواہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ عمران خان نے میری ہمیشہ مخالفت کی لیکن ظلم کسی پربھی ہو ، میں ہمیشہ اس کی مذمت کرتاہوں۔ مثلاًجماعت اسلامی ہمیشہ سے ہماری مخالف رہی ہے لیکن جب میئر کراچی کے الیکشن کے معاملے پرحق کی بات آئی توہم نے اصولوں کی بنیادپر جماعت اسلامی کی حمایت میں آوازبلند کی کہ اکثریت کی بنیادپر جماعت اسلامی کاحق بنتاہے کیونکہ پی ٹی آئی نے بھی جماعت اسلامی کی حمایت کی تھی اور انہیں میئر کیلئے اکثریت حاصل ہوگئی تھی لیکن چونکہ پیپلزپارٹی جووفاق میں حکومت میںشامل ہے اورفوج کی مدد سے پوراصوبہ سندھ اس کے انگوٹھے تلے ہے لہٰذا پیپلزپارٹی نے اقلیت میں ہونے کے باوجود فوج کی بدولت کامیابی حاصل کرلی۔جناب الطاف حسین نے فوج کی قیادت سے اپیل کی کہ عمران خان کے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل نہ کرائیں،عمران خان پر غیرقانونی پابندیاں نہ لگائیں ۔آپ میری آواز پر پابندی لگاکر دیکھ چکے ہیں ۔ کیااس طرح عوام میں میری مقبولیت اورحمایت ختم ہوگئی؟اسی طرح عمران خان پر کتنی ہی پابندیاں لگادیں لیکن ان کے لئے عوام کے دلوں میں محبت کو نہیں نکال سکتے ۔ انہوں نے فوج کی قیادت سے درخواست کرتے ہوئے خداراملک پر رحم کیجئے، طاقت کے استعمال سے سیاسی جماعتوں کو توڑنے، نئی نئی جماعتیں اور گروپ بنانے کاعمل بندکردیں۔ یادرکھئے کہ آپ کے عمل سے پوری فوج بدنام ہوتی ہے، کرنے والے، حکم دینے والے چند جرنیل ہوتے ہیں ،بدنام پوری فوج ہوتی ہے۔ آدھا ملک ٹوٹ چکاہے ، خدا کیلئے اس بچے کچھے پاکستان کو مزید خراب نہ کریں۔