اے پی ایم ایس او کا 45 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک
میں تنظیمی جوش وخروش سے منایاگیا
مختلف شہروں میں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقاریب کاانعقاد
یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع لندن میں منعقد ہوا ، قائد تحریک الطاف حسین
نے خصوصی شرکت کی
اوورہیڈبرج ، عمارتوں ، چوراہوں ، شاہراہوں اور عمارتوں پریوم تاسیس کی مبارکباد کے پیغامات پر مبنی بینرز، پینا فلیکس، پوسٹر لگائے گئے اور کیک کاٹے گئے
ایم کیو ایم کے پرچم کے رنگوں پرمبنی گیس کے غبارے بھی فضا میں چھوڑے گئے
قائد تحریک الطاف حسین سے تجدید عہدوفا،یوم تاسیس کی مبارکباد بھی پیش کی گئی
اے پی ایم ایس او کے 45 ویں یوم تاسیس کی دھوم سوشل میڈیاپر بھی
دیکھنے میں آئی، ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا
ایم کیوایم اوورسیز یونٹوں کی جانب سے اے پی ایم ایس او کے
یوم تاسیس کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے
لندن۔۔۔11، جون2023
اے پی ایم ایس او کا 45 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں تنظیمی جوش وخروش سے منایاگیا اور بانی وقائد جناب الطاف حسین سے تجدید عہد وفا کیاگیا۔
یوم تاسیس کے سلسلے میں کراچی کے مختلف علاقوں کے علاوہ حیدرآباد،ٹنڈوالہیار، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ، عمرکوٹ، سامارو اور سندھ کے دیگرشہروں اور دیہات میں بھی منایاگیااورمختلف شہروں میں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقاریب کا اہتمام کیاگیا۔ تحریک کے وفاپرست کارکنان نے ریاستی ظلم وجبرکے ماحول میں بھی اوورہیڈبرج ، عمارتوں ، چوراہوں ، شاہراہوں اور عمارتوں پریوم تاسیس کی مبارکباد کے پیغامات پر مبنی بینرز، پینا فلیکس، پوسٹر لگائے اور ایم کیوایم کے پرچم آویزاں کیے، گھروں میں اے پی ایم ایس او کے 45 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹے گئے اور بانی وقائد جناب الطاف حسین سے عہد وفاکی تجدید کی گئی۔ یوم تاسیس کامرکزی اجتماع لندن میں منعقد ہوا جس میں قائد تحریک جناب الطاف حسین نے خصوصی شرکت کی ۔ اس تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفی عزیزآبادی، اراکین قاسم علی رضا، سفیان یوسف، ارشد حسین ، افتخارحسین،شعبہ خواتین کی ارکان، ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹوکے رکن ہاشم اعظم، ایم کیوایم برطانیہ کے آرگنائزر سہیل خانزادہ ، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان، مختلف یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان اورہمدردوںنے اپنے اہل خانہ سمیت شرکت کی ۔ تقریب سے قائد تحریک جناب الطاف حسین نے فکرانگیز خطاب بھی کیا۔
اسی طرح پاکستان کے مختلف شہروں میں شعبہ خواتین کی جانب سے یوم تاسیس کی تقاریب منعقد کی گئیں جہاں کیک کاٹے گئے ، تنظیمی ترانے بجائے گئے، جناب الطاف حسین سے تجدید عہدوفاکی اور ایک دوسرے کو یوم تاسیس کی مبارکباد بھی پیش کی ۔
اے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس کے موقع پرخصوصی طورپر سندھ بھرمیں وفاپرست کارکنان وہمدردوں کی جانب سے پاکستانی وقت کے مطابق شام چاربجے ایک ساتھ گھروں کی چھتوں، میدانوں، گلیوں اور سڑکوں سے ایم کیو ایم کے پرچم کے رنگوں پرمبنی گیس کے غبارے بھی فضا میں چھوڑے گئے جس سے فضا میں خوبصورت رنگ برنگی سماں چھاگیااور آسمان پر جگہ جگہ ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں کی بہاردیکھنے میں آئی۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے کارکنان بالخصوص معصوم بچوں کا جوش وخروش قابل دید تھا اور انہوںنے اے پی ایم ایس او، ایم کیوایم اورجناب الطاف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاکر جناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔
اے پی ایم ایس او کے 45 ویں یوم تاسیس کی دھوم سوشل میڈیاپر بھی دیکھنے میں آئی ، یوم تاسیس کے موقع پر ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کی جانب سے مرکزی پوسٹرکا اجراء کیاگیا جس پر جلی حروف سے تحریر تھا کہ '' ہم توعنوان ہیں، داستاں تم ہو '' اس کے علاوہ سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر کیلئے شعبہ اطلاعات کی جانب سے ایک خصوصی ہیش ٹیگ
# گیارہ_جون_ الطاف_کے_ سنگ کااجراء کیاگیا، ایم کیوایم سوشل میڈیا ٹیم سمیت تمام وفاپرست ارکان اور دنیابھرمیں مقیم کارکنان وہمدروں کی مسلسل کاوش کے باعث یہ ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر مسلسل ٹرینڈ کرتا رہا، ٹوئٹر ، فیس بک اور یوٹیوب پر یوم تاسیس کی مناسبت سے پوسٹرز ، جناب الطاف حسین کے دورطالبعلمی کی تصاویر، وڈیوز،مضامین، نظمیں، نعرے اور اشعارپوسٹ کیے گئے ، ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اورہمدردوں حتیٰ کہ معصوم بچوں نے بھی وڈیو لاگ جاری کرکے جناب الطاف حسین کو یوم تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کابھی اظہارکیا۔
پاکستان کی طرح ایم کیوایم کے اوورسیز یونٹوں میں بھی اے پی ایم ایس او کا 45واں یوم تاسیس تنظیمی جوش وخروش سے منایاگیا، اوورسیز یونٹوں کے ذمہ داران اورکارکنان کی جانب سے وڈیولاگ کے ذریعے قائد تحریک جناب الطاف حسین اور تحریکی ساتھیوں کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی گئی اورجناب الطاف حسین سے والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہارکیاگیا۔ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ یونٹ کی جانب سے یوم تاسیس کے موقع پر خوبصورت تنظیمی ترانے کا بھی اجراء کیاگیا ہے۔ ایم کیوایم اوورسیز یونٹوں کی جانب سے اے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔
٭٭٭٭٭