برطانیہ کی عدالت میں میرے مقدمہ کے ٹرائل کے دوران مہاجرقوم کامقدمہ بھی زیربحث آیا۔الطاف حسین
جب یہ فیصلہ لکھاجائے گاتواس میں ہرجگہ مہاجرلفظ آئے گا، اب لفظ ''مہاجر'' کو رہتی دنیاتک کوئی نہیںمٹاسکتا
برطانیہ کی عدالت میں میرے خلاف مقدمہ واقعی موت اورزندگی کامعاملہ تھا،
میری جدوجہددنیابھر کے محروم ومظلوم اورنچلے طبقہ کے لوگوں کے لئے ہے ،
میری فلاسفی رئیل ازم اورپریکٹیکل ازم کے مطابق ہرفرد کوعزت اوروقار کے سا تھ زندہ رہنے کاحق ہے
میرے ساتھی تمام ترمشکلات کے باوجودمیرے بازو بنے ہوئے ہیں جس پر وہ سلام تحسین کے مستحق ہیں
اس کڑے وقت میں ساتھیوں کے گھرکی خواتین جس طرح تعاون کررہی ہیں، اس پر میں انہیںسلام پیش کرتاہوں۔ قائدتحریک نے کھڑے ہوکر خواتین کو سیلوٹ کیا
یوتھ بھی تحریک کے کاز کی جدوجہد میں کرداراداکرنے کے لئے آگے آئیں
''ہفتہ تشکر '' کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں تقریب میں گفتگو
لندن … 21 فروری 2022ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ برطانیہ کی عدالت میں میرے مقدمہ کے ٹرائل کے دوران مہاجرقوم کامقدمہ بھی زیربحث آیا، مہاجروں کی تاریخ اورمہاجروں کے ساتھ کی جانیوالی ناانصافیوںکابھی باربارزکرآیا جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا ۔جب یہ فیصلہ لکھاجائے گاتواس میں ہرجگہ مہاجرلفظ آئے گااور اب لفظ ''مہاجر'' کو رہتی دنیاتک کوئی نہیںمٹاسکتا۔انہوں نے یہ بات عدالت سے باعزت بریت پر ''ہفتہ تشکر '' کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں تقریب میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ تقریب میںاراکین رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی، ایم کیوایم یوکے کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان، کارکنوں ،خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تحریکوں میں امتحان پر امتحان آتے رہتے ہیںاورتحریکوں میں شامل افراد ثابت قدمی اور جرات وہمت کے ساتھ ان امتحانات کاسامنا کرتے ہیں۔برطانیہ کی عدالت میں میرے خلاف چلنے والایہ مقدمہ واقعی موت اورزندگی کامعاملہ تھا، اللہ کے فضل وکرم سے ہمارے حق میں فیصلہ ہوا ،اللہ نے مجھے ہی نئی زندگی نہیں دی بلکہ تحریک اور پوری قوم کودی ہے۔ اگرخدانخواستہ ہمارے خلاف فیصلہ آجاتا تو قوم کا کوئی نام لینے والا نہ ہوتا، مہاجرنام مٹ جاتا لیکن برطانیہ کی عدالت میں مقدمہ کے ٹرائل کے دوران مہاجروں کی شناخت، مہاجروں کی تاریخ اورمہاجروں کے ساتھ کی جانیوالی ناانصافیوںکابھی باربارزکرآیا، اس ٹرائل کے دوران لفظ مہاجر نام ایساچلاہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔یہ بہت بڑامقدمہ تھا، دنیا کی تاریخ میں اس کے فیصلے کولکھاجائے گااور جب یہ فیصلہ لکھاجائے گا تواس میں ہرجگہ مہاجرلفظ آئے گااور اب مہاجر لفظ کورہتی دنیاتک کوئی نہیںمٹاسکتا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میری جدوجہددنیابھر کے محروم ومظلوم اورنچلے طبقہ کے لوگوں کے لئے ہے ، میری فلاسفی رئیل ازم اورپریکٹیکل ازم ہے اورمیری فلاسفی کے مطابق ہرفرد کوعزت اوروقار کے سا تھ زندہ رہنے کاحق ہے۔ انہوںنے یوتھ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے آپ سب کی سپورٹ کی ضرورت ہے، آپ آگے آئیے،میری فلاسفی کوسمجھئے اورمیری فلاسفی کے مطابق اس عظیم کاز کے لئے اپنا کردار اداکیجئے ۔ اس مشن ومقصد کی منزل صرف آپ کے والدین ہی کے لئے نہیں بلکہ یہ جدوجہد آپ کے بہترمستقبل اورباعزت زندگی کے حصول کے لئے ہے۔
جناب الطاف حسین نے تحریکی جدوجہدمیں ایم کیوایم کی خواتین کے کردار کو شاندارالفاظ میںسراہتے ہوئے تقریب میں موجود خواتین کوخصوصی طورپر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی جدوجہد میں خواتین کاکردارمثالی ہے اورلندن کی عدالت میںبھی ماناگیاکہ یہ الطاف حسین ہے جس نے خواتین کوگھروںسے نکالااورانہیں سیاسی میدان میں سرگرم کیا، اس پر میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔جناب الطاف حسین نے تقریب میں موجود خواتین سے کہاکہ آپ کے بھائی، بیٹے اورشوہر تمام ترمشکلات کے باوجودمیرے بازو بنے ہوئے ہیں اورکام کررہے ہیں جہاں وہ سلام تحسین کے مستحق ہیں وہاں آپ کاتعاون اورکردار بھی قابل تحسین ہے کیونکہ گھرکی خواتین کی سپورٹ کے بغیر آپ کچھ نہیںکرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ اکثر گھروں میں گھریلو معاملات پر تو آپس میں ناچاقی ہوجاتی ہے لیکن سیاسی حوالے سے اگر دیکھاجائے تویہ ہوتا ہے کہ آپ کے بیٹے، بھائی یا شوہر تحریکی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے باعث دیر سے گھر آرہے ہیں ، بچوںکووقت نہیں دے رہے ہیںوہ وقت آپ بچوںکو دے رہی ہیں، بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ گھروں کے لئے سوداسلف بھی لا رہی ہیں۔اس لحاظ سے خواتین کاحصہ مردوں سے ایک فیصد زیادہ ہے۔ آپ یہ سمجھ لیجئے کہ محنت وجانفشانی کاجواجر آپ کے بیٹوں، بھائیوں اورشوہروں کوملے گااتنا ہی اجر اللہ تعالیٰ آپ کوبھی دے گا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آپ اس کڑے وقت میں جس طرح تعاون کررہی ہیں، اس پر میں سوائے دعاؤںکے آپ کو اس کا صلہ نہیں دے سکتا لیکن جس طرح آپ مائیں بہنیں تحریک کاساتھ دے رہی ہیں اس پرمیں آپ کوسلام پیش کرتاہوں۔ جناب الطاف حسین نے کھڑے ہوکرتمام خواتین کو سیلوٹ پیش کیا۔ اس موقع پر تمام کارکنوں اورذمہ داروں نے زوردار تالیاں بجاکر خود بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔جناب الطاف حسین نے تقریب میں موجود ایم کیوایم کی سینئرکارکن مرحومہ صفیہ اکبرکی صاحبزادی اورصاحبزادوں کوبھی خصوصی طورپرگلے لگاکرمحترمہ صفیہ اکبرکوخراج عقیدت پیش کیا۔ جناب الطاف حسین نے تمام کارکنوں، ماؤں بہنوں ، بزرگوںاوربچوںکودعائیں دیتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ آپ سب کوخوش رکھے۔ اورآئندہ بھی ہمیں خوشیوں کاماحول دے اورتمام ساتھیوںکوثابت قدم رکھے۔