''ہفتہ تشکر '' کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں تقریب کاانعقاد… قائدتحریک الطاف حسین کی خصوصی شرکت
ہفتہ تشکر کی تقریب میں کارکنوں،خواتین اوربچوں کی بڑی تعداد میں شرکت
تمام شرکاء نے فرداًفرداًجناب الطاف حسین کو مبارکباد پیش اور گلدستے پیش کئے
شعبہ خواتین کی ارکان نے خوشی کے اظہار کے لئے کورس کی شکل میں گیت گایا
رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے قائدکے لئے ایک خوبصورت گیت گایا
رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے خوبصورت قطعہ کے ذریعے قائدتحریک الطاف حسین سے اپنی عقیدت ومحبت کا اظہار کیا
ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام ہفتہ تشکر کی تقریب کے موقع پر آتشبازی کی گئی اور رنگ برنگی فلائنگ لائٹس فضاء میںچھوڑی گئیں
لندن … 20 فروری 2022ئ
برطانوی عدالت سے ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین کی باعزت بریت پر ''ہفتہ تشکر '' کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں تقریب منعقد کی گئی جس میں کارکنوں،خواتین اوربچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ہفتہء تشکر کی اس تقریب میں جناب الطاف حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ جناب الطاف حسین جیسے ہی اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ پہنچے تو وہاں موجود کارکنوں، خواتین اوربچوں نے '' ویلکم ،ویلکم …الطاف بھائی ویلکم '' اور '' نعرہ الطاف … جئے الطاف '' کے پرجوش نعروں اور تالیوںسے اپنے محبوب قائد کاوالہانہ استقبال کیا۔ تقریب میں شریک تمام ذمہ داروں، ایم کیوایم برطانیہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان، کارکنوں ، انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کی خواتین ارکان اوربچوں نے فرداًفرداًجناب الطاف حسین کو ان کے بری ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں گلدستے پیش کئے۔ جناب الطاف حسین نے بھی کارکنوں کوگلے لگایااورانہیں مبارکباد پیش کی۔جناب الطاف حسین نے تمام خواتین کے سروںپر بھی دستِ شفقت رکھا، بچوںکوپیار کیااورسب کو دعائیںدیں۔کنوینر طارق جاویداوراراکین رابطہ کمیٹی نے تمام زونوں، سیکٹروں اور تمام اوورسیزیونٹوں کی جانب سے قائدتحریک کو ایک خوبصورت گلدستہ پیش کیا اورانہیںمبارکباد دی۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین نے شرکاء سے مختصر گفتگوبھی کی اورانہیں ان کی ثابت قدمی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پرایم کیوایم شعبہ خواتین کی ارکان نے خوشی کے اظہار کے لئے کورس کی شکل میں ''جھوم جھوم کے ناچوآج …گاؤ خوشی کے گیت رے '' گایا۔ رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے خوشی کے اس موقع پر ایک خوبصورت گیت گایاجس کے بول تھے '' زندگی کے سفرمیں اکیلے تھے ہم … آپ جیسا ہمیں رہنما مل گیا '' ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے ایک خوبصورت قطعہ کے ذریعے اپنے محبوب قائدجناب الطاف حسین سے اپنی عقیدت ومحبت کا اظہار کیا۔
دیکھی جو میری نبض تواک لمحہ سوچ کر
کاغذ لیااورعشق کابیمار لکھ دیا
قربان کیوں نہ جاؤں میں ایسے حکیم پر
نسخے میں جس نے شربت دیدار لکھ دیا
ہفتہ تشکر کی اس تقریب کے موقع پر'' جئے الطاف ''اور '' جئے مہاجر'' کے زوردار نعروں کی گونج میں آتشبازی کی گئی اور رنگ برنگی فلائنگ لائٹس فضاء میںچھوڑی گئیں جس نے ماحول کوبہت خوبصورت بنادیا۔ جناب الطاف حسین خود بھی اس وقت موجود تھے۔ہفتہ تشکر کی یہ خوبصورت تقریب رات گئے تک جاری رہی اور جناب الطاف حسین تقریب کے اختتام تک وہاں موجود رہے ۔
٭٭٭٭٭