ایم کیوایم کے سینئرکارکن اورمرکزی رابطہ کمیٹی کے ممبر رکن الدین تاج انتقال کرگئے ۔ اناللہ وانا الیہ راجعون
رکن الدین تاج پانچ روز سے بالٹی مور کے اسپتال میں زیرعلاج تھے
لندن … 8 مئی 2023ئ
ایم کیوایم کے سینئرکارکن اورمرکزی رابطہ کمیٹی کے ممبر رکن الدین تاج انتقال کرگئے ۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔
رکن الدین تاج کو اچانک طبیعت خراب ہونے کی بناء پر بدھ 3مئی کو امریکہ کی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مورکے سینٹ ایگنز اسپتال (Saint Agens Hospital) میں داخل کیاگیاتھا۔تاہم ان کی طبیعت سنبھلنے کے بجائے بگڑتی گئی ۔طبیعت مزید خراب ہونے پر انہیں ہفتہ کووینٹی لیٹر پر بھی رکھاگیا۔ اتوارکی شب طبیعت مزید بگڑنے پر اسپتال کی انتظامیہ نے انہیں دوسرے اسپتال منتقل کرنے کافیصلہ کیا۔ اس کے لئے تمام انتظامات کئے گئے لیکن اسی دوران انہیں دل کا شدید دورہ بھی پڑا۔ ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے اورپانچ روز تک شدید علیل رہنے کے بعد اتوار کی شب انتقال کرگئے ۔ جناب الطاف حسین اس دوران اسپتال میں موجود رکن الدین تاج کے اہل خانہ اورایم کیوایم کے مقامی ذمہ داروں سے مسلسل رابطے میں رہے اوراہل خانہ کی ہمت بندھاتے رہے اورتحریکی ذمہ داروں کوبھی رکن الدین کی طبیعت سے آگاہ کرتے رہے اورکارکنوںسے رکن الدین کی صحتیابی وزندگی کی دعائیں کرنے کی اپیلیں کرتے رہے۔ رکن الدین کی ناگہانی وفات پر جناب الطاف حسین شدیدصدمے سے دوچار ہوئے اور انہوں نے انتہائی صدمے کی حالت میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اور دیگر ذمہ داروں کورکن الدین تاج کے انتقال سے آگاہ کیا ۔ جناب الطاف حسین نے رکن الدین تاج مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اورانہیں دلاسہ دیا۔ رکن الدین تاج کی ناگہانی وفات سے دنیابھر میں موجود ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں میں شدیدصدمے اوررنج وغم کی لہر دوڑ گئی ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور دیگر ذمہ داروں نے رکن الدین تاج مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
٭٭٭٭٭