جو لوگ ایم کیوایم کودفن کرنے کے فرعونی اعلانات کریں وہ ایم کیوایم اور مہاجرقوم کے دوست نہیں ہیں۔ مصطفےٰ عزیزآ بادی
شہیدوں کے لہو کا سودا کر نے والے ضمیرفروش عناصر آج ریاستی سرپرستی میں اپنی ہی قوم کے نوجوانوں کودہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں
مہاجرعوام آج بھی قائدتحریک الطاف حسین کوہی اپنا مسیحا سمجھتے ہیں
قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔ارشد حسین
مڈل ایسٹ میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب
لندن … 7مئی 2023ئ
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر نے کہاہے کہ جو لوگ ایم کیوایم کودفن کرنے کے فرعونی اعلانات اوراقدامات کریں وہ ایم کیوایم اور مہاجر قوم کے دوست نہیں بلکہ کھلے دشمن ہیں۔ انہوں نے یہ بات مڈل ایسٹ کی ایک ریاست میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے اجتماع سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوںنے کہاکہ ایم کیوایم سے پہلے محروم ومظلوم مہاجروں کی کوئی آوازنہیں تھی، یہ قائدتحریک الطاف حسین ہی ہیں جنہوں نے طالبعلمی کے زمانے میں اپنے مستقبل کیلئے سوچنے کے بجائے محروم مہاجروں اوران کی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے نہ صرف سوچابلکہ اے پی ایم ایس او کے نام سے تحریکی جدوجہدکاآغاز کیا، پھرعوامی سطح پر ایم کیوایم قائم کی ، قائدتحریک الطاف حسین نے ہی گلی گلی تبلیغ کرکے اوربرسوں کی جدوجہد کے بعدہی مہاجروں کو متحد کیا، انہیں ایک طاقت بنایا اور ایم کیوایم کو پاکستان کی بڑی سیاسی قوت بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہت بڑاالمیہ ہے کہ جن ضمیرفروش افراد نے قائدتحریک الطاف حسین اورایم کیوایم کی بدولت ہی نام ،مقام اور بڑے بڑے منصب حاصل کئے انہوں نے ایم کیوایم دشمن قوتوںکی ایماء پراسی ایم کیوایم کودفن کرنے کے اعلانات کئے، اپنے ظرف وضمیر اور شہیدوں کے لہو کا سودا کر نے والے یہ لوگ آج ریاستی سرپرستی میں اپنی ہی قوم کے نوجوانوںکودہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں۔ ایسے لوگ کسی بھی طرح مہاجروںکے دوست نہیں ہیں۔ ان کے اسی گھناؤنے کردارکی وجہ سے مہاجرعوام نے انہیں بری طرح مسترد کردیا ہے اوروہ آج بھی قائدتحریک الطاف حسین کوہی اپنا مسیحا سمجھتے ہیں۔ کنوینرمصطفےٰ عزیزآبادی نے اس موقع پر مڈل ایسٹ کی ریاست کے یونٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کابھی اعلان کیا۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن ارشدحسین نے اظہارخیال کر تے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہماری تحریک آ ج ہم سخت اورکٹھن حالات سے دوچار ہے لیکن وفاپرست کارکنان اورعوام تمام ترآزمائشوںکے باوجود آج بھی قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اوریہ جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پرمڈل ایسٹ کے یونٹ کے ذمہ داروں نے بھی اظہارخیال کیا۔
٭٭٭٭٭