جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت نے ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نثارپہنور اور دیگر 16 کارکنو ں کوکراچی پریس کلب پر مظاہرے کے مقدمے میں باعزت بری کردیا
کراچی…22 فروری 2023ئ
جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن قومی اسمبلی نثارپہنور اورایم کیوایم کے دیگر 16 کارکنو ں کوکراچی پریس کلب پر مظاہرے کے مقدمے میں باعزت بری کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 14اگست 2022ء کونثارپہنور، مومن خان مومن ایم کیوایم کے کارکنان کے ہمراہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے قومی پرچم اوربینرزلئے کراچی پریس کلب پہنچے تھے تاکہ جشن آزاد ی پر اپنے جذبات کااظہارکرسکیں تاہم پریس کلب پہنچتے ہی وہاں پہلے سے موجودپولیس نے ان پر دھاوا بول کرگرفتاریاں شروع کردیں اور نثار پہنور اور 16 دیگر کارکنوںکوگرفتارکرلیا گیا۔ گرفتارشدگان میںنثارپہنور کے ساتھ ساتھ محمدعمران خان، عبدالوہاب، علیم، ناصراحمدصدیقی، محبوب عالم، حسیب الٰہی، وسیم، فیصل مغل، رئیس، نجم، دانیال ، ناصرشاہ جی ، واسق فاروقی، ثاقب، گیرک اور ارمان بنگش شامل تھے۔تمام کارکنوںپرہنگامہ آرائی اور شرپسندی کامقدمہ قائم کیاگیاتھا۔ نثارپہنور اور تمام کارکنوں پر جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ محمد امین راشدی کی عدالت میں چھ ماہ سے مقدمہ چل رہاتھا۔ فاضل عدالت نے آج تمام کارکنوںکواس مقدمے سے باعزت طورپربری کردیا۔ اس مقدمے میں ایم کیوایم کے کارکنوںکی پیروی امرحسیب پنہور ایڈوکیٹ اورجمال نذیر پہنور ایڈوکیٹ نے کی۔ مقدمے سے باعزت بری ہونے پر نثارپہنور اوربری ہونے والے کارکنوںنے وکٹری کے نشان بنائے اورایک دوسرے کو مبارکبادپیش کی۔اس موقع پرموجود کارکنوںنے نثار پہنور اورتمام کارکنوںکومبارکبادپیش کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے نثارپہنوراور کارکنوں کو ان کی بریت پر مبارکبادپیش کی ہے اوران کی ثابت قدمی پر انہیں خراج تحسین پیش کیاہے۔
٭٭٭٭٭