پاکستان معاشی طورپرڈیفالٹ ہوگیاہے۔الطاف حسین
ملک کومصنوعی آکسیجن کے ذریعے چلایاجارہاہے،
معاشی تباہی کے پیش نظر آنے والا وقت تباہ کن نظرآتا ہے
تباہ کن صورتحال کے باوجود حکمراں اپنی پالیسیوںپر نظرثانی کیلئے تیار نہیں ہیں
پاکستان کو بچانے کی آج بھی اگرکوئی کنجی ہے تواس کانام الطاف حسین ہے
سنگین حالات کاتقاضہ ہے کہ مظلوم قوموںکو ریاستی جبر سے دبانے کی پالیسی ترک کی جائے ،
مہاجروںاورتمام مظلوم قوموں کے زخموںپر مرہم رکھاجائے
ایم کیوایم کے کارکنوں کے اجلاس سے فون پر خطاب
لندن … 6 فروری 2023ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان معاشی طورپرڈیفالٹ ہوگیاہے اورملک کومصنوعی آکسیجن کے ذریعے چلایاجارہاہے،اس قدر تباہ کن صورتحال کے باوجود حکمراں اپنی پالیسیوںپر نظرثانی کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارایم کیوایم کے کارکنوں کے اجلاس سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پاکستان کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ اوورسیز یونٹوں کے کارکنوںنے آن لائن شرکت کی ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج پاکستان جس معاشی تباہی وبربادی کاشکار ہے، وہ دیوالیہ ہورہاہے ، ملک کاخزانہ خالی اور زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابرہیں، دنیابھر کے میڈ یا میں پاکستان کی معاشی تباہی اورڈیفالٹ ہونے کے بارے میں رپورٹس نشر اورشائع ہورہی ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ معاشی صورتحال جس قدرخراب ہوگئی ہے اس سے باہرنکلنامشکل نظرآتاہے۔ انہوںنے کہاکہ میں نے ملک کی سنگین معاشی صورتحال کی روشنی میں گزشتہ دنوں اپنے بیان میں عوا م کوخبردار کیاتھاکہ وہ آئندہ چھ ماہ کاخشک راشن خرید کر رکھ لیں کیونکہ آنے والے دنوںمیں غریب اورمڈل کلاس عوام کے لئے مزیدمشکل وقت آسکتاہے۔ اگرچہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی آسمان چھورہی ہے لیکن آج ملک میں معاشی تباہی جس نہج پر پہنچ چکی ہے اس کے پیش نظر آنے والا وقت مزیدتباہ کن نظرآتا ہے، اب وہ وقت آنے والاہے کہ جب غریب اور نچلے طبقے کے پاس کھانے پینے کی چیزیں اور گزارے کے لئے پیسے بھی نہ ہوںگے ، لوئراورمڈل کلاس معاشی بدحالی کا شکار ہوںگے اور اس معاشی تباہی کے باعث عوام سڑکوںپر نکلنے پر مجبورہوں گے ،یہاںتک کہ ملک میں سول وارجیسی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکاہے،ملک معاشی تباہی کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی بھی لپیٹ میں ہے، خیبرپختونخوا میں عوام ریاستی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،بلوچستان میں صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہے لیکن اس تمام ترسنگین صورتحال کے باوجود آج بھی حکمراں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس تمام ترصورتحال میں پاکستان کو بچانے کی آج بھی اگرکوئی کنجی ہے تواس کانام الطاف حسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان سنگین حالات کاتقاضہ ہے کہ اپنے حقوق کے لئے آوازاٹھانے والی مظلوم قوموںکو ریاستی جبر سے دبانے کی پالیسی ترک کی جائے ، مہاجروںاورتمام مظلوم قوموں کے زخموںپر مرہم رکھاجائے ۔
جناب الطاف حسین نے کارکنوں پر زوردیاکہ وہ حالات پر گہری نظررکھیں،اپنے اتحاد کومضبوط بنائیں ،تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں۔
٭٭٭٭٭