کراچی اورحیدرآباد کے عوام 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کامکمل بائیکاٹ کریں ۔ رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
کراچی اورحیدرآباد کے عوام کی حقیقی نمائندہ ایم کیوایم کو طاقت کے ذریعے سیاسی منظرسے ہٹادیاگیاہے
پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کی منظور نظر جماعت کو مسلط کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی
بلدیاتی الیکشن کے نتائج پہلے سے تیارکرلئے گئے ہیں
کراچی اورحیدرآبادکے عوام الیکشن کے فراڈ کومستردکردیں
سپریم کورٹ سمیت کوئی بھی ریاستی ادارہ کراچی اور حیدرآباد کو انصاف فراہم کرنے کوتیارنہیں ہے، ان شہروں کو مکمل طورپر غلام بنانے کاعمل کیاجارہاہے۔ رابطہ کمیٹی کی وڈیوبریفنگ
لندن … 11 جنوری 2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی اورحیدرآباد کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار15جنوری 2023ء کو کرائے جانے والے بلدیاتی انتخابات کامکمل بائیکاٹ کریں اوران فراڈ الیکشن کومستردکردیں۔ رابطہ کمیٹی نے یہ اپیل منگل کوایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں منعقدہ وڈیوبریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ وڈیوبریفنگ میں لندن سے قاسم علی رضا، مصطفےٰ عزیزآبادی، سفیان یوسف ، امریکہ سے ریحان عبادت، شاہد مصطفےٰ، عاطف شمیم، محفوظ حیدری، کینیڈا سے شاہدرضا، ساؤتھ افریقہ سے علی تراوش اورآسٹریلیا سے حسان بٹ شریک تھے ۔اراکین رابطہ کمیٹی نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے شہری علاقوںکی حقیقی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کوالیکشن میں حصہ لیناتودور کی بات ہے،اس کی سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے ، قائدتحریک الطاف حسین کی تحریر وتقریر اورتصویر کی نشرواشاعت حتیٰ کہ میڈیاپر ان کانام تک لینے پر پابندی عائدہے،ایم کیوایم کامرکزنائن زیروسیل ہے، دفاتر بند ہیں، ہمیں اپنے شہیدوں کی یادگارپر حاظری دینے،شہداء قبرستان جاکرشہیدوںکی قبروں پر پھول چڑھانے اورفاتحہ پڑھنے تک کی اجازت نہیں ہے ۔ کراچی حیدرآباداورسندھ کے شہری علاقوںمیں ریاستی جبر کاماحول ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی اورحیدرآباد کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ، قائدتحریک الطاف حسین کی ایم کیوایم کوووٹ دیناچاہتے ہیں لیکن ان کی جماعت کوطاقت کے ذریعے سیاسی منظرسے ہٹادیا گیاہے، پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے اس کوٹکڑوں میں بانٹ دیاگیاہے اوراسٹیبلشمنٹ کی منظور نظرجماعت کو کراچی اورحیدرآباد پرمسلط کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ، 2018ء کی طرح اس بلدیاتی الیکشن کے نتائج بھی پہلے سے تیار کرلئے گئے ہیں۔لہٰذا کراچی اورحیدرآبادکے عوام الیکشن کے اس ڈھکوسلے اورفراڈ کومسترد کرتے ہوئے ان کابھرپور بائیکاٹ کردیں۔ رابطہ کمیٹی نے کراچی اورحیدرآباد کے عوام سے اپیل کی کہ انہوں نے جیسے قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن اورسندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا بھرپور بائیکاٹ کیاتھااسی طرح ان الیکشن کابھی کامیاب بائیکاٹ کریں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حق پرست تحریک کے نظریہ اورشہیدوں کے لہوسے غداری کرنے والوں کابھی الیکشن میں نہ صرف بائیکاٹ کریں بلکہ ان کاسوشل بائیکاٹ بھی کریں۔
رابطہ کمیٹی نے سندھ کے شہری علاقوں سے کی جانے والی زیادتیوں کازکرکرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں بھی مردم شماری میں کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کوسازش کے تحت آدھاکردیا گیاتھااسی طرح پچھلی مردم شماری میں بھی کراچی کی آباد ی کو جان بوجھ کرآدھاکردیاگیاہے، اسی طرح حلقہ بندیاں بھی سازشی منصوبے کے تحت ایسی بنائی گئی ہیں کہ کراچی اور حیدرآباد کوحقیقی نمائندگی سے محروم رکھاجائے ۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ سمیت کوئی بھی ریاستی ادارہ کراچی اور حیدرآبادکوانصاف فراہم کرنے کوتیارنہیں ہے اوران شہروں کو مکمل طورپر غلام بنانے کاعمل کیاجارہاہے۔ رابطہ کمیٹی نے بہادرآباد ٹولے کی جانب سے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت سے دھوکہ دینے کی بات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے اپنی تحریک ، نظریہ ، شہیدوں، لاپتہ اوراسیر ساتھیوں سے دھوکہ کیا، قرآن پر باربار حلف لینے کے باوجود اپنی تحریک کے بانی وقائدجناب الطاف حسین سے کھلا دھوکہ اوربے وفائی کی ہوانہیں دوسروں سے دھوکہ دینے کی شکایت کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ۔
رابطہ کمیٹی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل کی کہ ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن بند کیا جائے، ایم کیوایم کے بانی وقائدتحریک جناب الطاف حسین کی تقریرکی نشرواشاعت پر پابندی ختم کی جائے اورایم کیوایم کوبھی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے ۔
٭٭٭٭٭