انصاف چاہتے ہیں، کسی کاحق چھیننا نہیں چاہتے،الطاف حسین
ہم اپنی قوم اور آنے والی نسلوں کیلئے باعزت زندگی چاہتے ہیں
ہم نے مہاجروں کے حقوق کیلئے جدوجہد شروع کی توہمیں ریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی گئی
میں نے مہاجرقوم کو طاقت بنادیا تھا لیکن اپناسوداکرنے
والوں نے قوم کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا
الطاف حسین کاچیپٹراللہ نے کھولاتھا،وہی اس کوبند کرسکتا ہے
نظریہ دینے والا زہرکا پیالہ تو پی لیتاہے لیکن اپنے نظریہ سے دستبردار نہیں ہوتا
30سالوںسے جلاوطن ہوںلیکن میرے قدم نہیں ڈگمگائے
مڈل ایسٹ میں ایم کیوایم کے زیراہتمام دعوت حلیم سے خطاب
لندن…24دسمبر 2022ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے اور ملک کی خاطرہرطرح کی قربانیاں دینے کے باوجودہمارے ساتھ دہرا سلوک کیاجارہاہے ، آخر ہمارا جرم کیاہے؟ہم انصاف چاہتے ہیں ، ہم کسی کاحق چھیننا نہیں چاہتے، ہم اپنی قوم اور آنے والی نسلوں کیلئے باعزت زندگی چاہتے ہیںجو ہمارا بنیادی حق ہے۔جناب الطاف حسین نے ان خیالات کااظہار مڈل ایسٹ میں ایم کیوایم کے زیراہتمام منعقد کی جانے والی دعوت حلیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ دعوت حلیم میں کارکنوں کے ساتھ ساتھ خواتین اوربچے بھی شریک تھے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کوختم کرنے کیلئے کئی دہائیوںسے سازشیں ہورہی ہیں، 19جون 1992ء میں ایم کیوایم کے خلاف فوجی آپریشن شروع کردیا گیا، اس وقت کے آرمی چیف جنرل آصف نواز نے کہاکہ الطاف حسین کا چیپٹر کلوز ہوگیاہے ،میں نے اس وقت بھی کہا تھاکہ الطاف حسین کاچیپٹراللہ تعالیٰ نے کھولاتھااوروہی اس کو بند کرسکتا ہے ،اس کاثبوت ہے کہ تمام ترریاستی مظالم ، سازشوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود مڈل ایسٹ میں تحریک کے وفاپرست کارکنان اور ہمدرد آج بھی الطاف حسین کوسننے کیلئے جمع ہوئے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تمام تر مظالم سے ایم کیوایم کوختم نہیں کیاجاسکاتوایم کیوایم کے لوگوں کے ظرف وضمیرکوخریدا گیا۔ وہ لوگ جوبرسوںسے تحریک سے وابستہ تھے ، جو 22 اگست 2016ء تک میرے ساتھ تھے ، جن کی میں نے اپنے بچوں کی طرح پرورش اورتربیت کی وہ 23 اگست کو بدل گئے، جو ا پنی ذات کی بنیادپرکونسلر تک نہیں بن سکتے تھے ،جو تحریک کی بنیاد پر پارلیمنٹ کے رکن بننے کے بعد تحریک، نظریے ، شہیدوں کے لہواورقوم کے مینڈیٹ کاسودا کربیٹھے۔ جنہوں نے اپنا سوداکیا،انہوں نے پاکستان کے حوالے سے ایک نعرے کو جوازبنایامگریہ لوگ ان حالات اور قوم پر ڈھائے جانے والے ریاستی مظالم کوبھول گئے جو میری تقریر کی وجوہات تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب روزانہ کی بنیاد پرمیرے بے گناہ ساتھیوںکی مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہوں، ساتھی لاپتہ ہورہے ہوں، قوم پر مظالم ڈھائے جارہے ہوں اور کوئی آنسو پونچھنے والا نہ ہوتوکوئی اپنے جذبات کیسے قابوکرسکتا ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں نے تحریک کے ابتدائی ایام میں ہی کارکنوں کوبتادیا تھاکہ قوموں کے حقوق کی جدوجہد میں مصائب ومشکلات اورآزمائشوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے، میرے سامنے بھی میرا خاندان تھا، میرے بھائی ا ور بھتیجے کو بیدردی سے شہید کردیا گیا ، میرے بہنوئی کوبھی گرفتارکرکے جیل میں تشددکانشانہ بنایا گیا، میرا خاندان دربدر ہوالیکن میرا حوصلہ نہیں ٹوٹا، مجھے بھی خریدنے کے لئے نوٹوں کے بریف کیس میرے سامنے لائے گئے لیکن میں نے اپنا سودا نہیں کیا ۔ میں 30سالوںسے جلاوطن ہوںلیکن میرے قدم نہیں ڈگمگائے، میں خوف اور مصلحت کاشکارنہیں ہوا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ یاد رکھئے کہ دنیامیں کسی بھی تحریک کا بانی اورجونظریہ دینے والا ہوتاہے اللہ تعالیٰ اسے سوچ وفکرکے ساتھ ساتھ صبر اور اپنے نظریہ پر قائم رہنے کی طاقت بھی دیدیتا ہے، وہ زہرکا پیالہ توپی لیتاہے لیکن اپنے نظریہ سے دستبردار نہیں ہوتا، وہ امام حسین کی طرح اپنا سر تو کٹالیتاہے لیکن یزیدی قوتوں کے آگے سرنہیں جھکاتا اور ظالم حکمرانوں کی اطاعت اوران کے حکم کے مطابق زندگی گزارنے کیلئے تیار نہیںہوتا۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ انقلابی تحریکوں میں شامل افراد کوجب تک کوئی مقام نہیں ملتاوہ صحیح رہتے ہیں لیکن جب انہیں کوئی مقام ملتا ہے توان سے نہیں سنبھلتااوران کے اندریہ سوچ پیداہونے لگتی ہے کہ میری ذات، میرانام، میرا خاندان…باقی قوم بھاڑ میںجائے۔ انہوں نے کہاکہ یادرکھئے کہ جواپنی قوم کانہیں ہوتاوہ کسی کا نہیں ہوسکتا۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ میں نے برسوں کی جدوجہد کے ذریعے مہاجرقوم کوایک طاقت بنادیا تھا لیکن اپناسوداکرنے والوںنے قوم کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا اوران کی موجودگی میں مہاجر بستیوں کو مسمار کیا گیا ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہمارے آباؤاجداد نے اسلام کے نام پر پاکستان بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی، اپنا گھربار، جائیدادیں، جاگیریں،اپنے بزرگوں کی یادگاریں اپناسب کچھ چھوڑکر پاکستان آئے لیکن پاکستان میں ہمارے بزرگوں کے ساتھ غیروں جیساسلوک کیا گیا ، مہاجروںکے ساتھ زندگی کے ہر شعبہ میں ناانصافیاں کی گئیں، جس کے باعث ہمارے بزرگ یہ سوچنے سمجھنے پر مجبورہوگئے کہ ہمیں پاکستان بنانے کی سزا دی گئی ہے ۔ ہم نے مہاجروں کے حقوق کے لئے جدوجہد شروع کی توہمیں ریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی گئی، ہمارے ہزاروں بے قصور نوجوانوں کو بیدردی سے شہیدکردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے سیاست میں جرنیل شاہی کی مداخلت اورمظالم کے خلاف آواز بلندکی تومیری تقریرپر پابندی عائد کردی گئی۔ آج پورے ملک یہ نعرے لگ رہے ہیں کہ '' یہ جودہشت گردی کے ، اس کے پیچھے وردی ہے ''۔ انہوں نے کہاکہ دوسری جماعتوں کے لوگوں نے آرمی چیف اورفوج کے جرنیلوںکوفحش مغلظات دیں لیکن کسی کے گھرکوسیل نہیں کیاگیا لیکن نائن زیرو سات برسوںسے غیرقانونی طورپرسیل ہے، ہمارے ساتھ دہرا سلوک کیاجارہاہے ، آخر ہمارا جرم کیاہے؟ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم انصاف چاہتے ہیں ، ہم کسی کاحق چھیننا نہیں چاہتے، ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے باعزت زندگی چاہتے ہیںجو ہمارا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے دعوت حلیم کے اہتمام پر مڈل ایسٹ کے کارکنوںکوخراج تحسین پیش کیا اوران سے کہاوہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اپنی قوم کی بقاء اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
٭٭٭٭٭