ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام لندن میں یوم شہدا کا اجتماع
تحریک کے شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی
قرآن خوانی میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان،سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، ایم کیوایم یوکے کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ، کارکنوں، خواتین ، بزرگوںاوربچوں کی شرکت
قرآن خوانی کے موقع پر ہال میں شہیدانقلاب ڈاکٹرعمران فاروق، شہیدوفا پروفیسرڈاکٹرحسن ظفر عارف ، قائدتحریک الطاف حسین کے بھائی ناصر حسین شہید ، بھتیجے عارف حسین شہیداور دیگرشہیدوں کی تصاویر بھی لگائی گئیں
لندن … 11 دسمبر 2022 ئ
ایم کیوایم کے یوم شہدا کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام گزشتہ روز لندن کے علاقے ایجویئر میں قرآن خوانی کی گئی ۔ ایجویئرکے واٹلنگ کمیونٹی سینٹر میں ہونے والی قرآن خوانی میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان،سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، ایم کیوایم یوکے کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ، کارکنوں، خواتین ، بزرگوںاوربچوں نے شرکت کی ۔ قرآن خوانی میں لندن کے مختلف چیپٹرز کے ساتھ ساتھ مانچسٹر، پورٹس متھ ، بیزل ڈن ، اور نوٹنگھم سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔
قرآن خوانی کے موقع پر ہال میں شہیدانقلاب ڈاکٹرعمران فاروق، شہیدوفا پروفیسرڈاکٹرحسن ظفر عارف ، ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین کے بڑے بھائی ناصر حسین شہید ، بھتیجے عارف حسین شہیداورتحریک کے دیگرشہیدوں کی تصاویر بھی لگائی گئی تھیں۔ قرآن خوانی کے بعد رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضانے یوم شہداکے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے شہیدوںکوزبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تحریک کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہیدہمارے ہیرو ہیںاورہم ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریںگے۔ بعد ازاں شہیدوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ، شہیدوںکے درجات کی بلندی ، تحریک کی کامیابی، قائدتحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمراورصحت وتندرستی کے لئے دعاکی گئی۔
٭٭٭٭٭