اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو شناختی کارڈ
جاری کرنے کی درخواست پر سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی
وفاق کی جانب سے ایم کیوایم کی درخواست ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا
درخواست کاناقابل سماعت ہونا الگ سوال ہے،پہلے یہ بتائیںکہ الطاف حسین کے قومی شناختی کارڈ کے بارے میں رپورٹ کہاں ہے؟ جسٹس محسن اخترکیانی
کیا الطاف حسین نے پاکستانی شہریت ترک کردی تھی؟ جسٹس محسن اختر کیانی
ایسا کوئی ریکارڈ نہیں ملا کہ انہوں نے شہریت ترک کی ہو۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل
شناختی کارڈ بلاک ہونے کے باوجود کسی اور شناخت پر ہائی کمیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں؟جج کاایم کیوایم کے وکیل سے سوال
جسٹس محسن اختر کیانی کا پٹیشنر کو آئندہ سماعت پر سول رائٹس کے حوالے
سے عدالت کی تیکنیکی معاونت کرنے کی ہدایت
اسلام آباد … 26اکتوبر 2022ئ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست پر سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت میں آج الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ جاری نہ کرنے کے معاملے پر ایم کیوایم کے سینئررکن مومن خان مومن کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے متحدہ قومی موومنٹ کی درخواست پر سماعت کی دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھایا تو جج نے اس پر جواب دیاکہ درخواست کانا قابل سماعت ہونا ایک سوال ہے جو باقی رہے گا، اگر وہ پاکستانی شہری ہی نہ ہوں تو پھر سوال ہی ختم ہو جائے گالیکن پہلے یہ بتائیں کہ الطاف حسین کے قومی شناختی کارڈ کے بارے میں رپورٹ کہاں ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کوبتایاکہ الطاف حسین کا شناختی کارڈ ایکسپائر ہو گیا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ایڈیشنل اٹارنی جنر ل سے استفسار کیا کہ کیا الطاف حسین نے پاکستانی شہریت ترک کردی تھی؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا ایسا کوئی ریکارڈ نہیں ملا کہ انہوں نے شہریت ترک کی ہو۔ تاہم انسداد دہشت گردی کی عدالت کے حکم پرالطاف حسین کا شناختی کارڈ بلاک کر دیاگیا ہے ۔جسٹس محسن اختر کیانی نے پھر سوال کیا کہ کیاتمام مفرور ملزمان یا اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے جاتے ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیاایسی کوئی پالیسی نہیں ہے لیکن کورٹ آرڈر پر ایسا کیا گیا ، انسداد دہشت گردی کی عدالت کا بانی ایم کیوایم کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا آرڈر اب بھی آن فیلڈ ہے ۔ جج نے استفسار کیاکہ جب اشتہاری ملزم خود درخواست نہیں دے رہا تو کیا کوئی اور اس کی جگہ درخواست دے سکتا ہے؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیاکہ یہ بھی نہیں پتہ کہ کس ایم کیو ایم نے درخواست دائر کی ؟ عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسارکیا کہ ایک اشتہاری ملزم پاکستان سے باہر ہے اور سرینڈر کرنا چاہتا ہے تو اس بارے میں قانون کیا کہتا ہے؟ سول رائٹس کی حد تک بتائیں کہ کوئی اشتہاری ہائی کمیشن سے رابطہ کرتا ہے تو کیا اس درخواست کو پراسیس کریں گے؟ عدالت نے ایم کیوایم کے وکیل سے استفسارکیاکہ آپ نے بتانا ہے کہ شناختی کارڈ بلاک ہونے کے باوجود کسی اور شناخت پر ہائی کمیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں؟ایم کیو ایم اگر رجسٹرڈ ہے تو اس متعلق دستاویز بھی ساتھ لگائیں ۔ اس پر ایم کیوایم کے وکیل نے کہاکہ ایم کیو ایم کے کراچی آفسز سیل ہیں، کچھ دستاویزات وہاں ہیں۔ اس پرجسٹس محسن اختر کیانی نے کہا اب تو وہاں پر گورنر آپ کا ہے۔ ایم کیوایم کے وکیل نے کہاکہ یہ گورنراس ایم کیوایم کے نہیں ہیں۔ایک ایم کیو ایم لندن اور ایک ایم کیو ایم پاکستان ہے ۔ عدالت نے پٹیشنر کو آئندہ سماعت پر سول رائٹس کے حوالے سے عدالت کی تیکنیکی معاونت کرنے کی ۔
ہدایت کی۔