سندھ ہائیکورٹ بانی ایم کیو ایم پر پابندی کے خاتمے سے متعلق سابق رکن سندھ اسمبلی نثار احمد کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے معاملے پر کل (منگل کو) سماعت کریگی۔
سندھ ہائیکورٹ میں سابق رکن سندھ اسمبلی نثار احمد پنہور نے بانی ایم کیو ایم پر پابندی ختم کرنے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔
سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ کیسوں کی فہرست کے مطابق درخواست پر سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس یوسف علی سعید کریں گے۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم ایک محب وطن پاکستانی ہیں، وہ ایک فلاحی تنظیم بھی چلاتے تھے، فلاحی تنظیم لاکھوں بیواؤں، یتیموں اور غریبوں کی مدد کرتی تھی۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پر پابندی آئین کے آرٹیکل 4، 17، 19 اور 25 کی خلاف ورزی ہے، پابندی ختم کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رابط کیا مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
نثار احمد پنہور کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کو ملک میں سیاسی اور فلاحی سرگرمیوں کی اجازات دی جائے، بانی ایم کیو ایم پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔
درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، وزارت قانون، وزارت اطلاعات اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
(نوٹ: اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے، اس سے قبل خبر میں غلطی سے پابندی کیخلاف درخواست کی سماعت لکھا گیا تھا)
link :
https://www.samaa.tv/news/40006472