ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن احمد امام طویل علالت کے باعث
لندن میں انتقال کرگئے(انا للہ وانا الہ راجعون)
بدنام زمانہ پولیس افسر ذیشان کاظمی نے احمد امام کو''چیرہ''جیسے تشددکا نشانہ بناکر معذورکردیاتھا
احمد امام قائد تحریک الطاف حسین سے والہانہ عقیدت ومحبت رکھتے تھے
احمد امام کے انتقال کی خبرسن کر رابطہ کمیٹی کے ارکان اور برطانیہ کے کارکنان اسپتال پہنچ گئے
ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن احمد امام طویل علالت کے باعث لندن میں انتقال کرگئے۔ان کے انتقال کی خبرسے قائد تحریک جناب الطاف حسین اور دنیا بھرمیں ان کے وفاپرست کارکنان گہرے دکھ اور افسوس میں مبتلا ہیں۔ تفصیلات کے مطابق احمد امام ایم کیوایم کے سرگرم کارکن تھے اور بانی وقائد تحریک جناب الطاف حسین سے والہانہ عقیدت ومحبت رکھتے تھے ۔ احمدامام کراچی کے علاقے ملیر سے تعلق رکھتے تھے ، انہیں1994ء میں جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا ، 1995ء میںقائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت پرانہیں ایم کیوایم کی جانب سے علاج ومعالجہ کیلئے برطانیہ بھیجاگیاجہاں ہارلے اسٹریٹ لندن کے مقامی اسپتال میں ان کی سرجری کی گئی اوروہ پانچ ماہ بعد صحت یاب ہوکر واپس پاکستان چلے گئے، کچھ عرصہ بعد سیکوریٹی ایجنسیوں کے اہلکاروںنے احمد امام کوایم کیوایم کے کارکن عارف قریشی سمیت دوبارہ گرفتارکرلیاتھا، پولیس کی حراست میں بدنام زمانہ پولیس افسر ذیشان کاظمی نے احمد امام کو''چیرہ'' اوردیگر وحشیانہ تشددکا نشانہ بنایاجس کے باعث احمدامام چلنے پھرنے اوراٹھنے بیٹھنے سے معذورہوگئے تھے۔2000ء میں احمد امام کو ایم کیوایم کی جانب سے دوبارہ علاج ومعالجہ کی غرض سے لندن بھیجاگیا جس کے بعدسے وہ برطانیہ میں مقیم تھے اورلندن میں ان کا علاج ومعالجہ جاری تھا۔ احمد امام اپنی معذوری اور شدید علالت کے باوجود تحریک کے ہرپروگرام میں نہ صرف باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے بلکہ ایم کیوایم برطانیہ یونٹ کے تحت ہونے والی وڈیوبریفنگ میں بھی شرکت کرتے تھے ۔دوماہ قبل احمد امام کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث لندن میں اپنی قیام گاہ پرقرنطینہ میں بھی رہے اورصحت یاب ہوگئے تھے تاہم عیدالفطر سے دوروز قبل ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث انہیں اسپتال میںداخل کرایاگیا۔ تقریباً دوہفتے قبل احمد امام کو شدید علالت کے باعث لندن کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج رکھا گیا جہاں ان کا علاج ومعالجہ جاری تھا اوروہ مسلسل غنودگی کی حالت میں تھے۔احمد امام کئی دن تک زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلارہے۔ ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور آج بروز بدھ کی شام اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ان کے انتقال کی خبرسن کر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر طارق جاوید ،اراکین رابطہ کمیٹی اور برطانیہ کے ذمہ داران وکارکنان مقامی اسپتال پہنچ گئے۔احمد امام نہ صرف ایم کیوایم کے سرگرم کارکن تھے بلکہ وہ معروف آرٹسٹ بھی تھے اورانہوں نے فلم، ٹیلی ویژن اوراسٹیج کے مختلف ڈراموں میں بھی کردار ادا کیا تھا۔ ایم کیوایم کے خلاف ریاستی مظالم بالخصوص 22، اگست2016ء کے بعد پاکستان اوربرطانیہ میں غداریوں کے باوجود احمد امام ثابت قدمی سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میںمہاجرقوم کے حقوق کی جدوجہد کرتے رہے اورآخری سانس تک جناب الطاف حسین کے وفادار رہے ۔ تحریک کے بہادر، ثابت قدم اوروفاپرست کارکن احمدامام کے انتقال سے قائد تحریک جناب الطاف حسین اور دنیابھرمیں مقیم وفاپرست کارکنان وعوام گہرے دکھ اورصدمے میں مبتلا ہیں۔
٭٭٭٭٭