ایم کیوایم کے کارکن آفتاب احمدشہید کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث رینجرز
کے افسران واہلکاروں کو سزادی جائے ۔طارق جاوید
آفتاب شہید کے اہل خانہ پانچ سال سے انصاف کے منتظرہیں، والدہ دنیا سے رخصت ہوگئیں
آخرملک میں انصاف کہاں ہے ؟ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں وڈیوبریفنگ سے خطاب
لندن … 3 مئی 2021ئ
ایم کیوایم کے کنوینر طارق جاوید نے مطالبہ کیاہے کہ ایم کیوایم کے کارکن آفتاب احمدشہید کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث رینجرز کے افسران واہلکاروںکوگرفتارکیاجائے ۔ آج انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ وڈیوبریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج آفتاب احمد شہید کی پانچویں برسی ہے جنہیں یکم مئی 2016 کو رینجرز نے گھر سے گرفتار کیااور دو روز تک اپنی حراست میں سفاکانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔جس کے نتیجے میں 3مئی 2016 کو وہ شہید ہوگئے۔ رینجرز نے اس کا سبب حرکت قلب بند ہونا قرار دیا تھا لیکن آفتاب احمد شہید کی تصاویر نے ان پر ہونے والے وحشیانہ تشدد کی ساری کہانی دنیاکے سامنے کھول کر رکھ دی ۔انہوں نے کہاکہ آفتاب احمد کے پیروں میں کیلیں ٹھونکی گئیں، بجلی کے جھٹکے دیے گئے اوران پر طرح طرح سے تشدد کیا گیا۔ بعد میں اس وقت کے ڈی رینجرز جنرل بلال اکبر نے ان پر کئے گئے تشدد کا اعتراف کیا۔ اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس کی انکوائری کا حکم دیا تھالیکن آج تک اس ماورائے عدالت قتل کے ذمہ داروں کو سزا نہیں دی گئی۔ان کی والدہ انصاف کاانتظارکرتے کرتے اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ انہوں نے کہاکہ آخرملک میں انصاف کہاں ہے ؟ انہوں نے مطالبہ کیاکہ آفتاب احمدشہید کے ماورائے عدالت قتل میںملوث رینجرز کے افسران واہلکاروں کوسخت سے سخت سزا دی جائے ۔ انہوں نے قائدتحریک جناب الطاف حسین، رابطہ کمیٹی اورتمام کارکنوںکی جانب سے آفتاب احمدشہید کوخراج عقیدت پیش کیااوران کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ آفتاب احمدشہید کی مغفرت فرمائے اوران کے اہل خانہ کوصبرجمیل عطافرمائے۔
٭٭٭٭٭