اسٹیبلشمنٹ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی پابندیوں کی زدمیں ہے۔طارق جاوید
اگرپاکستان کو پابندیوںسے بچاناہے توقائدتحریک الطاف حسین پر عائد کی جانے والی غیرآئینی وغیرقانونی پابندیوں کوفی الفورختم کیاجائے
نائن زیروکوکھولاجائے اورایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پرسے پابندی اٹھائی جائے
این اے249 کے ضمنی انتخاب کے 21فیصد ٹرن آؤٹ نے دنیا پر واضح کردیاکہ ایم کیوایم کااصل ووٹ بینک آج بھی الطاف بھائی کے ساتھ ہے۔قاسم علی رضا
پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اب پوری دنیاپر آشکارہورہی ہے۔ مصطفےٰ عزیزآبادی
امریکہ کے وزیرخارجہ اینتھونی بلنکن نے خود کہاہے کہ پاکستان میں صحافیوںاورسول سوسائٹی کوسیکوریٹی فورسز کی جانب سے خطرات اورجبری گمشدگیوںکاسامناہے
قائدتحریک الطاف حسین کی سیاست محروم عوام ، غریبوں اورناداروںکی خدمت ہے ۔ ارشدحسین
ایم کیوایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں وڈیو بریفنگ سے خطاب
لندن … 3 مئی 2021ئ
ایم کیوایم کے کنوینر طارق جاوید نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی غلط پالیسیوں اورغلط اقدامات کی وجہ سے پاکستان آج عالمی سطح پر پابندیوں کی زدمیں ہے۔ اگرپاکستان کو عائد کی جانے والی پابندیوںسے بچاناہے توقائدتحریک الطاف حسین پر عائد کی جانے والی غیرآئینی وغیرقانونی پابندیوں کوفی الفورختم کیاجائے ،ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروکوکھولاجائے اورایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوںپرسے پابندی اٹھائی جائے ۔ انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں وڈیو بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان قاسم علی رضا، مصطفےٰ عزیزآبادی اور ارشد حسین نے بھی اظہارخیال کیا۔
طارق جاوید نے کہاکہ ایم کیوایم کوتباہ وبرباد کرنے کی کوشش میں فوج اوراس کی اسٹیلشمنٹ نے اپنے آپ کوتباہ وبرباد کرلیا ہے، اس کی غلط پالیسیوںکی وجہ سے آج پاکستان وینٹی لیٹر پرہے ، اس پر عالمی سطح پر پابندیاںلگائی جارہی ہیں۔کالعدم اور جہادی تنظیموں کی سرپرستی اوردہشت گردوں کی مالی معاونت اورسرپرستی کی وجہ سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے اوربلیک لسٹ میں جانے کے خطرات سرپر منڈلارہے ہیں۔برطانیہ نے دہشت گردی اورمنی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت پاکستان کوہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کرلیاہے جس کے تحت برطانیہ نے پاکستان میں مالی ترسیلات بھیجنے پر پابندیاں عائدکرناشروع کردی ہیں۔طارق جاوید نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دلدل میں دھنستاجارہاہے اوراس پر طرفہ تماشہ یہ ہے کہ پاکستان کے حکمرانوںکواس بات کی کوئی پرواہ بھی نہیں ہے۔ تمام ترحقائق کے باوجود موجودہ حکومت پاکستان عوام کوبیوقوف بنانے کیلئے یہ دعوے کررہی ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے پاکستان کوجی ایس پی پلس کادرجہ واپس لینے کی قرارداد کی منظوری بھی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں کانتیجہ ہے اورآج ساری دنیاپاکستان کے گردگھیراتنگ کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرپاکستان کوبین الاقوامی پابندیوںسے بچاناہے توقائدتحریک الطاف حسین پر عائد کی جانے والی غیرآئینی وغیرقانونی پابندیوں کوفی الفورختم کیاجائے ،ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کو کھولا جائے اورایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوںپرسے پابندی اٹھائی جائے ۔طارق جاوید نے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ NA-249 پر ہونے والے ضمنی انتخابات کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے عوام نے اس ضمنی انتخاب سے لاتعلق ہوکراسے مستردکردیاہے اورثابت کردیاہے کہ وہ آج بھی قائدتحریک الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے ایم کیوایم کے مرکزی سوشل میڈیاکی جانب سے چلائے جانے والے ہیش ٹیگ پر سوشل میڈیاکے ساتھیوںکوشاباش پیش کی ۔
رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضانے وڈیوبریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ بات افسوسنا ک ہے کہ حالیہ ضمنی انتخاب میں ایک کالعدم جماعت نے بھی حصہ لیاجبکہ ایم کیوایم جوایک قانونی جماعت ہے اس پر تمام سیاسی سرگرمیوںپر پابندیاں عائد ہیں اوروہ یوم شہدا پر فاتحہ خوانی کرنے تک کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ این اے249 کے ضمنی انتخاب کے 21فیصد ٹرن آؤٹ نے دنیا پر واضح کردیاکہ ایم کیوایم کااصل ووٹ بینک آج بھی الطاف بھائی کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ اتنے کم ٹرن آؤٹ پر تواس ضمنی انتخاب کوکالعدم قراردیناچاہیے۔ قاسم علی رضا نے کہاکہ گزشتہ کئی سالوں سے ایم کیوایم کوختم کرنے اورقائدتحریک الطاف حسین کی محبت کوعوام کے دلوںسے نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ساری کوششیں ناکام ہوئیں اوربلدیہ ٹاؤن کے عوام نے 23 اگست 2016کوقائدتحریک الطاف حسین سے لاتعلقی اختیارکرنے والوں سے لاتعلق اختیارکرلی اور دنیاکوبتادیاکہ وہ صرف قائدتحریک الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔
رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے وڈیوبریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں انسانی حقوق کی جو صورتحال ہے وہ پوری دنیاپر آشکارہورہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ کے وزیرخارجہ اینتھونی بلنکن ( Anthony Blinken )نے ایک ورچویل کانفرنس سے خطاب کرتے خود کہا کہ پاکستان میں صحافیوںاورسول سوسائٹی پر ا ظہاررائے پر پابندی ہے ،صحافیوںاور ان کے گھروالوںکوسیکوریٹی فورسز کی جانب سے خطرات اورجبری گمشدگیوںکاسامناہے۔
مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ہماری آوازکودبایاجارہاہے اوردنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن جھوٹ ایک دن آشکارہوہی جاتاہے۔ کیونکہ جھوٹ بولنے والوںپر اللہ تعالیٰ نے خود قرآن مجید میںلعنت بھیجی ہے ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ 5برسوںسے ایم کیوایم کے مرکزپرغیرقانونی طورپرتالہ لگایا گیا ہے ۔ ایم کیوایم کے ہزاروںکارکنوںکوماورائے عدالت قتل کیاگیا۔ ہزاروں کارکن آج بھی جیلوںمیں جھوٹے مقدمات میں قید ہیں، ہزاروںلاپتہ ہیں ہیں۔ فوج اوراس کی ایجنسیوں کی جانب سے صحافیوںکے اغوااورتشدد کی کارروائیاںکی جارہی ہیں، ان مظالم کے خلاف ہماری آواز کودبایاگیالیکن آج فوج اوراس کے سارے اداروں کاجھوٹ دنیا کے سامنے آشکارہورہاہے اوردنیا خود کہہ رہی ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں، عوام اورسیاسی جماعتوںکو ظلم کانشانہ بنانے پرفوج، رینجرز اوراس کے اداروںکودنیاکے سامنے جواب دیناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ
امریکی وزیرخارجہ نے جن خیالات کااظہارکیاہے اس پر پاکستان کے تمام صحافیوں، دانشوروںاورعوام کوچاہیے کہ وہ اس
آمریت کے خلاف میدان عمل میں آئیںکیونکہ حدیث مبارکہ بھی یہی ہے کہ ظالم حکمرانوںکے خلاف کلمہ حق سب سے بڑاجہادہے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن ارشدحسین نے قائدتحریک الطاف حسین کی ہدایت پر کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات پر روشنی ڈالی اورکہاکہ قائدتحریک الطاف حسین کی سیاست محروم عوام ، غریبوں اورناداروںکی خدمت ہے ۔
٭٭٭٭٭